• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میری تعلیم کے مراحل میں اسکالرشپ اور فیلوشپ نے اہم کردار ادا کیا‘‘

Updated: November 25, 2026, 3:51 PM IST | Aamir Ansari | Mumbai

اسٹرو فزکس (خلائی سائنس) میں ریسرچ کررہی مریم جنید قراری سےتعلیمی سفر، خلائی طبیعیات، تحقیق اور نوجوان طلبہ و طالبات کے لئے رہنمائی سے متعلق تفصیلی گفتگو۔

Maryam Junaid Qari. Photo: INN
مریم جنید قراری۔ تصویر: آئی این این

اپنے تعلیمی سفر کے بارے میں بتائیے اور آپ کو ایسٹرو فزکس میں تحقیق کیلئے کس چیز نے متاثر کیا؟    
مریم : میری خلائی سائنس میں دلچسپی یونیورسٹی کی تعلیم سے بہت پہلے شروع ہوگئی تھی۔ میں نویں جماعت میں تھی، جب ایک استاد، جو ایسٹرو فزکس میں پی ایچ ڈی کر رہے تھے، نے ہمیں کہکشاؤں، ملکی وے، بلیک ہولز اور کائنات کی وسعتوں سے متعارف کرایا۔ ان موضوعات نے میرے ذہن میں بے شمار سوالات پیدا کیے اور کائنات کو سمجھنے کا شوق پیدا کیا۔ تبھی میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ مستقبل میں ایسٹرو فزکس کی تعلیم حاصل کروں گی۔اسی لئے گریجویشن میں فزکس کا انتخاب کیا اور سینٹ  زیویئرز سے ایسٹرو فزکس اور فلکیات میں تخصص کے ساتھ ماسٹرز مکمل کیا۔ اسکے بعد ڈاکٹریٹ کی تحقیق کا سفر شروع ہوا۔ آج میری تحقیق روایتی ایسٹرو فزکس سے آگے بڑھ کر اسپیس فزکس اور اسپیس ویدر کے شعبے میں جاری ہے۔ میرا بنیادی مقصد خلائی طبیعیاتی عمل کو سمجھنا اور سائنسی مشاہدات، نظریات اور کمپیوٹر ماڈلنگ سے کائنات کے پیچیدہ سوالات کے جوابات تلاش کرنا ہے۔
آپ کی موجودہ تحقیقی سرگرمیاں کیا ہیں ؟
مریم : میری پی ایچ ڈی کی تحقیق بنیادی طور پر اسپیس فزکس اور اسپیس ویدر  سے متعلق ہے۔ میں سورج سے خارج ہونے والی شمسی ہواؤں (سولار وِنڈ) اور زمین کے مقناطیسی ماحول کے درمیان تعاملات کا مطالعہ کرتی ہوں۔ سادہ الفاظ میں، میں یہ سمجھنے کی کوشش کررہی ہوں کہ سورج اور زمین کے درمیان ہونے والے مختلف طبیعیاتی عمل کس طرح خلائی موسم پر اثر انداز ہوتے ہیں اور انکے اثرات سیٹیلائٹس، نیوی گیشن، مواصلاتی نظام اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر کیسے پڑ سکتے ہیں۔ میری تحقیق کا ایک اہم حصہ پلازما کے مختلف علاقوں کے درمیان پیدا ہونے والی بے قاعدگیوں کا مطالعہ ہے۔ ان میں کیلون ہیلم ہولٹز بے قاعدگی بھی شامل ہے، جو اس وقت پیدا ہوتی ہے جب پلازما کے دو قریبی علاقوں میں بہاؤ کی رفتار مختلف ہو۔ میں خلائی مشاہدات کی مدد سے ان بے قاعدگیوں کا مطالعہ کرتی ہوں اور یہ سمجھنے کی کوشش کرتی ہوں کہ ان کے ذریعے توانائی اور حرکت کس طرح ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل ہوتی ہے۔ میری تحقیق کا بنیادی سوال یہ ہے کہ سورج سے آنے والی توانائی زمین کے قریب خلاء میں کیسے منتقل ہوتی ہے اور یہ عمل خلائی موسم کو کس طرح متاثر کرتا ہے؟ یہی بنیادی سائنسی تحقیق اور اسکے عملی اثرات میری دلچسپی کا مرکز ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:Cortisol Hormone یہ اچھا ہے یا بُرا؟


 آپ نے اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کیلئے فن لینڈ کا انتخاب کیوں کیا؟ وہاں آپ کا تجربہ کیسا رہا؟
مریم : فن لینڈ کا انتخاب ابتدا میں میری اعلیٰ تعلیم کیلئے  نہیں تھا، بلکہ میری تحقیق کی ضرورت کے تحت وہاں جانے کا موقع ملا۔ میں زمین کے مقناطیسی ماحول (میگنیٹو اسفیئر) کی کمپیوٹر کے ذریعے ماڈلنگ اور سیمولیشن سیکھنا چاہتی تھی، جس کیلئے فن لینڈ میں بہترین تحقیقی سہولیات اور ماہرین موجود ہیں۔ اسلئے میں نے اسکواسٹیپ وزیٹنگ اسکالر کیلئے درخواست دی اور اس وقت ۲؍ ماہ کیلئے یونیورسٹی آف اولو، فن لینڈ میں پروفیسر ایلیا اوسوسکن کے  پروجیکٹ سے وابستہ ہو کر کام کر رہی ہوں۔ اس دورہ کے ذریعے مجھے مشاہداتی اعداد و شمار کے تجزیے کے علاوہ کمپیوٹر ماڈلنگ اور ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ سیکھنے اور ان کا تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملا ہے ۔ فن لینڈ میں میرا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ یہاں تحقیق کے ماحول میں آزادی، باہمی احترام، تعاون اور سائنسی گفتگو کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ میرے لیے یہ تجربہ صرف نئی تکنیکیں سیکھنے کا نہیں بلکہ تحقیق کے مختلف انداز، تعاون اور علمی تبادلے کو سمجھنے کا بھی ایک بہترین موقع ہے۔
 ایسٹرو فزکس میں ایک خاتون ریسرچر کی حیثیت سے کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟
مریم : میرے لئے ابتدائی مشکل اپنے خاندان کو یہ سمجھانا تھا کہ ریسرچ بھی ایک اچھا کریئر ہوسکتا ہے۔ ریسرچ میں مالی استحکام اور مستقبل کی ضمانت نسبتاً کم ہوتی ہے۔ ایک لڑکی ہونے کے ناطے سفرکرنا، کانفرنسوں اور گھر سے دوررہ کر کام کرنے کے بارے میں بھی خاندان کو سمجھانا پڑا۔ پی ایچ ڈی کے دوران اسکالرشپ کی رقم ملنے میں تاخیر جیسی مشکلات بھی پیش آئیں۔ اس سے مجھے یہ سیکھنے کا موقع ملا کہ تحقیق کیلئے شوق کے ساتھ مالی منصوبہ بندی بھی ضروری ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسپائر اسکالرشپ نے میری تعلیم اور تحقیق میں بہت مدد کی اور میرے لیے نئے مواقع پیدا کیے۔ میں نے ان مشکلات کا مقابلہ مسلسل کوشش، نئی مہارتیں سیکھنے، مواقع تلاش کرنے اور اساتذہ کی رہنمائی سے کیا۔ میرا یقین ہے کہ محنت، صبر اور مستقل مزاجی سے مشکل راستوں کو بھی آسان بنایا جاسکتا ہے۔
ایسٹرو فزکس ریسرچرکی حیثیت سے آپ کا عام دن کیسا گزرتا ہے؟ زندگی میں توازن کیسے برقرار رکھتی ہیں؟
مریم : ریسرچر کا ہر دن ایک جیسا نہیں ہوتا۔ میرے دن میں خلائی مشاہدات کے اعداد و شمار کا تجزیہ، سائنسی مضامین کا مطالعہ، کمپیوٹر پر پروگرامنگ، ساتھی محققین سے گفتگو اور تحقیقی کام کی تیاری شامل ہوتی ہے۔ کبھی کئی گھنٹے کسی ایک مسئلے کو سمجھنے میں لگ جاتے ہیں، تو کبھی میٹنگز، پریزنٹیشن اور ورکشاپس میں وقت گزرتا ہے۔ تحقیق ایک ایسا کام ہے جس کے بارے میں انسان فارغ وقت میں بھی سوچتا رہتا ہے۔ اسلئے ذاتی زندگی اور ریسرچ میں توازن برقرار رکھنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ وقت کے ساتھ میں نے یہ سیکھا کہ کامیاب تحقیق کیلئے آرام، صحت، خاندان اور ذاتی زندگی کو وقت دینا بھی ضروری ہے۔ سائنس سے محبت کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنی پوری زندگی صرف کام کیلئے وقف کردے۔میں اپنی زندگی میں  توازن برقرار رکھنے کی پوری کو شش کرتی ہوں۔

یہ بھی پڑھئے:سردی کے موسم میں جلد کو ملائم رکھنے کیلئے بالائی کا استعمال کیا جاسکتا ہے

 اگر اسکولی طلبہ سائنسداں یا خلائی سائنس اور فلکی طبیعیات میں تحقیق کرنا چاہتے ہیں، تو انہیں کن مضامین کو پڑھنا چاہئے،کون سی صلاحیتیں درکار ہیں؟
مریم : فلکی طبیعیات اور خلائی سائنس کیلئے ریاضی اور سائنس بنیادی مضامین ہیں۔ فزکس ہمیں یہ سمجھنے میں مدد دیتی ہے کہ قدرتی چیزیں کیسے کام کرتی ہیں، جبکہ ریاضی ان چیزوں کو سمجھنے اور ان کا حساب لگانے کا ذریعہ ہے۔ لیکن میں طلبہ سے یہ نہیں کہوں گی کہ وہ بہت جلد کسی ایک مضمون تک خود کو محدود کرلیں۔ آج کی سائنس مختلف مضامین کے باہمی تعلق سے آگے بڑھ رہی ہے۔ خلائی سائنس میں فزکس، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، کیمسٹری،بایولوجی، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کا اہم کردار ہے۔چھوٹی کلاس سے ہی سائنس ، علم ریاضی ، انگریزی ، کمپیوٹر سائنس جیسے مضامین پر بھر پور توجہ دیں۔ اگر مجھے کسی ایک خوبی کا انتخاب کرنا ہو تو وہ تجسس ہے کیونکہ تجسس ہی ہمیں نئے سوالات پوچھنے اور کوشش جاری رکھنے کی تحریک دیتا ہے۔ آج اے آئی سے معلومات آسانی سے مل جاتی ہیں، لیکن ہر معلومات درست نہیں ہوتی۔ اے آئی ایک مفید ذریعہ ہے، مگر اس کے جواب بھی غلط ہوسکتے ہیں۔ اسلئے طلبہ کو بنیادی مضامین کی مضبوط سمجھ، غور سے پڑھنے اور معلومات کی تصدیق کرنے کی عادت پیدا کرنی چاہیے۔ میں طلبہ کو مشورہ دوں گی کہ وہ نصابی کتابوں کے علاوہ بھی پڑھیں، بیسک پروگرامنگ سیکھیں، ریاضی کی مشق کریں، سوالات پوچھیں اور سائنس کی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔ خود سوچنے اور مسائل حل کرنے کی عادت پیدا کریں۔ آپ کو ہر چیز جاننے کی ضرورت نہیں، بلکہ یہ جاننا ضروری ہے کہ نئی چیزیں کیسے سیکھی جاتی ہیں۔

مریم نے نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کویہ پیغام دیا 
میں خاص طور پر لڑکیوں سے یہ کہوں گی کہ وہ تعلیمی اور مالی خودمختاری حاصل کریں۔ میری تعلیم کے مختلف مراحل میں اسکالرشپ اور فیلوشپ نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ ڈپارٹمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسپائر اسکالرشپ میرے لئے سب سے زیادہ اہم ثابت ہوئی۔جو کسی بھی سائنس گریجویٹ کو بآسانی مل سکتی ہے اگر وہ ’پیورسائنس‘ یعنی بی ایس سی میں داخلہ لیتے ہیں۔اس اسکالرشپ کی مدد سے میں نے گریجویشن اور ماسٹرز کی تعلیم مکمل کی اور تحقیق کے مزید مواقع بھی حاصل کیے۔ اس سے مجھے مالی مدد کے ساتھ اپنی تعلیم کے بارے میں فیصلے کی آزادی بھی ملی۔ اگر مالی مشکلات راستے میں رکاوٹ ہیں تو اپنے خواب کو چھوڑنے کا فیصلہ نہ کریں۔ اسکالرشپ، فیلوشپ، انٹرن شپ، مالی معاونت کے ساتھ پی ایچ ڈی اور تحقیقی پروگراموں کے مواقع تلاش کریں۔ ان کی شرائط سمجھیں، اچھی تیاری کریں اور مسلسل درخواستیں دیں۔ خاص طور پر لڑکیوں کیلئے مالی خودمختاری بہت اہم ہے۔ جب آپ اپنی تعلیم اور مستقبل کے اخراجات اٹھانے کے قابل ہوتی ہیں تو اپنے فیصلے خود کرنے کی آزادی بھی بڑھ جاتی ہے۔ خاندان کا تعاون سفر کو آسان بناتا ہے، لیکن اپنی خودمختاری پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔ میں یہ مشورہ بھی دوں گی کہ اپنے مقاصد واضح رکھیں۔ یہ طے کریں کہ کون سی تعلیم، مہارتیں اورانٹرنس امتحان دینا ضروری ہیں، مالی مدد کہاں سے مل سکتی ہے۔

 بڑے خواب دیکھنے کے ساتھ مسلسل محنت بھی ضروری ہے۔ جب کوئی چیز آپ کو واقعی دلچسپ لگے تو اسے سنجیدگی سے لیں اور آگے بڑھنے کی پوری کوشش کریں۔ سائنٹفک ریسرچ میں اپنا حصہ ادا کرنے کیلئے پروفیسر بننا ضروری نہیں۔ تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں، صنعت، ٹیکنالوجی کمپنیوں، سائنسی ابلاغ، ڈیٹا سائنس اور خلائی ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں مواقع موجود ہیں۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایسا شعبہ تلاش کریں جو آپ کے اندر تجسس پیدا کرے، اسے گہرائی سے سمجھیں اور اس میں اپنا حصہ ادا کرنے کیلئے ضروری صلاحیتیں پیدا کریں۔سائنس کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو سوال پوچھتے رہیں اور جواب تلاش کرنے کیلئے مسلسل کوشش کرتے رہیں۔ 
-مریم جنید قراری، ریسرچر، اولو ،فن لینڈ

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK