• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’آئیڈیل‘‘ کون ہے؟ طلبہ کی زندگی میں اس کی کیا اہمیت ہے؟

Updated: November 24, 2023, 1:47 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

مادّی ترقی کیلئے ’’رول ماڈل‘‘ یا ’’آئیڈیل‘‘ کا ہونا اسلئے بھی ضروری ہے کہ آپ ان کی اچھی عادتوں کو اپناکر، ان کی زندگی سے تحریک حاصل کرکے اپنی زندگی کو کامیاب بنانے کی کوشش کریں۔

Whatever you want to do in your life, someone must have done it before. You have to find him and assess his living conditions. Photo: INN
آپ اپنی زندگی میں جو کرنا چاہتے ہیں، وہ کام پہلے بھی کسی شخص نے کیا ہوگا۔ آپ کو اسے تلاش کرنا ہے اور اس کے حالات زندگی کا جائزہ لینا ہے۔ تصویر : آئی این این

زندگی میں مقصد تلاش کرنے کے بعد عام طور پر انسان ایسے افراد کو تلاش کرنے لگتا ہے جو پہلے ہی اس مقصد کو حاصل کر چکے ہیں، پھر وہی لوگ آپ کے رول ماڈل یا آئیڈیل بن جاتے ہیں۔ بعض اوقات ایک مثالی شخص کا ہونا آپ کی زندگی کو درست سمت دے سکتا ہے۔ جب آپ ان کے بارے میں پڑھنا شروع کرتے ہیں تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ انہوں نے بھی ایسے ہی حالات اور سوالات کا سامنا کیا ہے جن سے آپ فی الحال جدوجہد کر رہے ہیں اور ہو سکتا ہے کہ انہوں نے ان سوالوں کے جوابات دیئے ہوں۔ فرض کریں، اگر وہی شخص آپ کا سرپرست بن جائے تو آپ کو دنیا کی بڑی سہولتوں میں سے ایک حاصل ہوگئی ہے لیکن اگر وہ اس دنیا میں نہیںہیں یا ان سے ملنا آپ کیلئے ممکن نہیں ہے تو سوشل میڈیا، کتابوں اور انٹرنیٹ پر آپ ان کے حالات زندگی کا مطالعہ کرسکتےہیں۔ ان کے انٹرویوز دیکھیں، سوشل میڈیا پر انہیں فالو کریں، اور ان پر لکھے گئے مضامین پڑھیں۔ 
 ایک مثالی شخص کی پیروی کرنے سے زیادہ اہم اس کا انتخاب ہے۔ ایک عظیم شخص کی پیروی آپ کو عظیم کام کرنے پر مجبور کر سکتی ہے لیکن اگر آپ کسی غلط شخص کی پیروی کرتے ہیں تو یہ نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
رول ماڈل/ آئیڈیل کون ہے؟
ماہر نفسیات البرٹ بانڈورا کی سوشل لرننگ تھیوری کے مطابق، لوگ دوسروں کے طرز عمل کو دیکھ کر اور ان کی نقل کر کے ترقی کرتے ہیں۔ ایک آئیڈیل اور رول ماڈل وہ شخص ہوتا ہے جسے آپ دیکھ کر اس سے تحریک حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ کوئی ایسا شخص ہو سکتا ہے جس نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہوں، یا کوئی ایسا شخص ہو جو اپنی زندگی کو اس طریقے سے گزارنے میں اچھا ہو جس کی آپ خواہش رکھتے ہوں۔ رول ماڈل کا ہونا آپ کو اپنے مقاصد تک پہنچنے کیلئے تحریک اور ترغیب دے سکتا ہے۔ 
رول ماڈل ہونے کے فوائد
 اچھا رول ماڈل اپنے آس پاس کے لوگوں پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ اس کا بڑے پیمانے پر احترام کیا جاتا ہے۔
کمپنیاں ایسے لیڈر چاہتی ہیں جو دوسروں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
وہ لوگوں کو مثبت طریقے سے تحریک دیتا ہے۔
طلبہ کی زندگی میں آئیڈیل کی اہمیت
کامیاب انسان کی خوبیوں کو اپنانے کی کوشش:
آپ کا رول ماڈل آپ کی نظر میں ایک کامیاب انسان ہے جس نے اپنی قابلیت اور صلاحیتوں کی بنیاد پر معاشرے میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ اس کا یہ مقام اس نے انتہائی محنت سے حاصل کیا ہے۔ اس کی محنت اور کامیابی طالب علم کو درس دیتی ہے کہ وہ ان سے تحریک حاصل کرکے امتحانات میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے۔
آئیڈیل کی غلطیوں سے سیکھئے:
ہر انسان غلطیاں کرتا ہے۔ آپ کے آئیڈیل نے زندگی میں کوئی غلطی نہ کی ہو، ایسا ممکن نہیں ہے۔ ایک اچھا رول ماڈل وہی ہے جو اپنی کامیابیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے اپنی ناکامیوں کو نہیں چھپاتا۔ یاد رہے کہ ناکامی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اور اگر کوئی طالب علم اپنے آئیڈیل کی ناکامیوں کو دیکھتے ہوئے اس کی کامیابیوں کا گراف دیکھتا ہے تو اسے اپنے رول ماڈل پر فخر محسوس ہوتا ہے۔ آپ اپنے رول ماڈل کی غلطیوں سے سیکھئے۔ اس نے جو غلطیاں کی ہیں، انہیں دہرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ کو اس کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ اس کی کامیابی آپ کو آگے بڑھنے کی تحریک دے گی۔ 
رکاوٹوں سے لڑنا سیکھئے:
یاد رکھئے کہ آپ کو ناکامی کو رکاوٹ نہیںبننے دینا ہے۔ جب بہتے پانی کے سامنے کوئی پتھر یا کوئی شے رکھ دی جاتی ہے تو وہ دونوں جانب سے کھلے حصے سے بہنے لگتا ہے۔ یاد رکھئے کہ زندگی میں کئی رکاوٹیں آتی ہیں۔ ناکامی کے دوران آپ کو کئی مرتبہ محسوس ہوگا کہ آگے راستہ ہی نہیں ہے لیکن مشکل حالات کا بہادری سے مقابلہ کرنا اور اسے شکست دے کر آگے بڑھنا ہی زندگی ہے۔ آپ کے آئیڈیل کی زندگی یقیناً مشکلات سے بھری ہوئی ہیں مگر وہ انہیں شکست دے کر کامیابیاں اپنے نام کرتا ہے۔ آپ کو اس سے سیکھنا ہے کہ مشکلات سے لڑ کر آگے کیسے بڑھا جاتا ہے۔ اگر آپ غور کریں تو احساس ہوگا کہ طالب علمی کے دور میں بھی رکاوٹیں آتی ہیں مگر آپ اپنے طور پر ان سے نمٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہی عمل پوری زندگی جاری رکھئے۔
ترغیب اور تحریک حاصل کیجئے:
مثبت خوبیوں اور خیالات والا رول ماڈل آپ کی زندگی کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کسی اچھے شخص کی خوبیوں اور اچھی عادتوں کی نقل کرنا بری بات نہیں ہے لیکن یاد رہے کہ اس عمل میں آپ اپنی چمک نہ کھو بیٹھیں۔ اپنے آئیڈیل کی زندگی سے سیکھئے اور مسلسل سیکھتے رہئے۔ اس کی صلاحیتوں کو اپنانے کی کوشش کیجئے۔ اس کے انداز کو نقل کرنے کی کوشش کیجئے۔ اگر آپ کسی مشکل کا شکار ہیں تو ان کی مشکلات اور کامیابی کو اپنے ذہن میں رکھئےاور ان سے تحریک حاصل کیجئے۔ اگر آپ کامیاب زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو کامیابی کی کہانیاں ہی آپ کو اپنے ہدف کی طرف مسلسل بڑھانے میں اہم کردارا ادا کریں گی۔
اپنی صلاحیتوں کو نکھاریئے: 
 ایک آئیڈیل، چاہے آپ نے اس سے ملاقات کی ہو یا نہ کی ہو، آپ کو اپنے بہترین ورژن تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ مثال کے طور پر ایپل کے بانی اسٹیو جابس آپ کے آئیڈیل ہیں، اب آپ ان کے جیسا بننے کی کوشش کیجئے کہ کس طرح انہوں نے مشکلات کا سامنا کیا اور آج ان کا شمار دنیا کے اہم دماغوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اختراعات کے  ذریعے دنیا کو ایک نیا رُخ دیا۔ ان کے خیالات اور کامیابیاں آپ کو تحریک دیں گی، اور آپ اپنے آپ کو نکھارنے میں لگ جائیں گے۔ اس بات کے قوی امکان ہیں کہ مستقبل میں دنیا کیلئے آپ کچھ اچھا کریں اور عالمی شہرت حاصل کریں۔
ماہرین کیا کہتے ہیں؟
 آئیڈیل اور رول ماڈل کے متعلق ماہرین کہتے ہیں کہ مادی دنیا میں ترقی حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ کا کوئی آئیڈیل ہو۔ آج دنیا میں سیکڑوں شعبے ہیں اور لاکھوں آئیڈیل۔ طلبہ اپنی صلاحیتوں کو جانتے ہیں اس لئے وہ ان کے مطابق درست فیصلہ کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK