• Fri, 05 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نمک پانی میں حل ہو جاتا ہے، ریت نہیں، کیوں؟

Updated: December 05, 2025, 4:30 PM IST | Taleemi Inquilab | Mumbai

ہم روزمرہ زندگی میں دیکھتے ہیں کہ جب نمک کو پانی میں ڈالا جائے تو وہ گھل کر غائب ہو جاتا ہے مگر جب ریت کو پانی میں ملایا جائے تو وہ نیچے بیٹھ جاتی ہے اور پانی الگ دکھائی دیتا ہے۔

The chemical structure of the two substances and the nature of their interaction with water are different. Picture: INN
دونوں مادّوں کی کیمیائی ساخت اور پانی کے ساتھ ان کے تعامل کی نوعیت مختلف ہے۔ تصویر:آئی این این
ہم روزمرہ زندگی میں دیکھتے ہیں کہ جب نمک کو پانی میں ڈالا جائے تو وہ گھل کر غائب ہو جاتا ہے مگر جب ریت کو پانی میں ملایا جائے تو وہ نیچے بیٹھ جاتی ہے اور پانی الگ دکھائی دیتا ہے۔ بظاہر دونوں ہی پاؤڈر کی شکل میں ہیں لیکن کیا کبھی سوچا کہ نمک پانی میں حل ہوجاتا ہے لیکن ریت نہیں ہوتی، کیوں ؟
دونوں کی کیمیائی ساخت
جب ہم نمک اور ریت کو پانی میں ڈالتے ہیں تو دونوں کا برتاؤ مختلف ہوتا ہے۔ نمک پانی میں گھل کر محلول بنا لیتا ہے، جبکہ ریت نیچے بیٹھ جاتی ہے اور پانی سے الگ رہتی ہے۔ اس فرق کی وجہ ان دونوں مادّوں کی کیمیائی ساخت اور پانی کے ساتھ ان کے تعامل کی نوعیت ہے۔
مادّوں کی نوعیت (Nature of Substances)
نمک ایک آئونی مرکب (Ionic compound) ہے جو سوڈیم (Na⁺) اور کلورائیڈ (Cl⁻) آئنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ ریت بنیادی طور پر سلکان ڈائی آکسائیڈ پر مشتمل ہوتی ہے جو ایک غیر محلول مادّہ ہے۔
پانی کی خاصیت
پانی ایک قطبی (polar) سالمہ ہے یعنی اس کے ایک حصے پر جزوی مثبت چارج (ہائڈروجن) اور دوسرے حصے پر جزوی منفی چارج (آکسیجن) ہوتا ہے۔یہی خصوصیت پانی کو ایک عالمی محلل (universal solvent) بناتی ہے کیونکہ وہ دوسرے قطبی یا آئونی مادّوں کے ذرات کو اپنے اندر کھینچ کر منتشر کر سکتا ہے۔
نمک کے گھلنے کا عمل 
جب نمک کو پانی میں ڈالا جاتا ہے توپانی کے قطبی سالمے نمک کے آئنوں ( این اے اور سی ایل ⁻) کو گھیر لیتے ہیں۔آکسیجن والے حصے کلورائیڈ آئن (Cl⁻) کو اور ہائڈروجن والے حصے سوڈیم آئن (Na⁺) کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔یوں نمک کے آئن الگ ہو کر پانی میں منتشر ہو جاتے ہیں اور ایک یکساں محلول (homogeneous solution) بن جاتا ہے۔
ریت کے نہ گھلنے کی وجہ
ریت کے سالمے غیر قطبی (non-polar) نوعیت کے ہوتے ہیں اور ان کے درمیان بہت مضبوط کوویلنٹ بونڈز پائے جاتے ہیں۔پانی چونکہ قطبی محلل ہے اس لئے وہ غیر قطبی مادّوں کو نہیں توڑ سکتا۔پانی کے سالمے ریت کے ذرات کو تو الگ نہیں کر پاتے بس ان کے ارد گرد بہہ جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے ریت نیچے بیٹھ جاتی ہے اور حل نہیں ہوتی۔یعنی نمک اور ریت کی کیمیائی ساخت اور سالماتی خصوصیات بالکل مختلف ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK