Inquilab Logo

اسکاٹس پبلشر رابرٹ چیمبرز مصنف، مفکر اور ماہر ارضیات تھے

Updated: February 23, 2024, 5:08 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

والد کاکاروبار بند ہوجانے کے بعد رابرٹ اوربھائی ولیم نے سڑک پر بک اسٹال لگایا۔دونوں بھائی کاروبار بڑھانے میں کامیاب رہے۔

In 1832, Robert started the weekly magazine `Chamber`s Edinburgh Journal`. Photo: INN
۱۸۳۲ء میں رابرٹ نے ہفتہ واری میگزین’چیمبرز ایڈنبرا جرنل‘ شروع کیا تھا۔ تصویر : آئی این این

رابرٹ چیمبرز(Robert Chambers)اسکاٹش پبلشر، مفکر، ماہر ارضیات، مصنف اور ایڈیٹر تھے جو اپنے بڑے بھائی اوربزنس پارٹنر ولیم چیمبرز کی طرح ۱۹؍ویں صدی کے وسط کے سائنسی اور سیاسی حلقوں میں مشہورتھے۔ رابرٹ چیمبرز۱۰؍ جولائی ۱۸۰۲ء کو اسکاٹش بارڈرز کے پیبلز میں جین گبسن اور جیمز چیمبرز کے ہاں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد جیمز چیمبرز کپاس بنایا کرتے تھے اور انہوں نے یہی کام کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاری۔ رابرٹ کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے مقامی اسکول میں داخل کرایا گیا جہاں انہوں نے غیر معمولی ادبی ذوق اور قابلیت کا مظاہرہ کیا۔ رابرٹ نے اپنی تعلیم میں اپنے بڑے بھائی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور ان کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے رابرٹ کو وزارت کیلئے مقرر کیا گیا تھا، لیکن ۱۵؍ سال کی عمر میں انہوں نے یہ مطلوبہ کریئر چھوڑ دیا۔ پاور لوم کی اچانک آمد سے جیمز چیمبرز کے کاٹن کے کاروبار کو خطرہ لاحق ہو گیا جس سے وہ اسے بند کرنے پر مجبور ہو گئے۔ اگرچہ ان کا خاندان شروع میں کافی خوشحال تھا، لیکن ان کے والد کے کاروبار کے خاتمے نے خاندان کو غربت میں دھکیل دیا۔ 
 رابرٹ چیمبرز کا خاندان۱۸۱۳ء میں ایڈنبر منتقل ہوگیا۔ ۱۸۱۸ء میں رابرٹ اور ان کے بڑے بھائی ولیم نے چند سستی بائبل اور اسکول کی کتابیں لیں اور ایڈنبرا کی ایک سڑک پر کتابوں کا اسٹال لگا دیا۔ دونوں بھائی اپنے کاروبار کو بڑھانے میں کامیاب رہے، یہاں تک کہ’ڈبلیو اینڈ آر چیمبرز ‘کی بنیاد رکھی جو دیکھتے ہی دیکھتے برطانیہ کی کامیاب ترین اشاعتی اداروں میں سے ایک بن گئی۔ فرم نے عام دلچسپی کی کتابیں چھاپیں اور سائنس اور ثقافت کی مقبولیت میں اضافہ کرنے میں مدد کی۔ دونوں بھائیوں نے لکھنا شروع کیا اور اسے شائع کیا۔ دونوں بھائیوں کے ذوق کی وجہ سے معروف ہفتہ وار میگزین چیمبرز ایڈنبرا جرنل شروع ہوا۔ 
 رابرٹ چیمبرز کے اہم تصنیفی کاموں میں ’بایوگرافیکل ڈکشنری آف ایمیننٹ اسکاٹسمین(۴؍جلدیں )، دی سائیکلو پیڈیا آف انگلش لٹریچر (۱۸۴۴ء)، دی لائف اینڈ رابرٹ برنز (۴؍ جلدیں، ۱۸۵۱ء)، انشیئنٹ سی مارجنز (۱۸۴۸ء)، دی ڈومیسٹک اینالز آف اسکاٹ لینڈ اور دی بک آف ڈیز (۲؍ جلدیں ) شامل ہیں۔ ’چیمبرزس انسائیکلوپیڈیا‘، ڈاکٹر اینڈریو فائنڈ لیٹرکی ادارت اور ان کی نگرانی میں انجام پایا۔ سائیکلوپیڈیا آف انگلش لٹریچر ہر دور کے بہترین مصنفین کے منتخب اقتباسات کے سلسلے پر مشتمل ہے۔ 
 رابرٹ چیمبرز کا انتقال ۱۷؍مارچ ۱۸۷۱ءکو سینٹ اینڈریوز میں ہوا تھا۔ انہیں ان کی خواہش کے مطابق کیتھیڈرل کے قبرستان میں دفن کیا گیا۔ رابرٹ کی موت کے بعد، ولیم اپنی موت تک فرم کے سربراہ کے طور پر کامکرتے رہے۔ ان کے بھائی ولیم نے ’میموئیر آف رابرٹ چیمبرز ‘کے عنوان سے ایک سوانح عمری شائع کی جس میں انہوں نے اپنے بھائی کی یادوں کو جذباتی انداز میں پیش کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK