Inquilab Logo

فلم فیئر ایوارڈ ۲۰۲۴ء: ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’راکی اور رانی‘ کو متعدد نامزدگیاں

Updated: January 16, 2024, 7:17 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

۶۹؍ ویں فلم فیئر ایوارڈ ۲۰۲۴ء کی نامزدگیاں منظر عام پر۔ اس سال فلم فیئر ایوارڈ کے بڑے ایوارڈ شاہ رخ خان بمقابلہ شاہ رخ خان ہوں گے۔ ان کی تینوں ہی فلموں (پٹھان، جوان اور ڈنکی) کو نامزدگیاں ملی ہیں۔ علاوہ ازیں، رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ کی اداکاری سے سجی فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ بھی مختلف زمروں میں نامزد ہوئی ہے۔

69 Filmfare Awards. Photo: INN
فلم فیئر ایوارڈ ۲۰۲۴ء۔ تصویر : آئی این این

۶۹؍ ویں فلم فیئر ایوارڈ میں اس بار شاہ رخ خان بمقابلہ شاہ رخ خان ہے جہاں سپر اسٹار کی سال کی تین کامیاب فلموں میں سے دو بہترین فلموں (مقبول) کے زمرے میں ہیں، وہیں اس میں ’’ٹویلتھفیل‘‘، ’’او مائی گاڈ ۲‘‘ اور ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ بھی شامل ہیں۔ پیر کی شام فلم فیئر ایوار ڈ نامزدگی کا اعلان کیا گیا جس میں ۲۰۲۳ء کی متعدد فلمیں ہیں۔ ۲۸؍ جنوری ۲۰۲۴ء کو پہلی بار گاندھی نگر، گجرات میں فلم فیئر ایوارڈ کی تقریب منعقد ہوگی۔ 
شاہ رخ خان بہترین اداکار کے زمرے میں’’جوان‘‘ اور ’’ڈنکی‘‘ کیلئے نامزد ہوئے ہیں۔ اس زمرے میں رنبیر کپورفلم ’’اینمل‘‘، رنویرسنگھ فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ سنی دیول فلم ’’غدر ۲‘‘ اور وکی کوشل ’’سیم بہادر‘‘ کیلئے نامزد ہیں۔ بہترین اداکار کے ساتھ ساتھ فلم ’’ڈنکی‘‘ کیلئے بہترین معاون اداکار کے زمرے میں بھی وکی کوشل نامزد ہیں۔ 
بہترین ہدایتکار کے زمرے میں ’’جوان‘‘ کے ہدایتکار ایٹلی کمار، کرن جوہر فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘، امیت رائے فلم ’’اومائی گاڈ۲‘‘، سندیپ ریڈی وانگا فلم ’’اینمل‘‘، سدھانت آنند’’پٹھان‘‘ اور ودھو ونود چوپڑہ فلم ’’ٹویلتھ فیل‘‘ کیلئے نامزد ہوئے ہیں۔ 
بہترین اداکارہ کے زمرے میں عالیہ بھٹ فلم ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ کیلئے، دپیکا پڈوکون فلم ’’پٹھان‘‘ کیلئے، رانی مکھرجی فلم ’’مسزچٹرجی ورسیز ناروے‘‘ کیلئے، تاپسی پنو فلم ’’ڈنکی‘‘کیلئے، بھومی پیڈنیکر فلم ’’تھینکس یو فار کمنگ‘‘کیلئے اور کیارااڈوانی فلم ’’ستیہ پریم کی کتھا‘‘ کیلئے نامزد ہوئی ہیں۔ 
بہترین فلم (مداح) کے زمرے میں ’’ٹویلتھ فیل‘‘، ’’بھیڑ‘‘، ’’فراز‘‘، ’’تھری آف اَس‘‘، ’’جورم‘‘، ’’سیم بہادر‘‘اور ’’زویگیٹو‘‘میں شامل ہیں۔ 
وکی کوشل کے ساتھ بہترین اداکار (مداح) کی فہرست میں ابھیشیک بچن ( گھومر )، جے دیپ اہلاوت( تھری آف اَس)، منوج باجپئی (جورم)، پنکج ترپاٹھی ( او مائی گاڈ ۲)، راجکمار راؤ ( بھیڑ) اور وکرانت ماسی ( ٹویلتھ فیل) نامزد ہوئےہیں۔ 
 بہترین اداکارہ (مداح) کے زمرے میںدپتی نول (گولڈفش)، رانی مکھرجی فلم (مسزچٹرجی ورسیز ناروے)، فاطمہ ثناء شیخ (دھک دھک)، شیفالی شاہ( تھری آف اس)، سیامی کھیر (گھومر)اور شہانہ گوسوامی (زویگیٹو) کیلئے نامزد ہوئی ہیں۔ 
بہترین معاون اداکار (مرد) کیلئے فلم فیئر ایوارڈز کی نامزدگیوں کی فہرست میں’’اینمل‘‘ سے انیل کپور اور بابی دیول ہیں جبکہ ’’ٹائیگر ۳‘‘ کیلئے عمران ہاشمی،’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ کیلئے ٹوٹا رائے چوہدری اور’’فراز‘‘کیلئے آدتیہ راول بھی شامل ہیں۔ جبکہ اس زمرے میں تجربہ کار اسٹار دھرمیندرا کا نام غائب ہے۔ تاہم، بہترین معاون اداکار (خواتین) کیلئے’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ کے ان کی ساتھی اداکارہ جیا بچن اور شبانہ اعظمی شامل ہیں جن میں ’’دھک دھک‘‘ کیلئے رتنا پاٹھک شاہ، ’’اینمل‘‘ کیلئے ترپتی ڈمری اور ’’او مائی گاڈ۲‘‘ کیلئے یامی گوتم بھی شامل ہیں۔ شبانہ اعظمی کو ’’گھومر‘‘کیلئے اس زمرے میں دوہری نامزدگی ملی ہے۔ فلم فیئر ایوارڈز ایڈیٹنگ، ایکشن، وی ایف ایکس، سنیماٹوگرافی، پروڈکشن ڈیزائن، کاسٹیوم ڈیزائن، نغمے، میوزک البم، گلوکار (مرد اور خواتین)، کہانی، اسکرین پلے، مکالمے، بیک گراؤنڈ سکور، کوریوگرافی اور ساؤنڈ ڈیزائن جیسے زمروں میں صلاحیتوں کو نوازا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK