اسرو اور ایکسیوم کے خلا باز شبھانشو شکلا نے بنگلور میں طلبہ سے خطاب کے دوران انہیں ۱۲؍ اہم باتیں بتائیں جن پر عمل کرکے طلبہ اپنے خوابوں کو اڑان دے سکتے ہیں، جانئے وہ ۱۲؍ باتیں کیا ہیں۔
شبھانشو شکلا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان نہ صرف زمینی سطح پر ترقی کررہا ہے بلکہ خلا کی وسعتوں میں بھی اپنا پرچم لہرانے کیلئے تیار ہے۔ اس تبدیلی کے درمیان ایک نام پوری قوم کیلئے روشنی کا مینار بن گیا ہے، اور وہ ہے خلاء باز شبھانشو شکلا۔ وہ نسل نو کیلئے امید، حوصلے اور جرات کی عملی تعبیر بن چکے ہیں۔ ملک کے مختلف اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں جب بھی شبھانشو شکلا طلبہ سے خطاب کرتے ہیں، تب ہزاروں ذہنوں میں ایک ہی سوال ہوتا ہے: ’’کیا ہم بھی خلا تک پہنچ سکتے ہیں؟‘‘ اور شبھانشو شکلا کا ہمیشہ یہی جواب دیتے ہیں: ’’کیوں نہیں؟ اگر مَیں کر سکتا ہوں تو تم سب اس سے کہیں زیادہ کر سکتے ہو۔‘‘ یہی بھروسہ، یہی اعتماد، یہی پیغام ہے جو شبھانشو شکلا آج کے نوجوانوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ طلبہ سے بات چیت کے دوران وہ انہیں بتاتے ہیں کہ کامیابی کا کوئی شارٹ کٹ نہیں،صرف محنت، نظم و ضبط، اور مسلسل کوشش ہی سے سب کچھ ممکن ہے۔ وہ کہتےہیں کہ ملک نے ترقی کا جو خواب دیکھا ہے اس کے معمار آج کے نوجوان ہیں۔ بنگلور میں اپنے حالیہ خطاب میں شبھانشو شکلا نے طلبہ کو ۱۲؍ پیغام دیئے۔
1. Perseverance is Key
مستقل مزاجی ہی کلید ہے
شبھانشو شکلا ہمیشہ کہتے ہیں کہ خلا تک جانے والا راستہ کسی راکٹ کے بٹن سے نہیں، حوصلے سے بنتا ہے۔ ان کے مطابق زندگی میں صرف ایک چیز حتمی طور پر ضروری ہے،کبھی ہار نہ ماننا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی کئی بار ناکام ہوئے، لیکن ہر ناکامی ان کے قدم مضبوط کرتی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ :
If you can try again,
you can succeed.
یہی پیغام وہ نوجوانوں کو دیتے ہیں،چاہے راستہ مشکل ہو، رفتار کم ہو، مگر کوشش کبھی نہ چھوڑیں۔
2. Dream Big
بڑے خواب دیکھو
شبھانشو شکلا کی نظر میں چھوٹے خواب انسان کو چھوٹا کر دیتے ہیں۔ وہ نوجوانوں کو چیلنج دیتے ہیں کہ ’’چاند تک پہنچنے کا جذبہ رکھو، زمین تو راستے میں خود بخود آجائے گی!‘‘ بڑا خواب دیکھنے والا ہی بڑا انسان بنتا ہے، اور جو خواب نہیں دیکھتا، وہ پہلا قدم بھی نہیں اٹھا پاتا۔
3. Embrace Curiosity
تجسس کو گلے لگاؤ
وہ کہتے ہیں کہ خلا کا سفر ایک سوال سے شروع ہوتا ہے:یہ کیسے ہوتا ہے؟ شبھانشو شکلانوجوانوں کو سکھاتے ہیں کہ سوال کرنا بغاوت نہیں،یہ علم کی پہلی سیڑھی ہے۔ مشاہدہ، تجسس اور سوالات ہی انسان کو آگے بڑھاتے ہیں۔ وہ طلبہ سے کہتے ہیں کہ اپنے ذہن کو ہمیشہ بھوکا رکھو، اسے علم کی بھوک ہونی چاہئے۔
4. Believe in Yourself
اپنے آپ پر بھروسہ کرو
شبھانشو شکلا اعتراف کرتے ہیں کہ وہ بچپن میں غیر معمولی طور پر ذہین نہیں تھے۔ لیکن ان کے پاس ایک چیز تھی،خود پر یقین۔ وہ طلبہ کو بتاتے ہیں کہ کامیابی کی اصل چابی خود اعتمادی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اگر میں کر سکتا ہوں، تو تم تو اس سے بہتر کر سکتے ہو۔‘‘
5. The Future is Bright
مستقبل بہت روشن ہے
شبھانشو شکلا کہتے ہیں کہ یہ صدی ہندوستان کی ہے۔ اسرو کے چاند، مریخ اور اسپیس اسٹیشن کے منصوبے، نئی تحقیقاتی لیبارٹریاں، نوجوان سائنسداں،یہ سب ثابت کرتے ہیں کہ آنے والا وقت سنہری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو امید دلائی کہ آج کے ہندوستان میں امکانات کی کمی نہیں،صرف جذبے کی ضرورت ہے۔
6. Be Part of the Mission
مشن کا حصہ بنو
وہ کہتے ہیں کہ ان کی خلائی پرواز تنہا مشن نہیں تھا۔ یہ ملک کے ۱۴۰؍ کروڑ لوگوں کا خواب تھا۔ شبھانشو شکلا طلبہ سے کہتے ہیں کہ قوم کا ہر مشن اُن کا اپنا ہے۔ چاہے وہ سائنس ہو، دفاع ہو، تعلیم ہو یا ٹیکنالوجی،ہر میدان میں نوجوانوں کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران نے انہوں نے کہا کہ ’’پہلا ہندوستانی جو چاند پر قدم رکھے گا، شاید آپ میں سے کوئی ہو!‘‘
7. Stay Inspired by the Present
حال سے حوصلہ لو
شبھانشو شکلا بتاتے ہیں کہ جب وہ تھک جاتے تھے، تو طلبہ کا جوش اُنہیں طاقت اور توانائی فراہم کرتا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ماضی کی ناکامی اور مستقبل کی فکر کے بجائے آج سے سیکھو، آج سے طاقت لو۔ زندگی ہمیشہ ’’اب‘‘ میں بدلتی ہے، اور سب سے اہم یہ کہ کل کیلئے ہمت آج سے آتی ہے۔‘‘
8. Stay Fit and Disciplined
صحت مند اور منظم رہو
ایک پائلٹ اور خلانورد کے طور پر شبھانشو شکلاکی زندگی نظم و ضبط سے پُر ہے۔ وہ طلبہ کو بتاتے ہیں کہ جسمانی تندرستی اور ذہنی مضبوطی کامیابی کی بنیاد ہیں۔ان کے مطابق ’’اگر جسم کمزور ہو، یا دماغ بے قابو ہوتو خواب بھی لڑکھڑا جاتے ہیں۔‘‘ لہٰذا روزانہ ورزش، پوری نیند، اور نظم و ضبط ہی کامیابی کی جانب لے جاتے ہیں۔
9. Work for theNation’s Future
قوم کے مستقبل کیلئے کام کرو
اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب تب ہی پورا ہوگا، جب آج کا نوجوان اسے اپنا مقصد بنائے۔ انہوں نے ہر تعلیم یافتہ نوجوان کو ملک کا سرمایہ اور خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہی مستقبل ہیں اس لئے آپ کو اپنے آپ پر قوم کیلئے کام کرنا ہوگاتاکہ ہم ایک مضبوط ملک کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھر سکیں۔
10. Aim for the Moon
چاند کو اپنا ہدف بناؤ
انہوں نے طلبہ سے کہا کہ ’’مجھے چیلنج کرو۔ مجھے چیلنج کرو کہ ایک دن تم میں سے ایک مجھ سے آگے جائے گا۔‘‘ ان کے نزدیک چاند صرف ایک مقام نہیںبلکہ ایک ذہنی کیفیت ہے:اونچا سوچنے کی کیفیت۔ دور دیکھنے کی ہمت۔ناقابلِ یقین کو ممکن بنانے کی جرات۔
11. Value Teamwork
ٹیم ورک کی قدر کرو
شبھانشو شکلا کہتے ہیں کہ خلا تک ایک انسان نہیں، ایک ٹیم جاتی ہے۔ سائنسداں، ڈاکٹر، انجینئر، سپورٹ اسٹاف،سب مل کر ہیرا تراشتے ہیں۔ وہ طلبہ کو سکھاتے ہیں کہ کوئی شخص اکیلا کچھ نہیں بن سکتا۔ کامیابی میں سب کا حصہ ہوتا ہے،اور احترام سب کا ہونا چاہئے۔
12. Don’t Be Afraid to Be a Beginner
کچھ نیا کرنے سے نے خوفزدہ نہ ہو
وہ طلبہ کو بتاتے ہیں کہ شروعات ہمیشہ مشکل ہوتی ہے،لیکن شروعات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’ایک وقت تھا جب میں بھی شروعات کرنے والا تھا۔ میں نے آغاز کیا اور آج خلا دیکھ چکا ہوں، اور مجھے یقین ہے کہ کل آپ دیکھیں گے۔‘‘ شبھانشو شکلا کے مطابق جو شخص سیکھنے میں شرم محسوس کرتا ہے، وہ ترقی سے دور ہو جاتا ہے۔ لیکن جو سیکھنے کا حوصلہ رکھتا ہے،وہ دنیا کو بدلنے کی طاقت رکھتا ہے۔
شبھانشو شکلا کا پیغام سادہ لیکن طاقتور ہے؛ خواب دیکھو، محنت کرو، اور ہمت نہ ہارو، خلا تم سے زیادہ دور نہیں۔ یاد رہے کہ یہ پیغام ہر اس نوجوان کیلئے ہے جو کچھ بڑا کرنے کا جذبہ رکھتا ہے۔
شبھانشو شکلا کی کہانی؛ خواب سے حقیقت تک
لکھنؤ، اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے شبھانشو شکلا نے ۲۰۰۵ء میں نیشنل ڈیفنس اکیڈمی سے کمپیوٹر سائنس کی ڈگری لینے کے بعد انڈین ایئر فورس اکیڈمی سے ۲؍ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل کیا اور ۲۰۲۵ء میں انہوں نے خلا کی طرف پرواز کی۔ اپنےخلائی مشن میں انہوں نے ۶۰؍ سے زائد تجربات کئے جن میں کم از کم ۷؍ مائیکرو گریویٹی تجربات ملک کی یونیورسٹیوں اور اداروں نے ترتیب دیئے تھے تاکہ مستقبل کے مشنز کی بنیاد رکھی جا سکے۔ مشن کے اختتام پر شبھانشو شکلا نے کہا تھا کہ ’’یہ صرف میرا سفر نہیں، ۱ء۴؍ ارب ہندوستانیوں کا سفر ہے۔‘‘