Inquilab Logo

مصنوعی روشنی کے گرد پتنگے چکر لگاتے ہیں، کیوں؟

Updated: February 16, 2024, 3:50 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

یہ ان کا اندرونی جی پی ایس یا میکنزم ہوتا ہے جو انہیں روشنی کے گرد چکرلگانے پر مجبور کر دیتا ہے۔

Moths and other insects circle around the light to orient themselves. Photo: INN
پتنگے اور دیگر کیڑے اپنی سمت کو درست رکھنے کیلئے روشنی کے گرد چکر لگاتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

شمع اور پروانے کے بارے میں متعدد اشعار اور کہانیاں آپ نے پڑھی ہوں گی بلکہ دیکھا بھی ہوگا کہ کس طرح پتنگے روشنی کے گرد دیوانوں کی طرح چکر لگاتے ہیں۔اب تو شمع جلانے کا رواج تقریباً معدوم ہوگیا ہے اور اس کی جگہ مصنوعی لائٹس نے لے لی ہیں۔ مگر پتنگےبلب کی روشنی کے گرد بھی گھومتے رہتے ہیں۔ پتنگوں کی تعداد زیادہ ہوجانے کی صورت میں بلب بند کردیا جاتا ہے۔ اس کا تجربہ آپ نے گھر یا دیگر جگہوں پربھی کیا ہوگا۔ مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ یہ پتنگے روشنی کے گرد کیوں گھومتے ہیں؟
 پتنگوں کا میکنزم ایسا کرنے پر مجبور کرتا ہے
 انگلینڈ کے امپریل کالج آف لندن کے ماہرین نے اس سوال کا جواب جاننے کیلئے جدید ترین ویڈیو گرافی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور یہ دریافت کیا کہ شمع اور پروانے کے عشق کی صدیوں پرانی باتیں افواہیں ہیں، حقیقت تو کچھ اور ہے۔درحقیقت پتنگے خود کو جگمگانے کے خواہشمند نہیں ہوتے بلکہ یہ ان کا اندرونی جی پی ایس یا میکنزم ہوتا ہے جو انہیں روشنی کے گرد چکرلگانے پر مجبور کر دیتا ہے۔
یہ روشنی ناہموار پرواز کا سبب بنتی ہے
  تیز اور مصنوعی روشنی ان کے اوپر نیچے ہونے کی حس کو گڑبڑا دیتی ہے۔کیڑے اپنی پرواز کی سمت کو اس حقیقت کو مدنظر رکھ کر طے کرتے ہیں کہ آسمان زمین سے کہیں زیادہ روشن ہوتا ہے۔ دراصل پتنگے مسلسل اپنی پرواز کی سمت کو درست کرتے رہتے ہیں اور جب انہیں روشنی کا کوئی ذریعہ نظر آتا ہے تو پتنگے اور دیگر کیڑے اپنی سمت کو درست رکھنے کیلئے اس کے گرد چکر لگاتے ہیںجس سے ہمیں ان کے روشنی کی جانب کھنچے چلے جانے کا احساس ہوتا ہے۔آسان الفاظ میں مصنوعی روشنی متعدد کیڑوں کی آسمان کی جانب پوزیشن برقرار رکھنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے اور وہ ہمارے بلب کے گرد پھنس کر رہ جاتے ہیں۔
دور قدیم میں بھی ایسی روایت ملتی ہے
 یہ بات عرصۂ دراز سے معلوم ہے کہ  مصنوعی روشنی پتنگوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے۔ تحریری ریکارڈز میں رومی سلطنت تک اس بات کے شواہد ملتے ہیں کہ اس دور میں روشنی کو استعمال کرتے ہوئے کیڑوں کو پکڑا جاتا تھا۔ تاہم، ایسا ہونے کی وجہ مبہم تھی۔
 ۳۷؍کروڑ برسوں سے کیڑے زمین پر اُڑتے پھر رہے ہیں، آسمان ،تقریباً ہمیشہ  ہی سے  زمین سے زیادہ روشن رہا ہے۔ مچھلیوں سمیت دیگر جانداروں کی طرح کیڑے بھی روشن خطے کو آسمان کے رخ کا اشارہ سمجھتے ہیں جس کا مطلب ’اوپر‘ کی سمت ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK