عامر ہی فلم کو پروڈیوس کریں گے جبکہ ر اجکمار سنتوشی ہدایتکاری کریں گے ،فلم کا متوقع بجٹ ۱۰۰؍ کروڑ روپے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2023, 9:46 AM IST | Agency | Mumbai
عامر ہی فلم کو پروڈیوس کریں گے جبکہ ر اجکمار سنتوشی ہدایتکاری کریں گے ،فلم کا متوقع بجٹ ۱۰۰؍ کروڑ روپے۔
عامر خان نے سنی دیول سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ دونوں اداکار ،کئی مواقع پر جن کی فلمیں آپس میں ٹکرائی ہیں ، اب ایک ساتھ نظرآنے والے ہیں ۔ عامر خان نے سنی دیول کے ساتھ فلم بنانے کا ا علان کیا ہےجس کا نام ہوگا ’لاہور۱۹۴۷ء‘۔ اس فلم کو عامر خان پروڈیوس کریں گےجبکہ ۹۰ء کی دہائی کے مشہور ہدایت کار راجکمار سنتوشی فلم کو ڈائریکٹ کریں گے۔ عامر خان پروڈکشن نے منگل۳؍ اکتوبر کو اس کا اعلان کیا۔ سنی اور راجکمار سنتوشی کی بانڈنگ بہت خاص ہے۔ سنتوشی نے گھائل، گھاتک اور دامنی جیسی فلموں کی ہدایتکاری کی ہے جن میں سنی دیول کی اداکاری لاجواب رہی ہے۔ ان تینوں فلموں میں سنی کے کردار کو کافی پسند کیا گیا۔عامر خان پروڈکشن کے حوالے سے عامر خان کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’ یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ میں ، سنی دیول اور راجکمار سنتوشی نے فلم’ لاہور۱۹۴۷ء ‘ کیلئے ہاتھ ملایا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ سفر شاندار رہے گا۔ ہمیں آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔‘‘
فلم کا بجٹ تقریباً۱۰۰؍ کروڑ روپے ہوسکتا ہے۔ سنی دیول اس کا زیادہ تر حصہ بطور فیس لیں گے۔ غدر۲؍ کی بلاک بسٹر کامیابی کے بعد سنی دیول کی مارکیٹ ویلیو کافی بڑھ گئی ہے۔ خبریں ہیں کہ فی الحال وہ ایک فلم کیلئے۴۰؍سے۵۰؍کروڑ روپےفیس لے رہے ہیں ۔
راجکمار سنتوشی کی فلموں میں سنی دیول کو۲؍ نیشنل ایوارڈ ملے، پھر تنازع ہوا اور دونوں کے تعلقات میں قدرے تلخیاں آگئیں ۔اس فلم کے ساتھ سنی دیول اور راجکمار سنتوشی کئی سال بعد ایک ساتھ واپس آرہے ہیں ۔ گھاتک کے بعد دونوں نے ایک ساتھ کوئی فلم نہیں کی۔ فلم بھگت سنگھ کو لے کر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا اور پھر دونوں نے ایک ساتھ کام نہیں کیا۔
سنی دیول نے راجکمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں ۲؍ نیشنل ایوارڈ جیتے تھے۔’گھائل‘ کے لیے پہلا اوردوسرا ’دامنی‘ کیلئے۔ یہ انڈسٹری کی سب سے کامیاب اداکار اور ہدایت کار جوڑیوں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کے ساتھ عامر خان اور راجکمار سنتوشی بھی کئی سالوں بعد واپس آ رہے ہیں ۔ دونوں نے۱۹۹۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں کام کیا۔راجکمارسنتوشی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں عامر کے علاوہ سلمان بھی مرکزی کردار میں تھے۔ کچھ عرصے سے انداز اپنا اپنا کے سیکوئل کے حوالے سے بھی بات چیت جاری ہے۔