Updated: March 05, 2026, 9:07 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار عامر خان نے کہا ہے کہ اس وقت سنیما گھروں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے درمیان توازن ایک ’’خوبصورت سمجھوتہ‘‘ نہیں ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر ہالی ووڈ اسٹار لیو نارڈو دی کیپریو کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر فلمی صنعت کو مضبوط رکھنا ہے تو تھیٹر کی کھڑکی کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ عامر خان کے مطابق فلموں کی نوعیت کے مطابق مختلف ماڈلز اپنانے کی ضرورت ہے۔
عامر خان۔ تصویر: آئی این این
ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستانی سنیما اسٹریمنگ کے ساتھ ایک متوازن راستہ اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے جواب دیا، ’’ابھی یہ ایک خوبصورت سمجھوتہ نہیں ہے، یہ اچھی صورتحال نہیں ہے… اس وقت یہ مجھے کسی بھی زاویے سے اچھا نہیں لگتا۔‘‘ ان کے مطابق موجودہ ماڈل فلمی صنعت کیلئے مکمل طور پر سازگار نہیں ہے۔ عامر خان نے ہالی ووڈ اداکار لیو نارڈو ڈی کیپریو کے حالیہ بیان کی بھی تائید کی۔ ڈی کیپریو نے کہا تھا کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے بڑھتے اثر کی وجہ سے تھیٹر ریلیز ونڈو تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ اس پر عامر خان نے کہا، ’’میں لیونارڈو ڈی کیپریو کی بات سے اتفاق کرتا ہوں۔ اگر آپ کو تھیٹر کے کاروبار کو صحت مند رکھنا ہے تو اس کی ونڈو کی حفاظت ضروری ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ایران اسرائیل جنگ : سونو سود نے دبئی میں پھنسے لوگوں کی مددکیلئے ہاتھ بڑھایا
عامر خان کے مطابق صرف ہندی فلمی صنعت ہی نہیں بلکہ جنوبی ہندوستانی سنیما کے پروڈیوسرز بھی اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’بہت سارے پروڈیوسرز اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں، نہ صرف ہندی میں بلکہ جنوبی سنیما میں بھی۔‘‘ ان کے مطابق اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی بڑھتی طاقت نے ریلیز حکمت عملی کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ عامر خان کا کہنا ہے کہ ہر فلم کیلئے ایک جیسا ماڈل موزوں نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بڑی مین اسٹریم فلموں کو لمبی تھیٹر ونڈو درکار ہوتی ہے۔ چھوٹی یا تجرباتی فلموں کو مختصر تھیٹر ونڈو دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا، ’’مین اسٹریم فلموں میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوتا ہے، اس لئے انہیں لمبی ونڈو کی ضرورت ہوتی ہے۔ ’’دھرندھر‘‘ جیسی فلم کو اس سے فائدہ ہوا۔‘‘ ان کے مطابق فلمی صنعت کو لچکدار ماڈل اختیار کرنا چاہیے۔
ڈجیٹل پلیٹ فارمز کی بڑھتی مقبولیت نے عالمی سنیما میں ریلیز کے روایتی طریقوں کو تبدیل کر دیا ہے۔ اب بہت سی فلمیں مختصر تھیٹر ریلیز کے بعد جلد اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہو جاتی ہیں۔ اس رجحان نے فلم سازوں اور سنیما گھروں کے مالکان کے درمیان نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ یاد رہے کہ کام کے محاذ پر عامر خان حال ہی میں فلم ’’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘‘ میں ایک مختصر کردار میں نظر آئے۔ اس فلم میں انہوں نے بطور پروڈیوسر بھی کام کیا۔
یہ بھی پڑھئے: امتیاز علی کی فلم ’’ہیر رانجھا‘‘ میں ہیر کے کردار کیلئے سارہ ارجن مضبوط دعویدار
فلم میں مرکزی کردار
ویر داس نے ادا کیا تھا اور اسے باکس آفس پر ملا جلا ردعمل ملا۔ عامر خان اس وقت اپنے بیٹے جنید خان کی آنے والی فلم ’’ایک دن‘‘ کا پروموشن کررہے ہیں۔ اس فلم میں جنید خان کے ساتھ سائی پلوی بھی نظر آئیں گی۔ فلم کا ٹیزر حال ہی میں جاری کیا گیا جس کے بعد شائقین میں اس کے بارے میں خاصا تجسس پیدا ہو گیا ہے۔