ہندوستان (India) کو ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو انگریزوں سے آزادی ملی اور اس وقت لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ہندوستان کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان اس سال اپنا ۷۹؍ واں یوم آزادی منا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: August 09, 2025, 4:40 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai
ہندوستان (India) کو ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو انگریزوں سے آزادی ملی اور اس وقت لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ہندوستان کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان اس سال اپنا ۷۹؍ واں یوم آزادی منا رہا ہے۔
ہندوستان (India) کو ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو انگریزوں سے آزادی ملی اور اس وقت لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے ہندوستان کی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ ہندوستان اس سال اپنا ۷۹؍ واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ یہ دن ہندوستانیوں کے لئے بہت اہم ہے اور سب مل کر اسے مناتے ہیں۔ یہاں آزادی کے متعلق چند اہم معلومات کے بارے میں بتایا گیا ہے:
یوم آزادی کیا ہے؟
یوم آزادی ہندوستان میں برطانوی راج کے خاتمے کی علامت ہے۔ ۱۵؍ اگست ۱۹۴۷ء کو ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی۔ یہ دن قومی تعطیل ہے، یعنی اسکول، دفاتر اور کاروبار بند ہوتے ہیں۔ یہ دن ملک کے ہر شہری کے لئے بہت خاص ہوتا ہے کیونکہ اس دن ہمارا ملک انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا تھا۔
آزادی کی جدوجہد
ہندوستان کی آزادی کی لڑائی ایک طویل اور مشکلوں سے بھرا سفر تھا۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والےبڑے بوڑھے سبھی نے اس تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ انہوں نے بہت سے چیلنجوں کا سامنا کیا لیکن آزاد ہندوستان کے خواب کو کبھی ترک نہیں کیا۔ ان کی ہمت اور عزم ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم آزاد ہندوستان میں سانس لے رہے ہیں۔
تحریک میں اہم شخصیات
مہاتما گاندھی: جنہیں ہم باپو کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کی عدم تشدد کی تحریک آزادی کی قیادت کی تھی۔ پرامن مزاحمت کے ان کے خیالات نے دنیا بھر کے لوگوں کو متاثر کیا تھا۔
جواہر لال نہرو: انہیں ہم چاچا نہرو کے نام سے جانتے ہیں۔ وہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم تھے۔ انہوں نے آزادی کے موقع پر Tryst with Destiny نامی مشہور تقریر کی تھی جسے ضرور پڑھنا چاہئے۔
مولانا ابوالکلام آزاد: انہیں آزاد ہندوستان کا پہلا وزیر تعلیم بنایا گیا تھا۔ انہوں نے جدوجہد آزادی سے لے کر قومی و ملی رہنمائی کے شعبے میں اپنی منفرد شناخت قائم کی تھی۔
سبھاش چندر بوس: نیتا جی کے نام سے مشہور، انہوں نے برطانوی راج کے خلاف لڑنے کے لئے انڈین نیشنل آرمی بنائی تھی۔
بھگت سنگھ: ایک نوجوان مجاہد آزادی جس نے اپنی بہادری اور قربانی سے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا تھا۔ وہ ایسا ہندوستان چاہتے تھے جس میں سب کو یکساں حق ملے۔
بیگم حضرت محل: جنگ آزادی میں پہلی سرگرم عمل خاتون رہنما کے نام سے مشہور ہیں۔ ۱۸۵۷ء-۱۸۵۸ء کی جنگ آزادی کے دوران ان کی ناقابل فراموش جدوجہد تاریخ کے صفحات میں سنہرے الفاظ میں درج ہے۔
یوم آزادی کیسے منایا جاتا ہے؟
یوم آزادی پورے ہندوستان میں بڑے فخر اور خوشی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ملک کے شہری قومی پرچم لہراتے ہیں، حب الوطنی کے گیت گاتے ہیں اور آزادی کے لئے دی گئی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں۔
پرچم کشائی کی تقریب
مرکزی جشن ملک کی راجدھانی دہلی میں ہوتا ہے۔ ہندوستان کے وزیر اعظم لال قلعہ پر قومی پرچم لہراتے ہیں۔ یہ بہت اہم تقریب ہوتی ہے۔ پرچم کشائی کے بعد وزیراعظم قوم سے خطاب کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بات کرتے ہیں۔
پریڈ اور ثقافتی پروگرام
ملک کے بیشتر اسکولوں اور کالجوں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ جن کی تیاری مہینوں پہلے سے ہوتی ہے۔ ان تقریبات میں طلبہ حب الوطنی کے گیت، رقص اور ڈرامے پیش کرتے ہیں۔ مختلف شہروں میں پریڈ اور ثقافتی تقریبات بھی ہوتی ہیں۔ اس موقع پر عام شہری ترنگے (زعفرانی، سفید اور سبز) لباس میں بھی نظر آتے ہیں۔
پتنگ بازی کی روایت
یوم ِ آزادی کے موقع پر لوگ اکثر ٹیلی ویژن پر تقریبات دیکھنے کے لئے اکٹھا ہوتے ہیں۔ بہت سے لوگ پتنگ بازی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں، جو اس دن ایک مشہور روایت ہے۔ آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرا ہوتا ہے جو آزادی اور خوشی کی علامت ہے۔
یوم آزادی کیوں اہم ہے؟
یوم آزادی کئی وجوہات کی بنا پر اہم ہے۔ یہ ہمیں آزادی کی قدر اور اس کے حصول کے لئے دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ ہندوستان کے اتحاد اور تنوع کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے لوگ اس خاص دن کو منانے کے لئے اکٹھا ہوتے ہیں۔ یہ ہندوستانی ہونے پر فخر محسوس کرنے اور ملک کے روشن مستقبل کے منتظر ہونے کا دن ہے۔