Ragnar Frischکے مطابق معاشی ماڈلز کی قدر اسی وقت ہے جب وہ حقیقی دنیا کے مسائل کو سمجھنے میں مدد دیں۔
EPAPER
Updated: October 16, 2026, 6:31 PM IST | Mumbai
Ragnar Frischکے مطابق معاشی ماڈلز کی قدر اسی وقت ہے جب وہ حقیقی دنیا کے مسائل کو سمجھنے میں مدد دیں۔
راگنر انتون کِٹِل فرشچ ناروے کے ممتاز ماہرِ معاشیات، ریاضیاتی شماریات کے محقق اور جدید علمِ معاشیات کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے والے اہم مفکرین میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ معاشیات میں ریاضی اور شماریات کے استعمال کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے معاشی نظریات کو اعداد و شمار اور عملی شواہد کے ذریعے جانچنے کے طریقے فروغ دیئے اور لفظ اکانومیٹرکس (Econometrics) کو رواج دینے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ۱۹۶۹ء میں انہیں ہالینڈ کے جان ٹنبرگن کے ساتھ معاشیات کا پہلا نوبیل انعام دیا گیا۔
پیدائش، تعلیم کی ابتدا اور معاشیات سے دلچسپی
راگنر فرشچ۳؍ مارچ۱۸۹۵ء کو ناروے کے شہر کرسٹیانیا میں پیدا ہوئے تھے جسے آج اوسلو کہا جاتا ہے۔ ان کے والد انتون فرشچ سونے اور چاندی کے زیورات بنانے کا کام کرتے تھے۔ ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جس میں زیورات سازی کا پیشہ نسل در نسل چلا آ رہا تھا۔ خاندان کی خواہش تھی کہ راگنر بھی اپنے والد کا پیشہ اختیار کریں اور خاندانی کاروبار کو آگے بڑھائیں۔ چنانچہ کم عمری ہی میں انہیں زیورات سازی کی تربیت دلانے کا انتظام کیا گیا۔ ر اگنر فرشچ کی زندگی کا ایک اہم موڑ اس وقت آیا جب ان کی والدہ نے انہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے۱۹۱۹ءمیں معاشیات کی تعلیم مکمل کی اور بہترین نتائج حاصل کئے۔ اس کے باوجود انہوں نے اپنے خاندانی پیشے سے تعلق مکمل طور پر منقطع نہیں کیا اور۱۹۲۰ءمیں زیورات سازی کی عملی تربیت بھی مکمل کی۔ اس طرح ان کی ابتدائی زندگی میں ایک طرف خاندانی کاروبار کی روایت تھی تو دوسری طرف علم و تحقیق کی دنیا میں آگے بڑھنے کا جذبہ، جس نے بالآخر انہیں ایک ممتاز ماہرِ معاشیات بنا دیا۔
یہ بھی پڑھئے: چارلس ڈریوکو’’ فادر آف بلڈ بینک‘‘ کہاجاتا ہے
اکانومیٹرکس کا تصور اور اس کی اہمیت
راگنر فرشچ کی سب سے نمایاں خدمات میں سے ایک اکانومیٹرکس کو ایک منظم علمی شعبے کی شکل دینے کی کوشش تھی۔ انہوں ۱۹۲۶ء میں اپنی تحریروں میں اس اصطلاح کو استعمال کیا اور معاشیات میں فروغ دیا۔
اکنومیٹرک سوسائٹی کا قیام
راگنر فرشچ صرف محقق ہی نہیں تھے بلکہ وہ معاشیات میں سائنسی تحقیق کے فروغ کیلئے ادارے قائم کرنے والوں میں بھی شامل تھے۔ ۱۹۳۰ءمیں انہوں نے دیگر ماہرین کے ساتھ مل کر اکانومیٹرک سوسائٹی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سوسائٹی نے دنیا بھر کے محققین کو ایک مشترکہ علمی پلیٹ فارم فراہم کیا۔ فرشچ نے۱۹۳۳ءسے۱۹۵۵ء تک اس سوسائٹی کے تحقیقی جریدے ’Econometrica‘ کی ادارت بھی کی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ اوسلو یونیورسٹی میں تدریس اور تحقیق کیلئے وقف کی اور اسوسی ایٹ پروفیسر منتخب ہوئے۔
آخری ایام اور وفات
۳۱؍جنوری۱۹۷۳ء کو ناروے کے شہر اوسلو میں ان کا انتقال ہوا۔ ان کی وفات کے بعد بھی ان کے نظریات، تحقیقی طریقے اور علمی اصطلاحات معاشیات کی تعلیم اور تحقیق کا اہم حصہ بنے رہے۔