راج ٹھاکرے کے ہاتھوں اعزاز حاصل کر چکیں سینئر گلوکارہ سے ادھو اور راج کے اتحاد سے متعلق سوال پوچھنے پر حیران کن جواب۔
EPAPER
Updated: June 29, 2025, 12:24 PM IST | Mumbai
راج ٹھاکرے کے ہاتھوں اعزاز حاصل کر چکیں سینئر گلوکارہ سے ادھو اور راج کے اتحاد سے متعلق سوال پوچھنے پر حیران کن جواب۔
فلمی گلوکاری میں اجارہ داری رکھنے والی منگیشکر بہنوں کو شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کا قریبی سمجھا جاتا تھا لیکن ممبئی میں ایک پروگرام کے دوران آشا بھوسلے نے یہ کہہ کر سب کو چونکا دیا کہ وہ سیاست میں آشیش شیلار کے علاوہ کسی کو نہیں جانتیں۔ دراصل آرڈ ی برمن کے یوم پیدائش پر منعقدہ ایک پروگرام کے دوران آشا بھوسلے میڈیا سے بات کر رہی تھیں۔ اس وقت ریاستی وزیر آشیش شیلار بھی ان کے ساتھ تھے۔
یاد رہے کہ آنجہانی لتا منگیشکر، شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے کے قریبی لوگوں میں شمار ہوتی تھیں۔ لتا منگیشکر نے خود بال ٹھاکرے کی مہمان نوازی کے قصے میڈیا کے سامنے بیان کئے تھے۔ یہ دونوں اب اس دنیا میں نہیں ہیں لیکن لتا منگیشکر کی چھوٹی بہن آشا بھوسلے جو موسیقی کی دنیا میں اتنا ہی اونچا مقام رکھتی ہیں ، آج بھی سرگرم ہیں۔ ایک روز قبل ممبئی میں عظیم موسیقار اور آشا بھوسلے کے شوہر آر ڈی برمن کے یوم پیدائش کے موقع پر آر ڈی برمن کے گھر پر ایک تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں ریاستی وزیر برائے ثقافت آشیش شیلا ر بھی شریک ہوئے۔ اس دوران آشا بھوسلے نے میڈیا سے بھی بات کی۔ ٹھاکرے خاندان سے منگیشکر گھرانے کے تعلقات کی بنا پرکچھ صحافیوں نے ان سے سوال کیا کہ ’’ راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے اتحاد کی باتیں ہو رہی ہیں۔ کیا دونوں کے متحد ہونے پر مہاراشٹر کی سیاست کو کوئی فائدہ پہنچے گا؟‘‘ اس پر آشا بھوسلے نے یہ حیران کن جواب دیا کہ ’’ میں سیاست میں آشیش شیلار کے علاوہ اور کسی کو نہیں جانتی ہوں۔ مجھے سیاست چاہئے ہی نہیں۔ ‘‘ جب ان سے ہندی کو مہاراشٹر کے اسکولوں میں لازمی کرنے کے معاملے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ’’ میں سیاسی معاملات پر تبصرہ کروں گی ہی نہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ آشا بھوسلے کئی بار ایم این ایس کے اسٹیج پر دکھائی دے چکی ہیں۔ راج ٹھاکرے کے ہاتھوں انہیں اعزاز بھی دیا جا چکا ہے۔ اتنا ہی نہیں جن دنوں ۲۰۲۱ ء میں راج ٹھاکرے نے جب مسجدوں کے لائوڈ اسپیکر کے خلاف اشتعال انگیز مہم چھیڑی تھی تو ان کی تقریر کے دوسرے ہی دن آشا بھوسلے نے ان کی رہائش گاہ جا کر ملاقات کی تھی۔ وجہ یہ تھی اس وقت راج ٹھاکرے کے پیر کا آپریشن ہوا تھا۔ اتنی قربت کے باوجود آشا بھوسلے کا یہ کہنا کہ وہ آشیش شیلا ر کے علاوہ سیاست میں کسی کو نہیں جانتیں حیران کن معلوم ہوتا ہے۔