Updated: December 29, 2025, 9:51 PM IST
| Mumbai
’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘نے شاندار آغاز کے ساتھ باکس آفس پر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ۱۰؍ دنوں میں ۷۵۰؍ ملین ڈالر کی کمائی اور اوتار ٹرائیلوجی کا مجموعی بزنس ۶؍ بلین ڈالر تک پہنچ جانا جیمز کیمرون کی عالمی مقبولیت اور فلمی وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اگر فلم نے آئندہ ہفتوں میں اپنی رفتار برقرار رکھی تو جیمز کیمرون نہ صرف اپنے ہی ریکارڈ توڑیں گے بلکہ سنیما کی تاریخ میں ایک ناقابلِ شکست مقام بھی حاصل کر لیں گے۔
اوتار: فائر اینڈایش ۔ تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کے شہرۂ آفاق فلمساز جیمز کیمرون کی تازہ ترین فلم ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘نے ریلیز کے صرف ۱۰؍ دنوں میں عالمی سطح پر ۷۵۰؍ ملین ڈالر سے زائد کا بزنس کر کے باکس آفس پر زبردست دھوم مچا دی ہے۔ اسی کے ساتھ اوتار فلم سیریز نے مجموعی طور پر ۶؍ بلین ڈالر سے زیادہ کمائی کر کے فلمی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹرائیلوجی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ ۲۰۰۹ء میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم ’’اوتار‘‘ نے دنیا بھر میں ۹ء۲؍ بلین ڈالر کمائے تھے جبکہ اس کے سیکوئل ’’اوتار: دی واے آف واٹر‘‘ نے عالمی باکس آفس پر ۳ء۲؍ بلین ڈالر سے زائد کی کمائی کی۔ اب ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ بھی اسی راہ پر گامزن ہے اور ماہرین کے مطابق یہ فلم نہ صرف ایک بلین ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے کے قریب ہے بلکہ اس کی مجموعی کمائی کم از کم ۶ء۱؍ بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اوتار‘‘ اور ’’دھرندھر‘‘ کے آگے کارتک آرین کی نئی فلم ڈھیر
۶؍ بلین ڈالر کے ساتھ تاریخ کی سب سے بڑی ٹرائیلوجی
’’اوتار‘‘ سیریز نے مجموعی طور پر ۶؍ بلین ڈالر کی کمائی کر کے کئی مشہور فرنچائزز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹرائیلوجیز کی فہرست کچھ یوں ہے:
(۱) اوتار: ۶؍ بلین ڈالر
(۲) اسٹار وارز اوریجنل: ۴۸ء۴؍ بلین ڈالر
(۳) جراسک ورلڈ: ۹۸ء۳؍ بلین ڈالر
(۴) اسپائیڈر مین (ہوم): ۹۳ء۳؍ بلین ڈالر
(۵) دی لارڈ آف دی رنگز: ۹۶ء۲؍ بلین ڈالر
(۶) دی ہوبٹ: ۹۳ء۲؍ بلین ڈالر
(۷) ڈیڈ پول: ۹۰ء۲؍ بلین ڈالر
(۸) اسٹار وارز پریکویل: ۶۰ء۲؍ بلین ڈالر
(۹) اسپائیڈر مین (اوریجنل): ۴۸ء۲؍ بلین ڈالر
(۱۰) دی ڈارک نائٹ: ۴۷ء۲؍ بلین ڈالر
یہ بھی پڑھئے: ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کی عالمی سطح پر ۴۵۰؍ ملین ڈالر کی کمائی
جیمز کیمرون: تاریخ کے واحد فلمساز
’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘ کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی جیمز کیمرون ایک اور تاریخی سنگِ میل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ یہ فلم اپنے تیسرے ویک اینڈ تک ایک بلین ڈالر کی کمائی کے راستے پر ہے، جس کے بعد جیمز کیمرون دنیا کے واحد ہدای کار بن جائیں گے جن کی مسلسل چار فلمیں عالمی باکس آفس پر ایک بلین ڈالر سے زائد کمائی کر چکی ہوں گی۔یہ چار فلمیں ہیں: ٹائی ٹینک (۱۹۹۷ء)، اوتار (۲۰۰۹ء)، اوتار: دی وے آف واٹر (۲۰۲۲ء)، اور ، اوتار: فائر اینڈ ایش (۲۰۲۵ء)۔
مزید برآں، اگر ’’اوتار: فائر اینڈ ایش‘‘عالمی سطح پر ۲؍ بلین ڈالر کا ہندسہ عبور کر لیتی ہے، تو جیمز کیمرون وہ واحد فلمساز ہوں گے جن کی مسلسل چار فلمیں ۲؍ بلین ڈالر سے زیادہ کمائی کرنے میں کامیاب ہوں گی، ایک ایسا ریکارڈ جو فلمی تاریخ میں اب تک کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔