• Fri, 26 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اہم برانڈز کو اسٹیشنوں پر کاروبار میں دلچسپی

Updated: December 26, 2025, 4:09 PM IST | Agency | Mumbai

میکڈونلڈز، کے ایف سی اور ہلدی رام جیسے بڑے برانڈزایئرپورٹس کوچھوڑ کر ریلوے اسٹیشنوں پر کاروبار کرنا چاہتےہیں

More sales are expected at railway stations than at airports. Picture: INN
یئرپورٹس کے مقابلے میں ریلوےاسٹیشنوں پر زیادہ فروخت کی امید ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ریلوے اسٹیشنوں پر پریمیم فوڈ اور بیوریج آؤٹ لیٹس کھولنے کے قوانین کے بارے میں کئی بڑے عالمی اور ہندوستانی ریسٹورنٹس اور کیفے نے ریلوے حکام سے معلومات طلب کی ہیں۔ حکام اور انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ انہیں ان اسٹیشنوں پر ایئرپورٹس کے مقابلے میں بھی زیادہ فروخت کی امید ہے۔گزشتہ ماہ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ میکڈونلڈز، کے ایف سی، ہلدی رام، واؤ مومو اور باسکن رابنس جیسی معروف کمپنیوں کو ریلوے اسٹیشنوں پر اپنے آؤٹ لیٹس کھولنے کی اجازت دے گی۔
ای ٹی (اکنامک ٹائمس) کی ایک رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایسے ابتدائی آؤٹ لیٹس کے۲۰۲۶ء تک کھلنے کی توقع ہے۔ ریلوے کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ ہم ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کے تجربے کو ایئرپورٹ کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ریلوے کی ’کیٹرنگ پالیسی ۲۰۱۷‘ میں گزشتہ ماہ ترمیم کی گئی ہے جس میں اب پریمیم برانڈ کیٹرنگ آؤٹ لیٹس کو شامل کیا گیا ہے۔نیشنل ریسٹورنٹ اسوسی ایشن آف انڈیا( این آراے آئی) کے صدر ساگر دریانی کا کہنا ہے کہ اگرچہ ایئرپورٹس پر آرڈر کی قیمت زیادہ ہوتی ہے لیکن ریلوے اسٹیشنوں پر صارفین کی تعداد کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ ان کے مطابق درست بزنس ماڈل کے ساتھ ریلوے آؤٹ لیٹس بہت اچھی کمائی کر سکتے ہیں۔ زیادہ فروخت، فاسٹ ٹرن اراؤنڈ ٹائم اور لوور انٹری کاسٹ اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ وہ۷؍ ہزار سے زائد اسٹیشنوں پر ریسٹورنٹ چینز کو۵؍ سالہ لائسنس دینے کے لئے ای نیلامی کرے گی۔ یہ کمپنیاں اپنے ذاتی اسٹور یا فرینچائز اسٹور کھول سکتی ہیں۔ ایک افسر نے بتایا، ’’پریمیم فوڈ آؤٹ لیٹس کو کھانے اور سروس کے معیار میں نمایاں بہتری لانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اسٹیشنوں پر جگہ حاصل کرنے کے لئے ایک مقررہ لائسنس فیس بھی ادا کرنی ہوگی۔‘‘
زونل ریلوے کو ان ریسٹورنٹس کی کاروباری افادیت کو یقینی بنانے اور مسافروں کے مفادات میں توازن قائم رکھنے کیلئے خصوصی شرائط طے کرنے کی اجازت ہوگی۔ ریٹیل گروپ آئی آر ایچ پی ایل کی حالیہ اسٹڈی کے مطابق ایئرپورٹس پر فوڈ اینڈ بیوریج فروخت میں بیوریجز کا بڑا حصہ ہوتا ہے۔ ایگزیکٹیوز کا کہنا ہے کہ فوڈ اینڈ بیوریج کمپنیاں ریلوے اسٹیشنوں پر بھی اسی طرح کے ڈیمانڈ پیٹرن کی توقع کر رہی ہیں۔
ملک کی سب سے بڑی مٹھائی اور نمکین بنانے والی کمپنی ہلدی رام کے ایک ترجمان نے کہا،’’یہ پالیسی انڈسٹری کے لئے بہت بڑے مواقع کے دروازے کھولتی ہے اور ہم یقینی طور پر ریلوے اسٹیشنوں پر ریسٹورنٹس کھولنے میں کئی فائدے دیکھتے ہیں۔ کچھ چھوٹے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے اور ہم حکومت کے ساتھ مل کر اس پر کام کر رہے ہیں۔ اگر یہ صحیح طریقے سے نافذ ہوا تو یہ اگلا بڑا کیو ایس آربزنس موقع ثابت ہوگا، کیونکہ ہر عمر اور سماجی و معاشی طبقے کے لوگ ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK