اگر ہم شریعت کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں اور اسلام کے اس تصور کو سمجھ لیں کہ دُنیا ضروریات پوری کرنے کی جگہ ہے، تو ہم خرچ کرنے کے فن سے واقف ہوجائیں۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 4:29 PM IST | Maulana Khalid Saifullah Rahmani | Mumbai
اگر ہم شریعت کے بتائے ہوئے راستے پر چلیں اور اسلام کے اس تصور کو سمجھ لیں کہ دُنیا ضروریات پوری کرنے کی جگہ ہے، تو ہم خرچ کرنے کے فن سے واقف ہوجائیں۔
عام طور پر لوگ معاشی قوت کا راز اس بات کو سمجھتے ہیں کہ آمدنی کے ذرائع میں اضافہ ہو اور اسے دس ہزار کے پندرہ ہزار ملنے لگیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ معیشت کے استحکام کا تعلق آمدنی سے بھی ہے اورخرچ سے بھی؛ بلکہ حقیقت یہ ہے کہ کمانے سے زیادہ مشکل اور اہم خرچ کرنے کا فن ہے ۔ اگر انسان اپنی زندگی کا ایک نظام بنائے اور خرچ میں اپنے آپ کو اس کا پابند رکھے تو نسبتاً کم آمدنی کے ساتھ بھی وہ اپنے سے زیادہ کمانے والوں کے مقابلہ خوشگوار اورخوش حال زندگی گزار سکتا ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ جن اُمور میں پیسے خرچ کرتا ہے یا کرنا چاہتا ہے اس کے چار حصے کرے: بہت ضروری ، ضروری ، نہ ضروری اور نہ غیر ضروری اور غیر ضروری۔ غور کیا جائے تو انسان ان چاروں مدات سے گزرتا ہے:
’’ بہت ضروری مصارف‘‘ کو کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، جیسے کھانے پینے کی اتنی مقدار جو آدمی کی بقا کے لئے ضروری ہے، سادگی کے ساتھ علاج و معالجہ، بچوں کی کفایت کے ساتھ تعلیم، فضول خرچی سے بچتے ہوئے شادی بیاہ، یہ انتہائی ضروری اخراجات ہیں۔
’’ ضروری مصارف‘‘ میں مناسب اور طبیعت کے لئے موزوں کھانے پینے کا نظم، بہ قدرِ ضرورت سواری، سہولت بخش علاج، سماجی مزاج سے ہم آہنگ بہ قدرِ ضرورت کپڑے وغیرہ داخل ہیں، ان کو فقہ اسلامی کی اصطلاح میں ’’حاجت ‘‘ کہتے ہیں۔
تیسرا درجہ ایسی چیزوں کا ہے جو ضروری نہیں؛ لیکن انسان مختلف شعبہ ہائے زندگی میں سہولت کے لئے ان کا طالب ہوتا ہے: جیسے آرام دہ سواری ، ایک حد تک راحت بخش علاج وغیرہ، یہ ضروریات نہیں ہیں، البتہ ’’جائز خواہشات‘‘ ہیں اور فقہ اسلامی کے ماہرین کی زبان میں ’’ تحسینات ‘‘ ہیں۔
چوتھا درجہ ایسی چیزوں کا ہے ، جو بالکل غیر ضروری اور فضول ہیں، جیسے مکانات میں حد سے زیادہ تزئین و آرائش، کپڑوں میں بہت قیمتی ملبوسات کا انبار، کھانے پینے میں ایسی فضول خرچی کہ دس آدمی کے کھانے کی جگہ بیس آدمی کا کھانا پک جائے، آدھا استعمال ہو اور آدھا ضائع ہو ، شادی بیاہ میں کارڈ کی طباعت پر بے تحاشاخرچ کرنا ، شادی خانہ کی بہت زیادہ آرائش، دعوت میں کئی طرح کے میٹھے، سواریوں میں ضرورت ایک گاڑی سے پوری ہو جاتی ہے؛ لیکن کئی کئی گاڑیوں کا رکھنا اور جب کسی نئے ماڈل کی گاڑی آئے تو بلا ضرورت جدید سے جدید تر کا شوق فرمانا، یہ سب فضول خرچی اور اسراف کے دائرہ میں آتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مصروفیات سے انکار نہیں مگر بچوں کی دینی تعلیم و تربیت سے غفلت نہ ہو!
جو چیزیں بہت ضروری ہیں، ان میں کمی نہیں کی جاسکتی، جو چیزیں ضروری ہیں، زندگی میں سادگی اپنا کر اور اپنے آپ کو سادہ زندگی کا عادی بنا کر اس میں بھی کسی قدر کمی کی جاسکتی ہے، تیسرے درجہ میں جو چیزیں ہیں، ان سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ، زیادہ تر حرص و ہوس اورخواہشات کا لامتناہی سلسلہ آدمی کو نت نئی آسانیوں کا قیدی بنا لیتا ہے اور یہ آسانیاں کو اسراف اور فضول خرچی کی طرف لے جاتی ہیں۔ نبی کریمؐ نے ہمیشہ اپنے لئے سادہ زندگی کو پسند فرمایا اور مسلمانوں کو اسی کی ترغیب بھی دی۔ آپؐ کا مکان ، آپؐ کا لباس، کھانا پینا، بستر، رہن سہن، غرض پوری زندگی سادگی اور کفایت شعاری کا نمونہ تھی۔
خوب سے خوب تر کی خواہش بھی ایک بیماری ہے۔ بعض لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ قرض کے بوجھ سے دبے ہوئے ہیں، قرض خواہوں سے چھپتے پھرتے ہیں، صبح و شام قرض خواہ دروازہ پر دستک دیتا ہے، تقاضہ کرتا ہے، صلواتیں سناتا ہے، سر راہ بے آبرو کرتا ہے؛ اس کے باوجود اگر کوئی نئی چیز بازار میں آگئی تو باوجود اس قرض کے وہ اس کیلئے بے قرار سا ہو جاتا ہے، چاہے اس سے اس کے قرض میں کتنا بھی اضافہ ہوجائے؟ گویا یہ ایک نشہ ہے ، جو اپنے مخمور کو ہوش کے ناخن نہیں لینے دیتا ۔
اسلام کا تصور یہ ہے کہ دُنیا ضروریات پوری کرنے کی جگہ ہے اور آخرت خواہشات کی تکمیل کی جگہ۔ آخرت اسی لئے بنائی گئی ہے کہ جنت میں جانے کے بعد جنتی جو چاہے وہ بھرپور طریقہ پر اور فوراً اسے مہیا کردی جائے۔ (حم السجدہ : ۳۱) دنیا خواہشات کی تکمیل کی جگہ نہیںہے بلکہ ضروریات پر اکتفا کرنے کی جگہ ہے۔ یہاں انسان کا اپنی خواہشات کا غلام بن جانا منزل کو بھول کر راستہ کو مقصد بنالینے کے مترادف ہے؛ لیکن افسوس کہ انسان اسی کیفیت میں مبتلا ہے؛ اسی لئے اللہ کے رسولؐ نے فرمایا کہ : قبر کی مٹی کے سوا کوئی چیز نہیں جو انسان کے پیٹ کو بھر سکے ۔ انسان کو چاہئے کہ اپنی زندگی کے ایک ایک گوشے کا جائزہ لے اور دیکھے کہ وہ کہاں ضرورت کی حد سے آگے بڑھ کر خواہشات کے دام میں گرفتار ہو چکا ہے اور اپنی زندگی میں سادگی لانے کی کوشش کرے۔ آپ سادہ زندگی گزار کر اپنے سماج میں زیادہ با عزت، پُروقار اور پُرسکون رہ سکتے ہیں۔
ممکن ہے کہ آپ کے پاس عمدہ سواری نہ رہے، آپ کے گھر میں دیدہ زیب فرنیچر نہ ہو ؛ لیکن آپ کے دروازہ پر کوئی قرض وصول کرنے والا دستک نہ دے رہا ہو اور نہ کوئی آپ کے نادہندہ ہونے کی شکایت کرنے والا ہو، تو آپ باعزت طریقہ پر سماج میں زندگی گزار سکیں گے اور ذہنی تناؤ کی کیفیت سے محفوظ رہیں گے، یہ اتنی بڑی نعمت ہے کہ اس سے بڑی کوئی نعمت نہیں ۔
اخراجات کا وہ طریقہ جسے میں نے ’’ غیر ضروری اور فضول ‘‘ سے تعبیر کیا ہے، اسلامی نقطۂ نظر سے گناہ او رناجائز ہے۔ قرآن مجید نے ایک سے زیادہ مواقع پر فضول خرچی کی ممانعت کی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ اسراف نہ کرو کہ : اللہ تعالیٰ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتے ۔ (الانعام : ۱۴۱) ایک اور موقع پر فضول خرچی سے روکتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ : فضول خرچی کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں۔ (الاسراء : ۲۷) فضول خرچی دو طریقوں پر ہوتی ہے: ایک یہ کہ بے جا مصرف میں پیسے خرچ کئے جائیں، جیسے ضرورت سے زیادہ روشنی میں، آتش بازی میں، گانے بجانے میں، دکھاوے کے اظہار اور زیادہ تشہیر میں۔ یہ سب بے محل خرچ ہیں، جو شرعاً جائز نہیں، بے محل خرچ کرنے کو قرآن نے ’’تبذیر‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔ حضرت عبد اللہ ابن مسعودؓ سے منقول ہے کہ تبذیر ناحق اُمور میں خرچ کرنے کا نام ہے ۔( تفسیر ابن کثیر : ۳ ؍ ۳۶)۔
فضول خرچی کی دوسری صورت یہ ہے کہ جن چیزوں میں خرچ کرنا چاہئے انہیں میں خرچ کیا جائے۔ ضرورت سے زیادہ کھانا ایک غیر ضروری چیز ہے لیکن اسی میں ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا اسراف ہے، لباس و پوشاک دین میں مطلوب ہے لیکن اسی میں تفاخر آمیز کپڑے بنانا اور ایک جوڑے کی جگہ دس جوڑے کا اہتمام کرنا فضول خرچی ہے اور اسی کو قرآن نے ’’اسراف ‘‘ کے لفظ سے تعبیر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فتاوے: پرمٹ اور انشورنس، عدت کا ایک مسئلہ، قبضے والی جگہ کرایہ پر لینا
اسلام فضول خرچی کو نہایت ناپسندیدہ نظر سے دیکھتا ہے جس نے ہر باب میں فضول خرچی سے منع کیا ہے۔ حضرت سلمان فارسیؓ سے مروی ہے کہ دنیا میں جو جتنا زیادہ آسودہ ہو کر کھاتا ہوگا، قیامت کے دن وہ اسی قدر بھوکا ہو گا۔( ابن ماجہ، حدیث نمبر : ۳۳۹۴) حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ جو کچھ طبیعت چاہے اسے کھا گزرنا اسراف ہی کی ایک صورت ہے۔ (ابن ماجہ ، حدیث نمبر : ۳۳۹۵)
آپؐ نے اسے بھی پسند نہیں فرمایا کہ کھاتے ہوئے اگر کوئی لقمہ ہاتھوں سے گرجائے، تو اُسے یوں ہی چھوڑ دیا جائے۔ معمولِ مبارکہ تھا کہ اگر کوئی ٹکڑا دست مبارک سے چھو‘ٹ کر گر جاتا تو اسے اٹھاتے، پونچھتے، پھر اسے تناول فرماتے۔ (ابن ماجہ، حدیث نمبر : ۳۳۹۶) لباس و پوشاک میں بھی آپؐ نے اعتدال او رمیانہ روی کی تلقین فرمائی۔ حضرت عبد اللہ بن عمرؓ سے مروی ہے کہ آپؐ نے فرمایا : جس نے شہرت اور دکھاوے کا لباس پہنا اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن ذلت و رسوائی کا لباس پہنائیں گے۔ ( ابن ماجہ ، حدیث نمبر : ۳۶۵۳)۔ ایک روایت میں حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے مروی ہے کہ آپؐ نے فرمایا : کھاؤ، پیو، صدقہ کرو اور پہنو البتہ فضول خرچی نہ ہو اور تکبرسے دور رہو۔ (ابن ماجہ، حدیث نمبر : ۳۶۵۰) اسی لئے آپؐ نے بسیار خوری کو بھی بہت ناپسند فرمایا ہے ۔
نہ صرف کھانا پینا او رپہننا اوڑھنا بلکہ دینی امور میں بھی آپؐ نے فضول خرچی کو پسند نہیں فرمایا۔ ثابت بن قیسؓ نامی ایک صحابی نے ایک دن پانچ سو کھجور کے درختوں کے پھل کاٹے اور اسی دن پورے تقسیم کر دیئے، اہل و عیال کیلئے کچھ نہیں رکھا تو آپؐ نے اسے پسند نہیں فرمایا اور اسی موقع سے حکم ِ ربانی نازل ہوا: ’’اے اولادِ آدم! تم ہر نماز کے وقت اپنا لباسِ زینت (پہن) لیا کرو اور کھاؤ اور پیو اور حد سے زیادہ خرچ نہ کرو کہ بیشک وہ بے جا خرچ کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔‘‘ (الاعراف:۳۱)
حقیقت یہ ہے کہ اسراف اور فضول خرچی نے ہمارے سماج کو ایسی مصیبت میں مبتلا کر دیا ہے جس کی سزا معاشرہ کا ہر شخص بھگت رہا ہے؛ کیونکہ جب معاشرہ میں فضول خرچی کا رجحان پیدا ہو تا ہے، تو لوگ خواہی نخواہی اس معیار کو پورا کرنا چاہتے ہیں، چاہے اس کیلئے کتنی بھی مشقت اٹھانی پڑے۔