اماں بکری کے دو بچے ہیں ، ایک سوہنی جو بھورے رنگ کی ہے اور دوسرا سفیدا جو اپنے نام کی طرح سفید ہے۔ دونوں کی آنکھیں پیلی ہیں بہت ہی پیارے جیسے آپ سب ہیں۔
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 2:50 PM IST | Salma Jilani | Mumbai
اماں بکری کے دو بچے ہیں ، ایک سوہنی جو بھورے رنگ کی ہے اور دوسرا سفیدا جو اپنے نام کی طرح سفید ہے۔ دونوں کی آنکھیں پیلی ہیں بہت ہی پیارے جیسے آپ سب ہیں۔
اماں بکری کے دو بچے ہیں ، ایک سوہنی جو بھورے رنگ کی ہے اور دوسرا سفیدا جو اپنے نام کی طرح سفید ہے۔ دونوں کی آنکھیں پیلی ہیں بہت ہی پیارے جیسے آپ سب ہیں۔ اپنی امی کی آنکھوں کے تارے۔ سوہنی تو ہر وقت اچھلتی کودتی گھاس کھاتی پھرتی ہےلیکن سفیدا بڑا ہی شرمیلا ہے۔ ہر وقت امی کی پیٹھ کے پیچھے چھپا رہتا ہے اس کی کسی سے دوستی بھی نہیں۔ جب سارے میمنے اور بکریاں پہاڑی پر چڑھ کر وادی کا نظارہ کرتے ہیں اور اوپر سے نیچے چھلانگیں لگاتے سفیدا بس دور سے بیٹھ کر ان کو کھیلتے دیکھتا رہتا۔ سارے بچے میں میں اور بھیں بھیں کر کے شور مچاتے لیکن سفیدا بہت ہی کم بولتا۔ دوسری اماں بکریاں اپنے بچوں کو سفیدے کی مثالیں دیتیں ’’دیکھو ایک تم سب ہو۔ کتنا شور مچاتے اور چیختے چلاتے ہو لیکن سفیدا بالکل چپ چاپ رہتا ہے۔ ‘‘ لیکن اماں بکری کو یہ بات پسند نہیں تھی کیونکہ ان کے خیال میں سفیدے کے شرمیلے پن کی وجہ سے وہ تمام اچھے کھیلوں میں پیچھے رہ جاتا اور کسی بھی چیز سے دوسرے میمنے اور بکری بکریوں کی طرح لطف اندوز نہیں ہو پاتا اور یوں اس کے اندر ایک نا معلوم سا غصہ اور اداسی پنپنے لگی۔ یہ بات نہیں کہ سفیدے کو بولنا نہیں آتا۔ اس کا بھی دل چاہتا کہ وہ بھی دوسرے بچوں کی طرح ہنسے بولے، کھیلے کودے، سچ بات تو یہ ہے کہ شرم کے مارے بس اپنی جگہ دب کر بیٹھنے میں اسے بالکل بھی مزہ نہیں آتا۔
آج بھی اماں بکری بہت ضد کرکے اسے اپنے ساتھ چراگاہ لائیں۔ سوہنی کو اپنی سہلیوں سے ملنے کی جلدی تھی وہ اچھلتی کودتی چھوٹی پہاڑی کے پار گھاس کے میدان میں جا پہنچی جہاں وہ سب پہلے ہی سے موجود تھیں۔ سوہنی نے سفیدے کو بھی اپنے ساتھ کھیل میں شریک کرنا چاہا لیکن وہ حسب معمول انکار کرکے ایک ٹیلے پر جا کے بیٹھ گیا جہاں اماں بکری دوسری بکریوں کے ساتھ گپ شپ میں مصروف تھیں۔ ابھی وہ ادھر ادھر کا جائزہ لے ہی رہا تھا کہ قریب کی جھاڑی میں کچھ سرسراہٹ سی ہوئی۔ پہلے تو سفیدا کچھ ڈرا لیکن پھر یہ دیکھ کر اسے ہنسی آ گئی کہ ایک ننھا منا اس کی طرح کا میمنا بالکل اسی کی طرح ڈر کر جھاڑی میں چھپا بیٹھا تھا۔ اس نے قریب جاکر ڈرے سہمے ہوئے میمنے کو تسلی دی اور بولا ’’ کوئی بات نہیں شرمیلا ہونا کوئی بری بات نہیں۔ دیکھو ہم سب تمہاری طرح ہیں آؤ میرے ساتھ کھیلو۔ ‘‘تھوڑی دیر میں اماں بکری کو باتوں سے کچھ فرصت ملی تو انہوں نے سفیدے کو اپنے پیچھے نہ پا کر فکرمند ہو کر پہاڑی کی طرف دیکھا اور حیرت اور خوشی سے مسکرا دیں۔ سفیدے کو ایک دوست مل گیا تھا۔ وہ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑے چراگاہ کی طرف خراماں خراماں ایک دوسرے کو اپنے گھر والوں کے بارے میں باتیں کرتے چلے جا رہے تھے۔