• Fri, 16 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ششماہی امتحان میں رہ گئے ہیں کچھ ہی دِن! کیا آپ تیار ہیں؟

Updated: October 16, 2026, 6:47 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai

طلبہ وقت کی بہتر منصوبہ بندی، مسلسل اعادہ اور خود اعتمادی کے ساتھ سیمسٹر امتحانات کی تیاری کریں،کامیابی آپ کا مقدرضرور بنے گی۔

Achieving good grades does not require spending a long time; rather, it calls for focus, understanding, and consistent practice. Image: INN
اچھے نمبروں کیلئے زیادہ دیر نہیں، بلکہ توجہ، سمجھ بوجھ اور مسلسل مشق ضروری ہے۔ تصویر: آئی این این

اسکولوں اور کالجوں میں چند دنوں میں ششماہی امتحانات شروع ہونے والے ہیں۔ یہ امتحانات طلبہ کیلئے اپنی تعلیمی استعداد، محنت اور تیاری کو پرکھنے کا اہم موقع ہوتے ہیں۔ امتحانات کی آمد کے ساتھ طلبہ میں جہاں بہتر کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے وہیں نصاب کی تکمیل، اعادہ اور اچھے نمبر حاصل کرنے کی فکر بھی بڑھ جاتی ہے۔

امتحانات سے قبل ہر مضمون کیلئے وقت مقرر کریں اور مشکل مضامین کو زیادہ وقت دیں۔ 
باقی ماندہ نصاب کو جلد مکمل کریں اور اہم موضوعات پر خصوصی توجہ دیں۔ 
پڑھے ہوئے اسباق کو بار بار دہرائیں تاکہ اہم معلومات ذہن نشین ہو سکیں۔ 
صرف پڑھنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ سوالات کے جوابات لکھنے کی مشق بھی کریں۔ 
متحانات کے دنوں میں سوشل میڈیا، موبائل گیمز اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں میں وقت ضائع کرنے سے بچیں۔ 
مناسب نیند لیں، متوازن غذا کھائیں اور پڑھائی کے دوران مختصر وقفے بھی لیتے رہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یہ الفاظ ہم معنی نہیں، ان میں فرق ہے!

ششماہی امتحانات طلبہ کی تعلیمی زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہوتے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے نہ صرف نصاب کی تیاری اور سمجھ بوجھ کا اندازہ ہوتا ہے بلکہ طلبہ کی محنت، پابندیٔ وقت اور مطالعے کی عادات بھی نمایاں ہوتی ہیں۔ امتحانات میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ آخری وقت کی گھبراہٹ سے بچیں، ایک منظم ٹائم ٹیبل بنائیں، تمام مضامین کا مناسب اعادہ کریں اور اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ طلبہ کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہئے کہ امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کرنے کیلئے دیر تک پڑھنا کافی نہیں بلکہ توجہ اور مسلسل مشق بھی ضروری ہیں۔

امتحان کی تیاری میں معاون ۵؍ تدابیر یا حکمت عملی
(۱) رَٹنے کی غلطی نہ کریں : بیشتر طلبہ امتحان کےدنوں میں ’’کریمنگ‘‘ یعنی رٹنے کی غلطی کرتے ہیں اور جواب بھول جاتے ہیں۔ سائنسی طور پر، یہ غیر موثر ثابت ہوا ہے۔ 
(۲) ’’برین فوڈ‘‘: امتحان کے دنوں میں ’برین فوڈ‘ اور ’سپر فوڈ‘ کا استعمال کریں یعنی فائبر اور کاربوہائیڈریٹس والی غذائیں۔ 
(۳) ٹائم مینجمنٹ: تیاری کے دوران جدوجہد سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ وقت کا صحیح استعمال کریں اور ہر ایک کا ٹائم شیڈول بنائیں۔ 
(۴) ذہنی انتشار:موسیقی، موبائل فون، ٹی وی وغیرہ، ذہنی انتشار کی بڑی وجوہات ہیں۔ پڑھائی کے دوران ذہنی انتشار کا سبب بننے والی ہر چیز سے دوری اختیار کرنی چاہئے۔ 
(۵) کلاس میں توجہ: طلبہ کو اسکول سے بلا وجہ ناغہ نہیں کرنا چاہئے، خاص طور پر امتحان سے قبل جب اہم نکات بتائے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: نوجوان کالم نگاروں کے ساتھ دلچسپ گفتگو اور تعلیمی انقلاب کی ۹؍ ویں سالگرہ کا جشن

امتحانات سے قبل طلبہ کیلئے ضروری اور قابل توجہ مشورے
ذہنی تناؤ سے بچئے: امتحان کے دنوں میں ذہنی تناؤ عام بات ہے۔ تاہم، خود کو اس سے بچایئے۔ اگر ذہنی تناؤ ہوگا تو آپ پرچے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکیں گے۔ 
ہائیڈریشن: پانی کم پینے سے ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ ہوتی ہے۔ یہی نہیں، دماغ کو طاقت بخشنے والے خلیات بھی کمزور پڑنے لگتے ہیں اس لئے طلبہ کو ہائیڈریشن کی جانب خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ 
خود اعتمادی ضروری ہے: یہ سوچ کر مت گھبرایئے کہ سوالیہ پرچے میں کیا پوچھا جائےگا۔ اگر آپ نے اچھی طرح تیاری کی ہے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ 
توانائی کا درست استعمال: طلبہ کو توانائی کو تقسیم کرنا ہے کہ کب وہ اپنے آپ میں زیادہ توانائی محسوس کرتے ہیں، اسی دوران نہیں مشکل جوابات کا مطالعہ کرنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: اِن ۹؍ کتابوں سے سیکھیں سوال کرنا اور زندگی کو مختلف نظر سے دیکھنا

امتحانات سے پہلے اعادہ کے ۸؍ اسمارٹ طریقے
دی اسٹڈی اسٹار (The Study Star)
کاغذ کے ایک ٹکڑے کو ’’اسٹار‘‘ کی شکل میں کاٹ لیجئے۔ جو کانسپٹ یا جواب آپ کو مشکل معلوم ہوں، ان کے مختلف اہم نکات ستارے کے مختلف حصوں پر لکھ لیجئے اور انہیں ہمیشہ اپنے ساتھ رکھئے۔ 
رِیڈ، کَوَر، ریمیمبر، ری ٹیل (RCRR)
یہ چار مرحلوں پر مشتمل ہے: پڑھیں ، چھُپائیں، یاد کریں اور دہرائیں۔ پہلے جواب پڑھیں، پھر اسے چھپا کر یاد کرنے کی کوشش کریں اور آخر میں دہرائیں یا کسی دوست کو سنائیں، تاکہ غلطیوں کی اصلاح ہو سکے۔ 
جواب کیا ہے؟
(What is the answer)
آپ ’’سوالیہ پرچہ‘‘ بنانے والے کی طرح سوچیں۔ کوئی ایک جواب پر توجہ مرکوز کیجئے اور یہ سوچئے کہ امتحان میں اسے مختلف طریقوں سے کیسے پوچھا جاسکتا ہے۔ 
شعر وشاعری میں تیاری 
(Create a Rhyme)
جواب کو اشعار (رائم)میں ڈھالنے کی کوشش کیجئے۔ عین امتحان کے وقت یہ تکنیک مشکل ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا تعلیمی سال کے آغاز ہی سے اس پر عمل کیجئے۔

یہ بھی پڑھئے: اِن ۹؍ ملازمتوں کا ابھی وجود نہیں مگر مستقبل میں ان کی مانگ ہوگی!

پوسٹ اِٹ نوٹس کی مدد
(Post It notes to cover)
جوابات یاد کرتے وقت پوسٹ اِٹ نوٹس کا بھی سہارا لیا جاسکتا ہے۔ جوابات پر پوسٹ اِٹ نوٹس چسپاں کرلیجئے اور اس پر سوالات لکھ لیجئے کہ اس کے نیچے مذکورہ جواب ہے۔ 
فولڈ ایبل پرومٹ
(Foldable Prompt)
کسی چارٹ پیپر کو چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرکے اپنی سہولت کے لحاظ سے ’’فولڈ ایبل‘‘ جوابات تیار کرلیجئے۔ آپ انہیں اپنی جیب یا بستہ میں رکھ کر سفر بھی کرسکتے ہیں۔ 
سوالیہ پرچے حل کریں 
(Solve Question Papers)
اعادہ کا سب سے آسان اور روایتی طریقہ یہ ہے کہ آپ گزشتہ برسوں کےسوالیہ پرچوں کو حل کیجئے۔ انہیں بار بار حل کیجئے۔ اس کے آپ کی لکھنے کی رفتار بڑھے گی۔ 
لوکی کا طریقہ (Method of Loci)
یہ تکنیک ’’معلومات کا محل‘‘ کہلاتی ہے۔ ذہن میں ایک محل کا تصور کریں، اس کے مختلف حصوں کو مخصوص معلومات سے جوڑیں، کچھ دیر بعد محل کا تصور کرکے ان معلومات کو یاد کرنے کی کوشش کریں۔

یہ بھی پڑھئے: ۹؍ سوال اپنے آپ سے پوچھیں، یہ آپ کی زندگی بدل سکتے ہیں!

پڑھائی کے دوران وقفہ بھی اہم ہے، اپنایئے یہ ترکیبیں 
مسلسل پڑھائی کرنے سے طالب علم اکتاہٹ کا شکار ہوجاتا ہے اس لئے وقفہ ضروری ہے مگر سوال یہ ہے کہ وقفہ کے دوران کون سی سرگرمیاں انجام دی جائیں کہ آپ کا ذہن تازہ ہو؟ ذیل میں کچھ سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جس سے پڑھائی میں دلچسپی پیدا ہوسکتی ہے۔ 
ڈرائنگ/کرافٹ(Drawing/Craft)، مزاحیہ ویڈیوز(Comic Videos)، پاور نیپ (Power Nap )، اہل خانہ سے بات چیت(Family Time)، پسندیدہ شو/ کتاب کیلئے ۲۰؍ منٹ(Watch/Read Favourite Show/book)۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK