• Fri, 06 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لارڈ بائرن مشہور برطانوی شاعر اور ڈراما نگار تھے

Updated: November 06, 2026, 7:19 PM IST | Mumbai

Lord Byronکےنزدیک ادب محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ سماجی شعور بیدار کرنے کا ایک مؤثر وسیلہ بھی تھا۔

Lord Byron tried his hand at various genres, including poetry and drama. Image: INN
لارڈ بائرن نے شاعری اور ڈرامےسمیت مختلف اصناف میں طبع آزمائی کی۔ تصویر: آئی این این

لارڈ بائرن انگریزی ادب کے عظیم شاعروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ رومانوی تحریک کے اہم ترین نمائندوں میں سے ایک تھے۔ ان کی شاعری میں محبت، آزادی، بغاوت، انسانی جذبات، فطرت، تنہائی اور سماجی ناانصافی جیسے موضوعات نمایاں ہیں۔ ان کا شمار ان ادیبوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنے عہد کے ادب کو متاثر کیا بلکہ یورپ کی سیاسی، سماجی اور فکری تحریکوں پر بھی گہرے اثرات مرتب کئے۔ وہ اپنی غیر معمولی شخصیت، آزاد خیالی اور یونان کی آزادی کیلئے عملی جدوجہد کے سبب بھی مشہور ہیں۔ 
پیدائش، تعلیم اور ابتدائی ادبی دلچسپی
لارڈ بائرن کا اصل نام جارج گورڈن بائرن تھا۔ وہ۲۲؍ جنوری۱۷۸۸ء کو لندن، انگلینڈ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد جان بائرن برطانوی فوج کے ایک افسر تھے، جب کہ والدہ کیتھرین گورڈن کا تعلق اسکاٹ لینڈ کے ایک معزز خاندان سے تھا۔ والد کے انتقال کے بعدان کی پرورش والدہ نے کی۔ بائرن نے ابتدائی تعلیم مختلف اداروں میں حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے انگلینڈ کے مشہور تعلیمی ادارے ہیرو اسکول (Harrow School) میں تعلیم حاصل کی جہاں انہیں ادب، تاریخ اور شاعری سے خاص دلچسپی پیدا ہوئی۔ وہ مطالعے کے شوقین تھے اور کم عمری ہی سے اشعار لکھنے لگے تھے۔ ۱۸۰۵ء میں انہوں نے ٹرینیٹی کالج میں داخلہ لیا اور۱۸۰۸ء میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ لارڈ بائرن کی پہلی شعری تصنیف۱۸۰۷ء میں ’ Hours of Idleness‘ کے نام سے شائع ہوئی۔ اس مجموعے میں ان کی ابتدائی نظمیں شامل تھیں۔ ۱۸۰۹ءمیں انہوں نے’انگلش بارڈز اینڈ اسکاچ ریویورز‘ کے نام سے ایک طنزیہ نظم شائع کی جس میں انہوں نے معاصر شعرا اور ادبی ناقدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھئے: ایڈورڈ موئبریج: برطانوی فوٹوگرافر، موجد اور محقق

ادبی شہرت
۱۸۱۲ء میں ان کی مشہور تصنیف’چائلڈ ہیرلڈز پلگرمیج‘ کے ابتدائی دو حصے شائع ہوئے۔ اس نظم کو مقبولیت حاصل ہوئی اور بائرن راتوں رات مشہور ہوگئے۔ اس میں انسان کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ 
بائرونک ہیرو کا تصور
لارڈ بائرن کی ادبی خدمات میں سب سے اہم کارناموں میں سے ایک بائرونک ہیرو (Byronic Hero) کا تصور ہے۔ اس سے مراد ایسا ادبی کردار ہے جو خوددار، باغی، پراسرار، جذباتی اور معاشرتی پابندیوں سے آزاد ہوتا ہے۔ وہ اکثر ماضی کے کسی دکھ، جرم یا ناکامی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہوتا ہے اور اپنی زندگی میں تنہائی اور داخلی کشمکش کا سامنا کرتا ہے۔ بائرن نے اپنی نظموں میں ایسے کردار تخلیق کئے جنہوں نے بعد کے ناول نگاروں، شاعروں اور ڈراما نویسوں کو بہت متاثر کیا۔ آج بھی انگریزی ادب میں بائرونک ہیرو کو ایک اہم ادبی تصور سمجھا جاتا ہے۔ 
آخری ایام اوروفات
لارڈ بائرن یونان میں آزادی کی تحریک کے دوران شدید بیمار ہوگئے۔ انہیں بخار اور جوڑوں میں درد کی شکایت ہوئی۔ بالآخر۱۹؍اپریل۱۸۲۴ء کو محض ۳۶؍سال کی عمرمیں ان کا انتقال ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK