• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رامائن‘‘ کی ریلیز کے بعد فلم’ ’پائر‘‘ کے شوز میں ۷۵؍ فیصد کمی

Updated: November 12, 2026, 8:04 PM IST | Mumbai

فلمساز ونود کَپڑی کی کم بجٹ والی فلم ’’پائر‘‘ کے سنیما گھروں میں شوز کی تعداد میں ’’رامائن‘‘ کی ریلیز کے بعد مبینہ طور پر ۷۵؍ فیصد کمی کیے جانے کا معاملہ اب فلمی صنعت میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔

Pyre And Vinod Kapri.Photo:Insta
پائر اور ونود کپڑی۔ تصویر:انسٹا

 فلمساز ونود کَپڑی کی کم بجٹ والی فلم ’’پائر‘‘  کے سنیما گھروں میں شوز کی تعداد میں ’’رامائن‘‘ کی ریلیز کے بعد مبینہ طور پر ۷۵؍ فیصد کمی کیے جانے کا معاملہ اب فلمی صنعت میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ اس معاملے میں آل انڈیا سنیے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کو خط لکھ کر پورے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرانے اور قصوروار پائے جانے والے سنیما مالکان اور فلم تقسیم کاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
 تنظیم نے حکومت سے فلموں کی نمائش کے لیے منصفانہ پالیسی بنانے کی بھی اپیل کی ہے، تاکہ بڑی بجٹ والی فلموں کی ریلیز کے دوران چھوٹی اور آزاد فلموں کو سنیما گھروں سے باہر نہ ہونا پڑے۔۸۰؍ سے ۴۰۰؍ اسکرینوں تک پہنچی تھی ’’پائر‘‘AICWA کے صدر سریش شیام لال گپتا کی جانب سے بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ونود کَپڑی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’پائر‘‘ محض ۲ء۵؍ کروڑ روپے کے بجٹ میں تیار کی گئی ہے۔ فلم کو ابتدائی طور پر تقریباً ۸۰؍ اسکرینوں پر ریلیز کیا گیا تھا، لیکن ناظرین کی پسندیدگی اور مثبت ردعمل کے باعث اس کی نمائش کا دائرہ بڑھ کر تقریباً ۴۰۰؍ اسکرینوں تک پہنچ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:سولر سیلز کے معاملے میں واری انرجیز نے امریکہ میں غلطی تسلیم کرلی

فلم ساز ونود کَپڑی کا الزام ہے کہ ۵؍ نومبر کو بڑے بجٹ کی فلم ’’رامائن‘‘ کی ریلیز کے بعد ’پائر‘ کے شوز میں تیزی سے کمی کردی گئی اور اس کے اسکرینوں کی تعداد تقریباً ۴۰۰؍ سے گھٹ کر ۱۰۰؍ سے بھی کم رہ گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم کو ناظرین کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا تھا اور کئی مقامات پر شوز میں اچھی تعداد میں لوگ پہنچ رہے تھے، اس کے باوجود اسے سنیما گھروں میں مناسب جگہ نہیں دی گئی۔بڑی فلم کی کامیابی چھوٹی فلم کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے: AICWAایسوسی ایشن نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ اسے بڑی بجٹ والی فلم ’’رامائن‘‘ کی ریلیز یا کامیابی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
 تنظیم کے مطابق ایسی بڑی فلمیں سیکڑوں فنکاروں، تکنیکی ماہرین، جونیئر آرٹسٹوں اور دیگر ملازمین کو روزگار فراہم کرتی ہیں، اس لیے ان کی کامیابی بھی ضروری ہے۔ تاہم کسی بڑی فلم کی کامیابی اس قیمت پر نہیں ہونی چاہیے کہ اچھی کارکردگی دکھانے والی چھوٹی فلموں کو سنیما گھروں سے ہٹا دیا جائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ چھوٹے بجٹ کی فلمیں ہندوستانی سنیما کی بنیاد ہیں۔ ہر سال بڑی تعداد میں ایسی فلمیں تیار ہوتی ہیں اور نئے فنکاروں، ہدایت کاروں اور تکنیکی ماہرین کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ ان فلموں کے پروڈیوسر بڑی مشکل سے سرمایہ جمع کرتے ہیں اور کئی برس کی محنت کے بعد اپنی فلم کو سنیما گھروں تک پہنچاتے ہیں۔ اگر کسی فلم کو ناظرین کی پسندیدگی حاصل ہونے کے باوجود بڑی فلموں کے لیے ہٹا دیا جائے تو اس سے چھوٹے پروڈیوسرس کی حوصلہ شکنی ہوگی اور نئے فنکاروں کے لیے مواقع بھی محدود ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:’’مرزا پور: دی مووی‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد شویتا ترپاٹھی کی تھیٹر میں واپسی

ایسوسی ایشن کے اہم مطالباتAICWA نے مرکزی حکومت سے ہندوستانی سنیما کے لیے منصفانہ اسکرین الاٹمنٹ پالیسی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آزاد اور کم بجٹ کی فلموں کے تحفظ کے لیے شکایات کے ازالے کا ایک مؤثر نظام قائم کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ’ ’پائر‘‘ کے شوز میں کمی کیے جانے کی وجوہات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ مثبت عوامی ردعمل کے باوجود فلم کو تقریباً ۴۰۰؍ اسکرینوں سے کم کرکے ۱۰۰؍ سے بھی کم اسکرینوں تک کیوں محدود کردیا گیا۔
 تحقیقات میں اگر کسی سنیما مالک یا تقسیم کار کی جانب سے غیر قانونی یا قابلِ کارروائی بے ضابطگی ثابت ہوتی ہے تو اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک فلم ’’پائر‘‘ کو زیادہ سے زیادہ ممکنہ اسکرینیں اور شوز فراہم کیے جائیں، تاکہ اسے دیکھنے کے خواہش مند ناظرین اس موقع سے محروم نہ رہیں۔جمعہ سے ’’پائر‘‘ کے ۲۰۰؍ سے زائد اضافی شوز کا اعلاندوسری جانب فلم ساز ونود کَپڑی نے اعلان کیا ہے کہ ناظرین کی حمایت کے بعد فلم ’’پائر‘‘ کے ۲۰۰؍ سے زیادہ اضافی شوز ۱۳؍ نومبر، یعنی جمعہ سے سنیما گھروں میں شامل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:سولر سیلز کے معاملے میں واری انرجیز نے امریکہ میں غلطی تسلیم کرلی

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ناظرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت، اعتماد اور حمایت نے فلم کو دوبارہ زیادہ اسکرینوں تک پہنچانے میں مدد کی ہے۔ انہوں نے سنی پولس اور پی وی آر سنیماز کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے فلم کے مزید شوز کے لیے تعاون کیا ہے۔کیا ہے فلم ’’پائر‘‘ کی کہانی؟قومی فلم ایوارڈ یافتہ ہدایت کار ونود کَپڑی کی فلم ’’پائر‘‘ ایک پہاڑی گاؤں میں رہنے والے عمر رسیدہ جوڑے کی کہانی ہے، جو اپنے بچوں کی واپسی کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ گاؤں کی زندگی خاموش اور ویران ہوتی جاتی ہے، لیکن اس جوڑے کی امید برقرار رہتی ہے۔ فلم میں غیر پیشہ ور فنکاروں نے کام کیا ہے اور اسے محدود بجٹ میں تیار کیا گیا ہے۔اس پورے تنازع نے ایک بار پھر ہندوستانی فلمی صنعت میں بڑی اور چھوٹی فلموں کے درمیان اسکرینوں کی تقسیم، سنیما مالکان اور تقسیم کاروں کے اختیارات اور آزاد فلموں کو مناسب موقع فراہم کرنے کے مسئلے کو نمایاں کردیا ہے۔ AICWA کا کہنا ہے کہ فلمی صنعت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ بڑی پروڈکشنز کے ساتھ چھوٹے بجٹ کی فلموں کو بھی منصفانہ موقع ملے، کیونکہ سنیما کی دنیا میں نئے خیالات اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں ایسی فلموں کا اہم کردار ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK