Updated: December 29, 2025, 9:00 PM IST
| Mumbai
دھرو راٹھی کی ’’جعلی خوبصورتی‘‘ (فیک بیوٹی) ویڈیو کے تھمب نیل پر شروع ہونے والا تنازع سوشل میڈیا قیاس آرائیوں کا نتیجہ نکلا۔ راٹھی نے وضاحتی ویڈیو میں واضح کیا کہ ان کے مواد کا جھانوی کپور کی بنگلہ دیشی ہندوؤں سے متعلق پوسٹ سے کوئی تعلق نہیں اور ویڈیو محض کاسمیٹک سرجری کے سماجی اثرات پر مبنی ہے۔ جھانوی کپور کی جانب سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
دھرو راٹھی اور جھانوی کپور۔ تصویر: آئی این این
یوٹیوب پر ایک تھمب نیل نے سوشل میڈیا پر شدید بحث چھیڑ دی ہے۔ معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کے ویڈیو ’’جعلی خوبصورتی‘‘ (فیک بیوٹی) کے تھمب نیل میں اداکارہ جھانوی کپور کی مبینہ پہلے اور بعد کی تصاویر استعمال ہونے کے بعد آن لائن ردِعمل تیزی سے بڑھ گیا۔ بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو جھانوی کپور کی جانب سے بنگلہ دیشی ہندوؤں کی حمایت میں کی گئی حالیہ پوسٹ کا جواب ہے، جس کے بعد قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا۔ اس دعوے کے وائرل ہونے پر دھرو راٹھی نے ایک الگ وضاحتی ویڈیو جاری کی اور ان الزامات کو ’’گمراہ کن بیانیہ‘‘ قرار دیتے ہوئے دوٹوک انداز میں مسترد کر دیا۔
الزام کہاں سے شروع ہوا؟
راٹھی نے اپنے وضاحتی ویڈیو کا آغاز ایک وائرل سوشل میڈیا پوسٹ پڑھ کر کیا، جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’’ہندو جاگو۔ جھانوی کپور نے بنگلہ دیشی ہندوؤں کیلئے پوسٹ کیا اور دھرو راٹھی نے اس کی خوبصورتی پر سوال اٹھاتے ہوئے ویڈیو بنا دیا۔‘‘ یہ الزام مختلف پلیٹ فارمز پر پھیل گیا، جہاں کئی صارفین نے صرف وقت اور تھمب نیل کی بنیاد پر نیت کا اندازہ لگا لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کا لیک ٹیزر، ایم سی یو میں ’’ایکس مین‘‘ کی انٹری
دھرو راٹھی کا جواب: سوچیں، بغیر دلیل یقین نہ کریں
شدید ردِعمل کے بیچ، دھرو راٹھی نے سوال اٹھایا کہ لوگ بغیر کسی بنیادی دلیل کے وائرل پوسٹس پر کیوں یقین کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر جھانوی کپور کی بنگلہ دیشی ہندوؤں کے حوالے سے پوسٹ ہی وجہ ہوتی، تو اسی دن ویڈیو آنا منطقی طور پر ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ بالواسطہ تنقید کے قائل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’جو کہنا ہوتا ہے، سامنے کہتا ہوں۔ میں کسی بالی ووڈ سیلیبریٹی سے نہیں ڈرتا۔‘‘ راٹھی کے مطابق، انہوں نے خود بھی بنگلہ دیشی ہندوؤں کے معاملے پر پہلے مواد بنایا ہے، اس لئے اس موضوع پر جھانوی پر تنقید کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان ایک بہترین والد ہیں: شرمیلا ٹیگور کا بیٹے کے متعلق بیان
’’جعلی خوبصورتی‘‘ ویڈیو اصل میں کس بارے میں ہے؟
راٹھی نے وضاحت کی کہ ’’جعلی خوبصورتی‘‘ ویڈیو کا جھانوی کپور کی کسی سیاسی یا سماجی پوسٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ ویڈیو کا مرکزی موضوع کاسمیٹک سرجری اور اس کے سماجی اثرات ہیں، خاص طور پر نوجوانوں اور معاشرتی خوبصورتی کے معیار پر پڑنے والا دباؤ۔ انہوں نے کہا کہ جھانوی کپور کی تصویر محض ایک مثال کے طور پر استعمال کی گئی کیونکہ وہ بالی ووڈ کی اُن چند اداکاراؤں میں شامل ہیں جنہوں نے کھلے عام کاسمیٹک طریقۂ کار سے گزرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ان کے بقول، ویڈیو میں نہ جھانوی سے سوال کیا گیا اور نہ ہی کسی فرد کو نشانہ بنایا گیا۔
جھانوی کپور کی خاموشی
ابھی تک جھانوی کپور نے اس تنازع یا دھرو راٹھی کی وضاحتی ویڈیو پر کوئی باضابطہ ردِعمل نہیں دیا۔ سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے، تاہم راٹھی کی وضاحت کے بعد بعض صارفین نے قیاس آرائیوں کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔