لائم رجیس، انگلینڈ میں میری ایننگ کو ’ملکہ‘ اور ’ہیروئن‘ جیسے القاب سے یاد کیا جاتا ہے، ان کی دریافتیں کئی لحاظ سے سود مند ثابت ہوئیں۔
EPAPER
Updated: July 06, 2024, 4:27 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
لائم رجیس، انگلینڈ میں میری ایننگ کو ’ملکہ‘ اور ’ہیروئن‘ جیسے القاب سے یاد کیا جاتا ہے، ان کی دریافتیں کئی لحاظ سے سود مند ثابت ہوئیں۔
میری ایننگ (Mary Anning) ایک انگریز فوسل کلکٹر، تاجر اور قدیم حیاتیات داں تھیں جنہوں نے جوراسک (فرانس کا پہاڑ جُورا) کے سمندر سے آبی فوسل دریافت کئے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں انگلش چینل (رُودبار انگلستان) اور لائم رجیس کے درمیان پائی جانے والی چٹانوں سے کئی قدیم فوسل دریافت کئے تھے۔ آج کے ماہرین اور سائنسداں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ میری ایننگ کی دریافتیں انسانی ارتقاء، انسانی اور زمین کی تاریخ کے متعلق سائنسی نظریوں میں تبدیلیوں کی اہم وجہ بنیں۔
میری ایننگ انگلینڈ کے قصبہ لائم رجیس میں ۲۱؍ مئی ۱۷۹۹ء کو پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والد رچرڈ ایننگ بڑھئی تھے۔ علاوہ ازیں، لائم رجیس کی چٹانوں پر فوسل بھی تلاش کرتے تھے۔ وہ اپنی بنائی ہوئی چیزیں اور دریافتیں سیاحوں کو فروخت کرتے تھے۔
میری کی ماں جن کا نام میری مورے (مولی) تھا، ایک گھریلو خاتون تھیں جو روزمرہ کے کاموں میں اپنے شوہر کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔ میری اوررچرڈ کی مجموعی طور پر ۱۰؍ اولادیں ہوئیں لیکن سبھی کم عمری میں فوت ہوگئیں۔ صرف میری ایننگ اور ان کا بھائی جوزف ہی سن بلوغت تک پہنچے۔
میری ان غریب خوش قسمت بچوں میں سے تھیں جنہیں اسکولی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملا تھا۔ معاشی کمزوری اور سماجی بھید بھاؤ کے سبب اس زمانے میں غرباء تعلیم حاصل کرنے کی حیثیت نہیں رکھتے تھے۔ میری ہر اتوار کو اسکول جاتی تھیں۔ وہ بلا کی ذہین تھیں۔ انہوں نے اپنے اساتذہ کی نگرانی میں ۲؍ ایسے مضامین لکھے تھے جنہیں اس وقت کے میگزین میں شائع کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک مذہبی (خدا نے ۶؍ دن میں دنیا کیسے بنائی؟) اور دوسرا زمینی ارتقاء (سائنسی نقطہ نظر) کے متعلق تھا۔
۱۸؍ ویں صدی کے اواخر تک لائم رجیس لوگوں کیلئے ایک تجربہ گاہ بن گیا تھا۔ یہاں کی چٹانوں میں آبی حیاتیات کے فوسل اکٹھا کرنے کیلئے دور دور سے سائنسداں اور ماہرین آتے تھے۔ چونکہ میری کے والد بھی یہ کام کرتے تھے، اس لئے وہ اپنے ساتھ میری اور جوزف کو بھی فوسل جمع کرنے کیلئے لے جاتے تھے۔ جب میری ۱۲؍ سال کی تھی تب جوزف نے ۴؍ فٹ گہرا گڑھا کھود کر ’’آئی تھایوسوریہ‘‘ نامی مچھلی کی کھوپڑی دریافت کی تھی۔ چند دنوں بعد میری نے پوری مچھلی کا ڈھانچہ زمین سے برآمد کیا۔ میری یہ ڈھانچہ بالکل صحیح سلامت نکالا تھا۔ یہ میری کی پہلی دریافت تھی۔ اس کے بعد اس کام میں میری کی دلچسپی بڑھتی گئی اور انہوں نے اسے بطور پیشہ اپنا لیا۔ میری نے اپنی زندگی میں درجنوں فوسل دریافت کئے جن میں سے کئی سیکڑوں سال پرانے تھے۔ اپنی دریافتوں پر انہوں نے کئی مضامین بھی لکھے۔
میری ایننگ کا انتقال ۹؍ مارچ ۱۸۴۷ء کو ۴۷؍ سال کی عمر میں ہوا اور انہیں لائم رجیس کے سینٹ مائیکل چرچ کے قبرستان میں دفن کیا گیا۔ ان کی زندگی پر کئی ادباء نے کتابیں لکھیں اور سبھی نے انہیں لائم رجیس کی ہیروئن اور ملکہ قرار دیا۔ لائم رجیس میں میری ایننگ کا مجسمہ بھی ہے۔