Inquilab Logo Happiest Places to Work

بالی ووڈکی ۵؍ مشہور ہیروئنیں جو طویل عرصے بعد پردۂ سیمیں پر واپس آنےوالی ہیں

Updated: June 29, 2025, 11:26 AM IST | Mumbai

یہاں ذیل کی سطروں میں کچھ ایسی ہیروئنوں کا تذکرہ ہوگا جنہیں ہم سابقہ دور کی فنکارہ نہیں کہیں گےلیکن یہ بھی سچ ہے کہ وہ طویل عرصے سے پردہ سیمیں سے غائب ہیں۔

Shilpa Shetty and Bipasha Basu. Photo: INN.
شلپا شیٹی اور بپاشا باسو۔ تصویر: آئی این این۔

بالی ووڈ میں صلاحیتوں کی کمی کبھی نہیں رہی۔ ہر دور میں اچھے فنکار آتے رہے۔ وہ گئے تو ان کی جگہ نئے اداکاروں نے لے لی۔ اس کے باوجود ہر دور میں سابقہ دور کے اداکاروں کو یاد کیا گیا ہے۔ یہاں ذیل کی سطروں میں کچھ ایسی ہیروئنوں کا تذکرہ ہوگا جنہیں ہم سابقہ دور کی فنکارہ نہیں کہیں گےلیکن یہ بھی سچ ہے کہ وہ طویل عرصے سے پردہ سیمیں سے غائب ہیں۔ انہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے ہندوستانی سنیما پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ ان کے طویل عرصے تک فلموں سے دور رہنے کے باوجود ان کا سحر فلم شائقین کے دلوں پر آج بھی طاری ہے۔ ان میں شلپا شیٹی، ایشا کوپیکر، پریتی زنٹا، لارا دتہ اور بپاشا باسو کے نام قابل ذکر ہیں۔ بالی ووڈ کی یہ چند ایسی اداکارائیں ہیں جن کی ممکنہ واپسی یا نئے پروجیکٹ کے اعلانات نے۲۰۲۵ء کیلئے فلم شائقین کی توقعات کو بڑھا دیا ہے۔ یہ صرف اداکارہ نہیں ہیں بلکہ اپنے وقت کی آئیکون کہلاتی ہیں۔ جس وقت انڈسٹری ترقی کر رہی ہو، وہاں ہمیشہ ٹیلنٹ کی گنجائش ہوتی ہے۔ یہاں امید کی جا رہی ہے کہ۲۰۲۵ء ان اداکاراؤں میں سے ہر ایک کو سنیما پلیٹ فارم دے گا جس کی وہ مستحق ہیں۔ فلم شائقین انہیں ایک بار پھر سینما گھروں میں دھوم مچاتے ہوئے دیکھنے کیلئے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ 
شلپا شیٹی
شلپا شیٹی نے اپنے کریئر کا آغاز شاہ رخ خان کی فلم ’بازی گر‘ کے ساتھ کیا۔ اس کی وجہ سے یہ اپنی پہلی ہی فلم سے مشہور ہوگئیں۔ اس کیلئے انہیں فلم فیئر ایوارڈکے ۲؍ زمروں ( معاون اداکارہ اور نیو لُک) کیلئے نامزد بھی کیا گیا تھا۔ ان کی فلم ’دھڑکن‘ کو کافی پسند کیا گیا تھا۔ شلپا شیٹی فلموں سےتقریباً ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دور ہیں۔ حالانکہ اس دوران ۲۰۲۱ء میں فلم’ہنگامہ۔ ۲‘کے ساتھ انہوں واپسی کی۔ اس کے بعد ان کی فلم ’نکما اور سُکھی‘ ریلیز ہوئیں۔ تاہم پھر وہ پردے سے دور ہوگئیں۔ اب ان کی ایک اور فلم ’کے ڈی۔ دی ڈیول‘ ۱۱؍ جولائی کو پردے پرپیش کی جانے والی ہے۔ ایسے میں شائقین شلپا کی اداکاری کو ایک بار پھر دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔ 
ایشا کوپیکر
فلم ’فضا‘ سے ہندی فلموں میں اپنے کریئر کا آغاز کرنے والی ایشا کوپیکر پھر بالی ووڈ ہی کی ہوکر رہ گئیں۔ اس سے قبل وہ جنوبی ہند کی فلموں میں اپنا جلوہ بکھیر رہی تھیں۔ بہت کم وقت میں انہوں نے کئی اہم فلموں میں کام کیا، جس میں دل کا رشتہ، قیامت اور کیا کول ہیں ہم‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ان کی بے مثال کامیڈی ٹائمنگ اور ان کی دلکشی آج بھی بالی ووڈ کے شائقین کو یاد ہے۔ وہ ابھی کچھ عرصے سے لائم لائٹ سے دور ہیں، لیکن آج کے دور میں جب مضبوط خواتین پر مبنی کہانیوں کو ترجیح دی جا رہی ہے، تو ایشا کی واپسی کی بہت ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بالی ووڈ کے کئی فلمسازوں سے ان کی بات چیت چل رہی ہے۔ 
پریتی زنٹا
اپنی دلفریب مسکراہٹ اور بہترین اداکاری کی وجہ سے پریتی زنٹا کے فین فالوور کی بڑی تعداد ہے لیکن وہ کافی عرصے سے پردہ سیمیں سے غائب ہیں۔ ۲۰۱۸ء میں فلم ’بھیا جی سپر ہٹ‘ کے بعد، انہوں نے اپنے کاروبار اور آئی پی ایل ٹیم پنجاب کنگز پر توجہ مرکوز کردی تھی۔ دل چاہتا ہے، کل ہو نا ہو، ویر زارا اور لکشیا جیسی فلموں میں شاندار پرفارمنس دینے والی اداکارہ خود کو ثابت کرنے کی منفرد صلاحیت رکھتی ہیں۔ اچھی خبر یہ ہے کہ پریتی زنٹا جلد ہی عامر خان کی فلم ’لاہور ۱۹۴۷‘ کے ساتھ بالی ووڈ میں واپس آرہی ہیں جن کا فلم شائقین نہایت بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ 
لارا دتہ
فلم ’بیل باٹم‘ میں اندرا گاندھی کے کردار میں لارا دتہ کو دیکھ کر سب دنگ رہ گئے تھے، لیکن کووڈ کے بعد سینما گھروں کی بحالی کےدور میں شاندار کارکردگی کے باوجود انہیں وہ پہچان نہیں ملی جس کی وہ مستحق تھیں۔ اب جبکہ ان کی ‘ویلکم ٹو دی جنگل‘ دسمبرمیں ریلیز ہونے جارہی ہے، فلم شائقین کے ذہن میں صرف ایک چیز ہے، اور وہ ہے کہ — دسمبر میں لارا دتہ کی اداکاری کو ایک بار پھر پردہ سیمیں پر دیکھنا۔ 
بپاشا باسو
بپاشا کی آخری فلم ۲۰۱۵ء میں فلم’ الون‘ ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم نے ان کی حیثیت کو ایک بار پھر بالی ووڈ میں مستحکم کردیا تھا۔ انہوں نے جہاں تھرلر اور خوفناک فلموں میں اپنا نام کمایا، وہیں انہوں نے کارپوریٹ، نو انٹری، دھوم۲؍ اور ریس جیسی فلموں کے ذریعہ یہ بھی ثابت کیا کہ ان کا ہنر صرف ہارر فلموں تک محدود نہیں ہے۔ بپاشا کی بڑی اسکرین پر واپسی بالی ووڈ کیلئے ایک خوش آئند اضافہ ہوگا، خاص طور پر اس دور میں جہاں خواتین کرداروں کو مرکزی سطح پر رکھا جا رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK