Updated: March 12, 2026, 2:05 PM IST
| Mumbai
پرینکا چوپڑہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’’وارانسی‘‘ کی تیاریوں میں مصروف ہیں جو اگلے سال ریلیز ہوگی۔ اسی دوران اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں بالی ووڈ چھوڑنے کی اصل وجہ بتائی ہے۔ پرینکا کا کہنا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں خود کو محدود محسوس ہونے لگا تھا۔
پرینکا چوپڑہ۔ تصور:آئی این این
عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پرینکا چوپڑہ نے ۲۰۱۵ء میں ٹی وی سیریز ’’کوانٹیکو‘‘ کے ساتھ ہالی ووڈ میں اپنا سفر شروع کیا تھا۔ تقریباً ایک دہائی بعد عالمی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے کے بعد اداکارہ نے حال ہی میں ہندی فلم انڈسٹری سے دوری کی وجہ پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج کے دوران ہندوستان میں کشیدہ تعلقات کو سنبھالنے کے تجربے کے بارے میں بھی بتایا۔ اس دور کو یاد کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ انہیں گندگی میں رہنا پسند نہیں۔ انہوں نے دو اداکاراؤں کا نام بھی لیا جن سے متاثر ہو کر انہوں نے ہالی ووڈ میں کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔
پرینکا چوپڑہ نے حال ہی میں امانڈا ہرش کے پوڈکاسٹ نوٹ سکِنی بٹ نوٹ فیٹ میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے ہالی ووڈ جانے کے اپنے فیصلے پر بات کی۔ گفتگو میں انہوں نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ کیریئر کے عروج کے وقت بالی ووڈ میں ان کے کچھ تعلقات اچھے نہیں تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے ہالی ووڈ کا رخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایشوریہ رائے سے ملی تحریک
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے امریکی فلم انڈسٹری میں کام کرنے کا کیوں سوچا، تو پرینکا نے کہاکہ ’’جب میں ہندوستان میں کام کر رہی تھی تو مجھے خود کو محدود محسوس ہونے لگا تھا۔ میں دیکھنا چاہتی تھی کہ باہر اور کیا مواقع ہیں۔ مینڈی کیلنگ اور ایشوریہ رائے کے علاوہ ہالی ووڈ میں بہت کم ہندوستانی اداکار یا اداکارائیں تھیں۔ مجھے لگا کہ ہمیں وہ نمائندگی کیوں نہیں ملتی؟ اس احساس نے مجھے اپنے اسکول کے دنوں کی یاد دلائی جب میں امریکہ میں نویں جماعت میں پڑھتی تھی اور وہاں کوئی بھی میرے جیسا نظر نہیں آتا تھا۔ میں نے اس وقت اس بارے میں زیادہ نہیں سوچا، لیکن جب میں نے ہالی ووڈ میں کام تلاش کرنا شروع کیا تو میں نے سوچا کہ میری جگہ کہاں ہے اور میں کہاں سے آغاز کروں۔ یہ سب اس خواہش سے پیدا ہوا کہ وہاں کون سی نئی ممکنات موجود ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:غزہ میں ایندھن کی قلت کی وجہ سے امدادی کارروائیاں معطل ہوسکتی ہے: اقوامِ متحدہ کا انتباہ
’’مجھے گندگی میں رہنا پسند نہیں‘‘
گفتگو کے دوران پرینکا نے کہاکہ ’’زندگی میں کچھ بھی آسان نہیں ہوتا۔ ہم سب کو اپنی اپنی لڑائیاں لڑنی پڑتی ہیں۔ میں ایسی انسان ہوں جسے گندگی میں رہنا پسند نہیں، کیونکہ اگر آپ وہاں رہتے ہیں تو آپ کو اس کی بدبو کی عادت پڑ جاتی ہے۔ میں تبدیلی پر بہت یقین رکھتی ہوں۔ جب زندگی مشکل ہو جاتی ہے تو انسان کے طور پر ہم بہت مضبوط ہوتے ہیں۔ ہمارے اندر خود کو سنبھالنے، خود کو صاف کرنے، جذبات کو محسوس کرنے اور درد کو سمجھنے کے بعد آگے بڑھنے اور تبدیلی لانے کی صلاحیت ہوتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:انسٹاگرام پر وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی شادی کا ویڈیو ریکارڈ بنانے میں کامیاب
پرینکا چوپڑہ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں کئی بار ایسا کیا ہے۔ جب انہوں نے ہالی ووڈ میں قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا تو ان کے سامنے کوئی واضح راستہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ ’’میں صرف اتنا جانتی تھی کہ میں ایک محنتی انسان ہوں اور مجھے اپنا کام آتا ہے۔ مجھے کسی بھی فلم میکر یا ساتھی اداکار کے ساتھ سیٹ پر لے آئیں، میں اعتماد کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہو سکتی ہوں۔‘‘