Updated: April 19, 2026, 4:06 PM IST
| Hyderabed
ابھیشیک شرما (۵۹؍رن) اور ہینرک کلاسن (۵۹؍ رن) کی دھماکہ خیز بیٹنگ اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے سنیچرکو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۷؍ ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو ۱۰؍ رنز سے شکست دے دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں سن رائزرز حیدرآباد کی تیسری جیت ہے۔
ابھیشیک شرما (۵۹؍رن) اور ہینرک کلاسن (۵۹؍ رن) کی دھماکہ خیز بیٹنگ اور گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سن رائزرز حیدرآباد نے سنیچرکو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۷؍ ویں میچ میں چنئی سپر کنگز کو ۱۰؍ رنز سے شکست دے دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں سن رائزرز حیدرآباد کی تیسری جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
۱۹۵؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری چنئی سپر کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں سنجو سیمسن (۷؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان رتوراج گائیکواڑ اور آیوش مہاترے کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لیے ۵۱؍ رنز کی شراکت ہوئی۔ پانچویں اوور میں نتیش کمار ریڈی نے آیوش مہاترے (۳۰؍ رنز، ۱۳؍ گیند) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اگلے ہی اوور میں ایشان ملنگا نے رتوراج گائیکواڑ ( ۱۹؍رن) کو آؤٹ کر دیا۔
میتھیو شارٹ اور سرفراز خان نے کچھ دیر مزاحمت کی۔ میتھیو شارٹ نے ۳۰؍ گیندوں پر۳۴؍ اور سرفراز خان نے ۱۹؍ گیندوں پر۲۵؍ رنز بنائے۔ شیوَم دوبے (۲۱؍رن) کو ثاقب حسین نے آؤٹ کیا۔ پرفل ہنگے نے آخری اوور میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ حاصل کی۔ چنئی سپر کنگز کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۸؍ وکٹ پر ۱۸۴؍ رنز ہی بنا سکی اور میچ۱۰؍ رنز سے ہار گئی۔ انشول کمبوج ۱۳؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔سن رائزرز حیدرآباد کے لیے ایشان ملنگا نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ نتیش کمار ریڈی نے دو وکٹیں لیں، جبکہ پرفل ہنگے، ثاقب حسین اور شیوَنگ کمار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:آر ایس ایس دفتر کی سیکوریٹی کیخلاف عرضداشت
اس سے قبل چنئی سپر کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اتری سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے ۷۵؍ رنز جوڑ کر ٹیم کو مضبوط آغاز دیا۔ چھٹے اوور میں مکیش چودھری نے ٹریوس ہیڈ (۲۳؍رن) کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔ اسی اوور میں انہوں نے کپتان ایشان کشن کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔
یہ بھی پڑھئے:ارشد وارثی نے مزاحیہ کرداروں سے لطف اندوز کیا
انیکیت ورما (۲؍رن) اور نتیش کمار ریڈی (۱۲) بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔۱۸؍ویں اوور میں حیدرآباد کا چھٹا وکٹ ہینرک کلاسن کے طور پر گرا، جنہوں نے ۳۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور۲؍چھکوں کی مدد سے ۵۹؍ رنز بنائے۔ شیوَنگ کمار نے۸؍گیندوں پر ۱۲؍ رنز بنائے۔ اسی اوور کی آخری گیند پر لیام لیونگ اسٹون بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سن رائزرز حیدرآباد نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۹؍ وکٹ پر ۱۹۴؍ رنز بنائے۔چنئی سپر کنگز کے لیے انشول کمبوج اور جیمی اوورٹن نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ مکیش چودھری نے دو اور گرُجپنیِت سنگھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔