کیا آپ نے کبھی سوچا کہ شرماتے وقت چہرہ سرخ کیوں ہوجاتا ہے؟
EPAPER
Updated: October 31, 2025, 4:17 PM IST | Mumbai
کیا آپ نے کبھی سوچا کہ شرماتے وقت چہرہ سرخ کیوں ہوجاتا ہے؟
 
                                انسانی جذبات کا اظہار صرف الفاظ سے نہیں بلکہ جسمانی ردِعمل سے بھی ہوتا ہے۔ جب انسان خوش ہوتا ہے تو چہرہ کھِل اُٹھتا ہے، غصے میں تیور بدل جاتے ہیں، اور شرم یا جھجک کی حالت میں چہرہ سُرخ پڑ جاتا ہے۔ کیا آپ نے کبھی سوچا کہ شرماتے وقت چہرہ سرخ کیوں ہوجاتا ہے؟
خودکار اعصابی نظام کا کردار
یہ عمل صرف انسانوں میں پایا جاتا ہے اور جسم کی ایک قدرتی فزیالوجیکل ردِعمل ہے۔ اس کیفیت کو’’Blushing‘‘کہا جاتا ہے۔ جسم میں ایک نظام ہوتا ہے جسے ’’آٹو نومک نروس سسٹم‘‘ کہتے ہیں۔ یہ نظام ہمارے جسم کے غیر ارادی افعال کو کنٹرول کرتا ہے، جیسے سانس لینا، دل کی دھڑکن اور خون کی روانی۔ جب انسان شرماتا ہے تو اس نظام کا ایک حصہ، ’’سمپاتھیٹک نروس سسٹم‘‘ متحرک ہوجاتا ہے۔ یہ وہی نظام ہے جو’’ فائٹ اور فلائٹ‘‘ کے ردِعمل کو کنٹرول کرتا ہے۔ 
ایڈرینالین (Adrenaline) کا اثر
شرمندگی یا گھبراہٹ کے دوران دماغ ایڈرینالین نامی ہارمون خارج کرتا ہے۔ یہ ہارمون خون کی نالیوں کو پھیلا دیتا ہے، خاص طور پر چہرے اور گردن کی جلد کے نیچے موجود باریک خون کی نالیوں کو۔ جب یہ نالیاں پھیلتی ہیں تو ان میں زیادہ خون بہنے لگتا ہے جس سے چہرہ سُرخ نظر آنے لگتا ہے۔ 
چہرہ ہی کیوں سُرخ ہوتا ہے؟
چہرے کی جلد میں خون کی نالیاں جسم کے دوسرے حصوں کے مقابلے میں زیادہ حساس ہوتی ہیں۔ مزید یہ کہ چہرے کی جلد نسبتاً پتلی ہوتی ہے اس لئے خون کے بہاؤ میں اضافہ فوراً ظاہر ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے شرم، تعریف، یا گھبراہٹ کے وقت چہرہ (خاص طور پر گال) سُرخ پڑ جاتا ہے۔ 
یہ سماجی شعور کی بھی علامت ہے
دلچسپ بات یہ ہے کہ چہرہ شرم سے سرخ ہونا صرف انسانوں میں دیکھا گیا ہے، کسی اور جاندار میں نہیں۔ ماہرینِ نفسیات کے مطابق یہ انسانی جذبات کی پہچان اور سماجی شعور کی علامت ہے۔ جب آپ شرمندگی یا شرم سے سرخ ہوتے ہیں تو دوسروں کو یہ اشارہ ملتا ہے کہ آپ اپنی غلطی یا احساس کو سمجھتے ہیں یعنی آپ ایماندار اور حساس ہیں۔ 
غصہ کی حالت میں چہرہ سرخ کیوں ہوجاتا ہے؟
غصے کی حالت میں دماغ ایڈرینالین اور نورایڈرینالین جیسے ہارمون خارج کرتا ہے جو خون کی نالیوں کو پھیلا دیتے ہیں۔ اس سے چہرے میں خون کا بہاؤ بڑھ جاتا ہے اور جلد کے نیچے زیادہ خون جمع ہونے لگتا ہے۔ نتیجتاً چہرہ سرخ نظر آتا ہے۔