رکن پارلیمان ناصر حسین نے الزام لگایا کہ سینہہ ہستھ کمبھ ۲۰۲۸ء کی آڑ میں اجین میں مسلمانوں کے گھروں اورعبادتگاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 2:00 PM IST | Agency | New Delhi
رکن پارلیمان ناصر حسین نے الزام لگایا کہ سینہہ ہستھ کمبھ ۲۰۲۸ء کی آڑ میں اجین میں مسلمانوں کے گھروں اورعبادتگاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔
اجین میں سنیچر کو ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مادھونگری ریلوے اسٹیشن کے پاس مبینہ تجاوزات کے خلاف کارروائی اور ماضی قریب میں کی جانے والی اس طرح کی مختلف انہدامی کارروائیوں پر کانگریس نے شدید تنقید کی ہے۔ پارٹی کے کرناٹک سے راجیہ سبھا کے رکن اور جموں کشمیر و لداخ کے پارٹی انچارج جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید ناصر حسین نے اتوار کو مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں مسلم مذہبی مقامات اور رہائشی املاک کو منہدم کیے جانے پر تنقید کی۔
ڈاکٹر ناصر حسین نے الزام لگایا کہ یہ کارروائی۲۰۲۸ء میں ہونے والے سینہہ ہستھ کمبھ کی تیاریوں کے نام پر کی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں ناصرحسین نے دعویٰ کیا کہ’’ مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع کئی مذہبی اور رہائشی عمارتوں کو منہدم کیا گیا ہے۔ ان میں مزارات، مسجد قلندری، شاہی مقبرہ اور متولی سے تعلق رکھنے والے مکانات شامل ہیں۔‘‘انہوں نے مزید الزام لگایا کہ’’ اجین بھر میں ترقیاتی اور شہر کی خوبصورتی سے متعلق منصوبوں کے تحت تقریباً۸۰؍ مذہبی مقامات کو ہٹایا گیا ہے یا دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔ یہ تمام منصوبے آئندہ دھارمک پروگرام کی تیاریوں سے منسلک ہیں۔ کانگریس لیڈر نے اس کارروائی پر سوال قائم کرتے ہوئے پوچھا کہ سمہستھ ۲۰۲۸ء کی تیاریوں کے نام پر مسلم عبادت گاہوں، مقابر اور مکانات کو ہی نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی ریاضی دان نینا گپتانے۷۰؍ سال پرانا ریاضی کا مسئلہ حل کر دیا
سید ناصر حسین نے بی جے پی پر نام نہاد ’’بلڈوزر سیاست‘‘ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کارروائیوں کا سب سے زیادہ اثر اقلیتی طبقوں پر پڑتا ہے اور ان کے مذہبی ورثے، وقار اور تحفظ کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آیا یہ انہدامی کارروائیاں مناسب قانونی تحفظات اور مقررہ قانونی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے کی جا رہی ہیں یا نہیں۔ ان کے مطابق، یہ واقعات خوف و ہراس پیدا کرنے والی وسیع تر سیاست کا حصہ ہیں۔
معلوم ہوکہ سینہہ ہستھ کمبھکا انعقاد مدھیہ پردیش کے شہر اجین میں ہر۱۲؍ سال بعد ہوتا ہے۔ یہ ہندو سماج کے بڑے مذہبی پروگرام میں شمار ہوتا ہے۔ توقع ہے کہ۲۰۲۸ء میں ہونے والے اس پروگرام میں لاکھوں عقیدتمند شرکت کریں گے۔اس کے پیش نظر مدھیہ پردیش حکومت اور مقامی انتظامیہ نے شہر میں بنیادی ڈھانچے، صفائی ستھرائی اور شہری ترقی کے کئی بڑے منصوبے شروع کیے ہیں۔ تاہم، اپوزیشن کے لیڈران نے تشویش ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں سے اقلیتی آبادی والے محلوں اور مذہبی مقامات پر غیر متناسب اثر پڑ رہا ہے۔دوسری جانب، ریاستی حکومت اور مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہدام اور منتقلی کی کارروائیاں قانون کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق، متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔