• Wed, 28 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مارول کا ہندوستانی مداحوں کے لیے دیوالی تحفہ،’ ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ جلد ریلیز ہوگی

Updated: October 28, 2026, 5:04 PM IST | New York

ہالی ووڈ کی معروف فلم ساز کمپنی مارول اسٹوڈیوز نے ہندوستانی مداحوں کو دیوالی کے موقع پر ایک خاص تحفہ دیا ہے۔ مارول کی انتہائی متوقع سپر ہیرو فلم ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ اب ہندوستانی کے سنیما گھروں میں مقررہ عالمی تاریخ سے ایک دن پہلے ریلیز ہوگی۔

Marvel India.Photo:INN
مارول انڈیا۔ تصویر:آئی این این

ہالی ووڈ کی معروف فلم ساز کمپنی مارول اسٹوڈیوز نے  ہندوستانی مداحوں کو دیوالی کے موقع پر ایک خاص تحفہ دیا ہے۔ مارول کی انتہائی متوقع سپر ہیرو فلم ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ اب ہندوستانی کے سنیما گھروں میں مقررہ عالمی تاریخ سے ایک دن پہلے ریلیز ہوگی۔ فلم پہلے ۱۸؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہونے والی تھی، لیکن تازہ اعلان کے مطابق ہندوستانی ناظرین اسے ۱۷؍ دسمبر۲۰۲۷ء سے سنیما گھروں میں دیکھ سکیں گے۔ اس طرح بھارت میں فلم کی نمائش امریکہ سے ایک دن پہلے شروع ہوگی۔ اس اعلان کے ساتھ ہی مارول نے بھارتی شائقین کے لیے ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں ہالی ووڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور کرس ایونز نے دیوالی کی مبارک باد دی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ٹی وی سیریل ’’سی آئی ڈی ‘‘ کے پروڈیوسر بی پی سنگھ ۷۷؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئے

مارول انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور کرس ایونز نے بھارتی مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’’نمستے انڈیا!‘‘ دونوں اداکاروں نے دیوالی کے تہوار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ بات پسند ہے کہ دیوالی ایک باب کے اختتام اور ایک نئے باب کے آغاز کی علامت ہے۔ اس کے بعد رابرٹ ڈاؤنی جونیئر نے فلم کے ممکنہ تاریک اور سنجیدہ ماحول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار معاملہ روشنی سے اندھیرے کی طرف جانے جیسا بھی ہوسکتا ہے۔ دونوں اداکاروں نے اپنے پیغام کے اختتام پر مداحوں کو دیوالی کی مبارک باد دی اور کہا کہ وہ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ میں ان سے ملاقات کریں گے۔ اس خصوصی پیغام کے ذریعے فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے بعد ہندوستانی مارول مداحوں میں فلم کے حوالے سے جوش و خروش مزید بڑھ گیا ہے۔
 ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ ‘ہندوستانمیں۱۷؍دسمبر کو انگریزی، ہندی، تمل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کو عام سنیما گھروں کے علاوہ خصوصی اور پریمیم نمائش کے فارمیٹس میں بھی پیش کیا جائے گا، جن میں مارول اسٹوڈیوز کا اِنفِنٹی وژن فارمیٹ شامل ہے۔ ہندوستان میں ایک دن پہلے ریلیز ہونے سے مقامی شائقین کو امریکی ناظرین سے پہلے فلم دیکھنے کا موقع ملے گا۔ جمعرات کو ریلیز ہونے کی وجہ سے فلم کو ابتدائی چار روزہ اختتامِ ہفتہ کے دوران بھی فائدہ مل سکتا ہے، تاہم اس کی باکس آفس کارکردگی کا اندازہ ریلیز کے بعد ہی لگایا جاسکے گا۔ اس فلم کی سب سے بڑی خاص بات رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی مارول سنیماٹک یونیورس میں واپسی ہے۔ وہ اس بار ٹونی اسٹارک یا آئرن مین کے بجائے خطرناک مخالف کردار ڈاکٹر ڈوم میں نظر آئیں گے۔ آئرن مین کے کردار میں ان کی اداکاری مارول کی سابقہ فلموں میں خاصی مقبول رہی ہے، اسی لیے ان کے نئے کردار کو لے کر مداحوں میں خاص تجسس پایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایشین پیرا گیمز کے تین مرتبہ طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج یادو نے خودکشی کی

دوسری جانب کرس ایونز بھی اسٹیو راجرز کے کردار میں واپس آرہے ہیں، جسے شائقین کیپٹن امریکہ کے نام سے جانتے ہیں۔ دونوں اداکاروں کی واپسی فلم کے اہم ترین پہلوؤں میں شمار کی جارہی ہے، کیونکہ ان کے کردار مارول کی سابقہ کہانیوں اور سپر ہیرو کائنات سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ ’’ایونجرز: ڈومز ڈے‘‘ میں مارول کی مختلف کہانیوں اور کائناتوں سے تعلق رکھنے والے سپر ہیروز کو ایک ساتھ دکھایا جائے گا۔ فلم کی کہانی میں مختلف کائناتوں کے ہیروز کو ایک ایسے بڑے خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے اثرات پوری کائنات کے مستقبل پر مرتب ہوسکتے ہیں۔
فلم میں کرس ہیمس ورتھ، پیڈرو پاسکل، پال رڈ، انتھونی میکی، فلورنس پگ، وینیسا کربی، سیمو لیو، ایان میک کیلن، ہیلی ایٹویل، ٹام ہڈلسٹن، جیمز مارسڈن، پیٹرک اسٹیورٹ، سیبسٹین اسٹین اور دیگر معروف اداکار بھی شامل ہیں۔فلم کی ہدایت کاری انتھونی روسو اور جو روسو نے کی ہے، جبکہ اس کے پروڈیوسرس میں کیون فائیگی، لوئس ڈی ایسپوزیٹو اور جوناتھن شوارٹز شامل ہیں۔ دونوں روسو برادرز اس سے قبل بھی مارول کی بڑی کامیاب فلموں کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK