پاسدارانِ انقلاب کا دعویٰ ۔کہا : بحرین کے فوجی ٹھکانوں پر تعینات امریکہ کے۲؍ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس راڈار سسٹم کو میزائل اور ڈرون کے
ذریعے نشانہ بنایا گیا۔آبنائے ہرمز کے پاس امریکی ڈرون مارگرانے اور خلیج فارس پر امریکی ایف۱۶؍ طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ۔
ایران کے حملے کے بعدبحرین کے علاقے میں آگ لگ گئی جس کےشعلے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ بحرین کے فوجی ٹھکانوں پر تعینات امریکہ کے۲؍ پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس راڈار سسٹم کو میزائل اور ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی اور ہینگم جزیرے پر ایک راڈار ٹھکانے پر امریکی حملے کا جواب قرار دیا ہے۔ اس دوران بحرین میں ایک صنعتی ادارے پر حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ہے۔ دوسری جانب آبنائے ہرمز کے آس پاس تیل بردار جہازوں پر حملوں اور امریکی ڈرون کو مار گرانے کے دعوؤں نے سمندری سلامتی کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔دوسری جانب ایران نے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے خلیج فارس پر امریکی ایف۱۶؍ طیارے کو میزائل سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا اور پائلٹ کو مشن ادھورا چھوڑ کر خطے کے قریبی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
ایک صنعتی ادارہ متاثر ہوا جہاں آگ لگ گئی : بحرین
پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ اس نے بحرین کے الرفاع اور عوالی ایئربیس پر امریکی فضائی دفاعی راڈار نظام کو نشانہ بنایا۔ بحرین کے حکام کے مطابق حملے میں ایک صنعتی ادارہ متاثر ہوا جہاں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ اور شہری دفاع کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔ حالانکہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ حملے کے بعد بحرین نے عوام کیلئے جاری خطرے کا انتباہ واپس لیتے ہوئے صورتحال معمول پر آنے کی اطلاع دی۔ حالانکہ انتظامیہ نے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ایرانی پارلیمنٹ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کئے گئے تو تہران اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کی دھمکیاں محض بیان بازی نہیں ہیں بلکہ ان پر عملی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
سمندری خطے میں بھی کشیدگی کے اثرات نظر آرہے ہیں۔ ایرانی بحریہ کے مطابق آبنائے ہرمز کے مشرق میں ممنوعہ علاقے کے اندر ایک تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ دوسری جانب برطانیہ کی بحری ایجنسی نے عمان کے خاصاب علاقے کے شمال اور مشرق میں۲؍ تیل بردار جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملے کی اطلاع دی ہے۔ ان واقعات نے خلیجی خطے میں تیل کی نقل و حمل کی سلامتی کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔ آئی آر جی سی نے الگ الگ واقعات میں امریکہ کے۲؍ ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان میں ایک ایم کیو ۹؍اور دوسرا ایم کیو ایک پریڈیٹر ڈرون شامل ہے۔ ایران کے مطابق دونوں ڈرونز کو آبنائے ہرمز کے اوپر نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل میں نیتن یاہو کی واپسی کیلئے چور دروازہ!
سعودی عرب کا بحرین سےیکجہتی کا اعادہ
سعودی عرب نے اتوارکو بحرین میں ایک شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے منامہ (بحرین) سے مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور تہران کو ان مسلسل حملوں کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیا۔سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اس حملے پر مملکت کی جانب سے سخت ترین مذمت کا اظہار کیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے بحرین کے تمام اقدامات کی حمایت کی۔وزارت نے خطے میں ایران کے عدم استحکام کا باعث بننے والے رویے کو سختی سے مسترد کر دیا جس میں ہمسایہ ممالک اور شہری تنصیبات پر حملے شامل ہیں۔ وزارت نے تہران پر بین الاقوامی قانون، اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے منشور اور ہمسایہ ممالک سے مثبت روابط کے اصولوں کی خلاف ورزی کا الزام بھی عائد کیا۔وزارت نے کہاکہ سعودی عرب ’یہ ظالمانہ حملے جاری رکھنے کے نتائج کیلئے ایران کو ذمہ دار قرار دیتا ہے۔
اردن اور قطر نے بھی سخت مذمت کی
عرب میڈیا کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بحرین میں شہری تنصیب کو حملے کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔اردنی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی حملہ بحرین کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اردن خلیجی ریاستوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔اسی طرح قطر نے بھی بحرین میں ایک شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی مذمت کی ۔دوحہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزارتِ خارجہ، اقتصادی تنصیبات، شہری املاک اور عام شہریوں پر ہونے والے حملوں کو ریاست ِ قطر سختی سے مسترد کئے جانے کے اپنے موقف کا اعادہ کرتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ ان حملوں کا جاری رہنا کشیدگی کا باعث ہے جو خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ ہے۔