ریلیز سے قبل اس کا ٹیزر پہلے جاری کیا جاتا ہے پھر ٹریلر ریلیز کیا جاتا ہے۔لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ فلم ریلیز کی مقرر تاریخ سے پہلے اس کی اسکریننگ ہوتی ہے، کیوں؟
EPAPER
Updated: May 23, 2025, 2:18 PM IST | Mumbai
ریلیز سے قبل اس کا ٹیزر پہلے جاری کیا جاتا ہے پھر ٹریلر ریلیز کیا جاتا ہے۔لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ فلم ریلیز کی مقرر تاریخ سے پہلے اس کی اسکریننگ ہوتی ہے، کیوں؟
ہندوستان میں فلموں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ ابتدا میں یہ تفریح کے ساتھ اصلاح کا بھی ذریعہ ہوتی تھی مگر اب اصلاح کا پہلو مفقود ہوتا جارہا ہے۔فلموں میں نمائش یک بیک نہیں ہوتی بلکہ اس کیلئے ماحول تیار کیا جاتا ہے، ناظرین کی توجہ حاصل کی جاتی ہے اور تب کہیں فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں۔ ریلیز سے قبل اس کا ٹیزر پہلے جاری کیا جاتا ہے پھر ٹریلر ریلیز کیا جاتا ہے۔لیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ فلم ریلیز کی مقرر تاریخ سے پہلے اس کی اسکریننگ ہوتی ہے، کیوں؟
فلم کی کوالیٹی اور اثر کا جائزہ لینا
(۱) ٹیسٹ اسکریننگ: اس میں عام ناظرین یا مخصوص گروپ کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ فلم پر ان کا ردعمل دیکھا جا سکے۔ ناظرین کی آراء سے فلم ساز جان سکتے ہیں کہ کہانی سمجھ میں آ رہی ہے یا نہیں۔کرداروں سے ہمدردی ہو رہی ہے یا نہیں۔ ناظرین کہیںاکتاہٹ کا شکار تو نہیں ہورہے ہیں۔ان آراء کی روشنی میں فلم میں تبدیلی کی جاتی ہے۔
(۲) کریئٹیو ٹیم کیلئے: ڈائریکٹر، پروڈیوسر، ایڈیٹرز اور دیگر عملہ فلم دیکھتے ہیں تاکہ فلم میں حتمی تبدیلیاں کی جا سکیں۔
تجارتی مقاصد
(۱) نقادوں کیلئے اسکریننگ: فلمی نقادوں کو پہلے فلم دکھائی جاتی ہے تاکہ وہ اس پر تبصرہ لکھ سکیں۔مثبت تبصرے فلم کی شہرت میں اضافہ کرتےہیں۔
(۲) پریمیئر شو: اس میں مشہور شخصیات، میڈیا اور مہمانوں کو فلم دکھائی جاتی ہے۔ اس سے فلم کو خبروں میں جگہ ملتی ہے اور توجہ حاصل ہوتی ہے۔
سرٹیفیکیشن اور سینسر بورڈکیلئے اسکریننگ
فلم کو ریلیز سے قبل سنسر بورڈ کے سامنے پیش کرنا لازمی ہوتا ہے۔ اسکریننگ کے دوران سینسر بورڈ فیصلہ کرتا ہے کہ فلم ریلیز کے قابل ہے یا نہیں۔ کون سی عمر کے افرادکیلئے موزوں ہے۔ اگر کوئی متنازع مواد ہو تو اسے حذف یا ترمیم کی ہدایت دی جاتی ہے۔
خرید و فروخت اور فلمی میلوں کیلئے اسکریننگ
بعض اوقات فلمیں بین الاقوامی فلم میلوں یا مارکیٹوں میں دکھائی جاتی ہیں تاکہ خریدار یا ڈسٹریبیوٹرز انہیں خرید سکیں۔اس کے علاوہ مشہور فلمی فیسٹیولز میں بھی فلم کی اسکریننگ ہوتی ہے۔
قانونی اور مالیاتی اسباب
بعض فلموں میں سرمایہ لگانے والے ادارے یا انویسٹرز کیلئے خاص اسکریننگ رکھی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی سرمایہ کاری کا نتیجہ دیکھ سکیں۔ واضح رہے کہ فلم کی اسکریننگ صرف ایک رسمی عمل نہیں بلکہ ایک تخلیقی، تجارتی اور قانونی ضرورت ہے۔