• Wed, 28 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملازمت کے متلاشی نوجوان ’صحیح اسٹارٹ اپ/کمپنی ‘ایسے ڈھونڈیں

Updated: October 28, 2026, 4:17 PM IST | Pransi Shukla | Mumbai

بہتر امکانات والی کمپنیوں کی شناخت کیسے کریں، پیشہ ورانہ روابط کیسے قائم کریں اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں ملازمت کے مواقع تلاش کیسے کریں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستان میں اسٹارٹ اَپ کے شعبے میں ملازمتوں کے مواقع سافٹ ویئر انجینئرز اور مصنوعی ذہانت(اے آئی)کے ماہرین سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اب آپریشنز، سیلز، کونٹینٹ اور تعلیم جیسے شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کیلئے بھی نئے دروازے کھل رہے ہیں۔ تاہم، تیزی سے ترقی کرنے والی کسی کمپنی میں ملازمت حاصل کرنے کیلئے  صرف کسی مشہور نام کی فہرست میں موجودگی دیکھنا کافی نہیں ہے۔ لنکڈ اِن کیریئر ماہر اور لنکڈ اِن انڈیا نیوز کی سینئر منیجنگ ایڈیٹر نراجیتا بنرجی کہتی ہیں، ’’آخرکار، صحیح اسٹارٹ اَپ صرف وہ نہیں ہوتے جو تیزی سے ترقی کر رہی ہوں، بلکہ وہ ہوتے ہیں جہاں آپ کو اپنی ترقی کا واضح راستہ بھی نظر آئے۔‘‘ ان کا یہ مشورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب لنکڈ اِن کی۲۰۲۶ء کی ٹاپ اسٹارٹ اَپس انڈیا فہرست میں ان کمپنیوں کو نمایاں کیا گیا ہے جو کوئیک کامرس، مصنوعی ذہانت، تعلیم، فن ٹیک اور تخلیق کاروں سے وابستہ کاروبار جیسے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ ملازمت تلاش کرنے والوں کیلئے  اصل چیلنج یہ ہے کہ وہ ان شعبوں کی شناخت کریں جہاں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور یہ بھی جانچیں کہ آیا کوئی کمپنی ان کے کریئر کو آگے بڑھانے کیلئے موزوں ماحول فراہم کرتی ہے یا نہیں۔

 صرف بڑا برانڈ نام ہی سب کچھ نہیں

بنرجی کے مطابق تیزی سے ترقی کرنے والا کوئی اسٹارٹ اَپ بظاہر پرکشش لگ سکتا ہے، لیکن درخواست دینے سے پہلے امیدواروں کو اس کی تشہیری شبیہ سے آگے بڑھ کر کمپنی کے اندرونی حالات کا جائزہ لینا چاہیے۔ وہ مزید کہتی ہیں، ’’ایک اچھی شروعات یہ ہے کہ کمپنی کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ یہ بات اس وقت بھی اہم ہے جب آپ کسی اسٹارٹ اَپ میں ملازمت حاصل کرنا چاہتے ہوں اور اس وقت بھی جب آپ کسی قائم شدہ کمپنی میں کام کرنے کے خواہش مند ہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ۱۶؍سالہ امریکی نوجوان کا کارنامہ،’ آن لائن ری سیلنگ‘سےماہانہ لاکھوں کمائے!

امیدواروں کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کمپنی کن شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، اس کے ترقیاتی منصوبے کیا ہیں اور اس کی قیادت کی ترجیحات کیا ہیں۔ موجودہ اور سابق ملازمین سے بات چیت کرنے سے بھی کمپنی کے کام کرنے کے ماحول، قیادت کے انداز اور کریئر میں ترقی کے امکانات کے بارے میں زیادہ واضح معلومات مل سکتی ہیں۔اسلئے کمپنی کی ترقی ہی واحد معیار نہیں ہونا چاہیے۔ ملازمت تلاش کرنے والوں کو یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ وہاں کا کام، سیکھنے کے مواقع اور کمپنی کی اقدار ان کے ذاتی کریئر کے اہداف سے مطابقت رکھتے ہیں یا نہیں۔

اے آئی سے کوئیک کامرس تک، ملازمتوں کے مواقع کا دائرہ وسیع

زیپٹو نے مسلسل چوتھے سال پہلے نمبر پر اپنی جگہ برقرار رکھی، جبکہ ٹاپ میٹ ڈاٹ آئی او (topmate.io) دوسرے اور میٹکس (Matiks) تیسرے مقام پر رہے۔ ٹاپ پانچ کمپنیوں میں سے چار پہلی مرتبہ اس فہرست میں شامل ہوئی ہیں، جبکہ ٹاپ۲۰؍ میں۱۳؍ نئی کمپنیوں کو جگہ ملی ہے۔ مصنوعی ذہانت اب بھی اس فہرست میں نمایاں ہے۔ ٹاپ۲۰؍ میں شامل چھ اسٹارٹ اَپس بنیادی طور پر اے آئی  خدمات فراہم کرتی ہیں۔ تاہم، یہ فہرست روایتی ٹیکنالوجی کی ملازمتوں سے ہٹ کر دوسرے شعبوں میں بھی مواقع کی نشاندہی کرتی ہے۔ بنرجی کہتی ہیں، ’’بہترین مواقع ہمیشہ ان شعبوں یا ملازمتوں میں نہیں ہوتے جو سب سے پہلے ذہن میں آتے ہیں۔‘‘ مختلف کمپنیوں میں بھرتی کے رجحانات بھی اس تبدیلی کی عکاسی کرتے ہیں۔ سروَم (Sarvam) میں سافٹ ویئر انجینئرز اور مشین لرننگ انجینئرز جیسے عہدہ عام ہیں، جبکہ زیپٹو میں اسٹور منیجرز اور آپریشنز منیجرز کی ملازمتیں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب، فگَرنگ آؤٹ میڈیا اینڈ ایجوکیشن  میں ویڈیو ایڈیٹرز اور کونٹینٹ اسٹریٹجسٹس جیسے عہدوں کے مواقع موجود ہیں۔ امیدواروں کیلئے اسکا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنی تلاش کو صرف معروف عہدوں یا مخصوص صنعتوں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اپنی مہارتوں کے مطابق مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے امکانات تلاش کریں۔

 آپ کے پیشہ ورانہ روابط، کالج سے زیادہ اہم ہو سکتے ہیں

نئے گریجویٹس، خصوصاً ایسے طلبہ جو کم معروف کالجوں سے تعلیم حاصل کرتے ہیں، ان کیلئےپیشہ ورانہ روابط کسی کمپنی کے بارے میں جاننے اور وہاں ملازمت حاصل کرنے کے درمیان فاصلے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ لنکڈ اِن کی تحقیق کے مطابق،۱۰؍ سے۴۹؍ملازمین والی کمپنیوں میں کام کرنے والے۹۴؍ فیصد پیشہ ور افراد اپنے کریئر میں آگے بڑھنے کے لیے اپنے پیشہ ورانہ نیٹ ورک کو اہم سمجھتے ہیں۔ بنرجی مشورہ دیتی ہیں کہ امیدوار ایسے لوگوں سے رابطہ قائم کریں جن کا کام انہیں دلچسپ لگتا ہے، ان کی پوسٹس پر سوچ سمجھ کر اپنی رائے دیں، مخصوص اور متعلقہ سوالات پوچھیں اور اپنے پروجیکٹس یا سیکھنے کے سفر میں ہونے والی پیش رفت دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔ بنرجی کے مطابق، ’’اپنے پروجیکٹس اور سیکھنے کے سفر میں ہونے والی پیش رفت کو شیئر کرنے سے لوگوں کو آپ کی مہارتوں اور دلچسپیوں کو سمجھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اس طرح کی چھوٹی چھوٹی بات چیت وقت کے ساتھ اعتماد پیدا کر سکتی ہے اور پیشہ ورانہ روابط کو کیریئر کے بامعنی مواقع میں تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘ ملازمت کے متلاشیوں کیلئے کریئر میں اگلا بڑا موقع کسی مشہور اسٹارٹ اَپ کے پیچھے بھاگنے میں نہیں، بلکہ ایسی ترقی پزیر کمپنی تلاش کرنے میں ہو جہاں ان کی مہارتیں حقیقی معنوں میں فرق پیدا کر سکیں۔(بشکریہ: انڈیا ٹوڈے)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK