جین ایڈمز(Jane Addams)ایک امریکی مصلح، سماجی کارکن، ماہر سماجیات، پبلک ایڈمنسٹریٹر، فلسفی اور مصنفہ تھیں۔وہ امریکہ میں سماجی کام اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی اہم لیڈر تھیں۔
EPAPER
Updated: July 20, 2023, 5:08 PM IST | Mumbai
جین ایڈمز(Jane Addams)ایک امریکی مصلح، سماجی کارکن، ماہر سماجیات، پبلک ایڈمنسٹریٹر، فلسفی اور مصنفہ تھیں۔وہ امریکہ میں سماجی کام اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی اہم لیڈر تھیں۔
جین ایڈمز ایک امریکی مصلح، سماجی کارکن، ماہر سماجیات، پبلک ایڈمنسٹریٹر، فلسفی اور مصنفہ تھیں۔وہ امریکہ میں سماجی کام اور خواتین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی اہم لیڈر تھیں۔ ایڈمز نے شکاگو کے ہل ہاؤس کی مشترکہ بنیاد رکھی، جو امریکہ کے سب سے مشہور سیٹلمنٹ ہاؤسیز میں سے ایک ہےجس کا کام غریب اور تارکین وطن خاندانوں کو وسیع سماجی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس کے علاوہ وہ۱۹۳۱ء میں امن کا نوبیل انعام پانے والی پہلی امریکی خاتون تھیں۔
جین ایڈمز کی پیدائش ۶؍ ستمبر ۱۸۶۰ء کو سیڈر ویل، الینوائے،امریکہ میں ہوئی تھی۔وہ اپنے ۸؍ بھائی بہنوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ ماں، سارہ ایڈمز کے انتقال کے بعد جین ایڈمز کی پرورش اور دیکھ بھال ان کی بڑی بہنیں کرتی تھیں۔ جب وہ صرف ۸؍ سال کی تھیں تب ان کے ۴؍ بھائی بہن فوت ہوچکےتھے۔اپنے بچپن کے دوران، ایڈمز نے دنیا کیلئے کچھ بہتر کرنے کے خواب دیکھے۔چارلس ڈکنز کی کتابیں پڑھنے کے بعد ان کا رجحان غریبوں کی مدد کی جانب بڑھنے لگا۔جین نے غریبوں کی مدد کرنے کیلئے ڈاکٹر بننے کا فیصلہ کیا ۔
جین ایڈمز نے ۱۸۸۱ء میں الینوائے میں راک فورڈ فیمیل سیمینری سے گریجویشن مکمل کیا اور اگلے سال جب یہ ادارہ راک فورڈ کالج بن گیا توانہیں ڈگری دی گئی۔اس کے بعد ایڈمزاپنی بہن ،ان کے شوہر اور اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ فلاڈیلفیا چلی گئیں تاکہ وہا ںطبی تعلیم حاصل کرسکیں مگر خرابیٔ صحت کی وجہ سے انہیں اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنی پڑی۔جین ایڈمز جون ۱۸۸۷ء میں اپنے گھر لوٹ آئیں۔
ایڈمز نے پورے ملک میں سماجی موضوعات پراپنے عوامی لیکچرز کو جاری رکھا۔اس کے علاوہ انہوں نے کالج کیمپس میں بھی کئی لیکچرز لئے۔شکاگو یونیورسٹی نے انہیں فیکلٹی کا حصہ بنانا چاہامگر جین ایڈمز نے انکار کردیا ۔وہ چاہتی تھیں کہ ان کی سیاسی سرگرمی پر کسی یونیورسٹی کا کنٹرول نہ ہواور وہ ہر کام کرنے کیلئے آزاد رہیں۔جنوری ۱۹۱۵ءمیں وہ’ ویمز پیس پارٹی‘ میں شامل ہوئیں اور قومی چیئرمین منتخب ہوئیں۔
جین ایڈمز امن کی وکیل اورامریکہ میںسماجی کام کے پیشے کی بانی کے طور پر پہچانی جاتی ہیں۔اس کے علاوہ وہ امریکہ کی پہلی خاتون ’پبلک فلاسفر‘ تھیں۔ ترقی پسند دور میں، جب تھیوڈور روزویلٹ اور ووڈرو ولسن جیسے صدور نے خود کو مصلح اور سماجی کارکن کے طور پر متعارف کرایا ، ایڈمزان میں نمایاں اصلاح کاروں میں سے ایک تھیں۔انہوں نے امریکہ کی سماجی و سیاسی معاملات میںنمایاں خدمات انجام دیں۔جین ایڈمز نے’بچوں کی ضروریات، مقامی صحت عامہ اور عالمی امن‘ پر خاص توجہ مرکوز کی ۔
جین ایڈمز کی کتابوں میں’ ڈیموکریسی اینڈ سوشل ایتھکس‘ (۱۹۰۲ء)، ’نیویر آئیڈیلز آف پیس ‘ (۱۹۰۷ء) اور’ ٹوئنٹی ایئرز ایٹ ہل ہاؤس‘(۱۹۱۰ء) قابل ذکر ہیں۔۳۱؍ مئی ۱۹۳۵ء کوجب جین ایڈمز کا انتقال ہوا تو وہ امریکہ میں سب سے مشہور عوامی شخصیت تھیں۔
(وکی پیڈیا اور برٹانیکا ڈاٹ کام)