بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ابھیجیت بھٹاچاریہ گلوکار بننے کے ارادے سے نہیں بلکہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) بننے کا خواب لے کر ممبئی آئے تھے۔
EPAPER
Updated: November 01, 2026, 11:34 AM IST | Mumbai
بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ابھیجیت بھٹاچاریہ گلوکار بننے کے ارادے سے نہیں بلکہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) بننے کا خواب لے کر ممبئی آئے تھے۔
بالی ووڈ میں اپنی سریلی آواز سے لاکھوں لوگوں کے دل جیتنے والے پلے بیک گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کی کامیابی کے پیچھے جدوجہد کی ایک دلچسپ داستان چھپی ہے۔ انہوں نے ’تم دل کی دھڑکن میں ‘، ’میں کوئی ایسا گیت گاؤں ‘ اور ’بڑی مشکل ہے‘ جیسے کئی مقبول گیت گائے، لیکن بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ وہ گلوکار بننے کے ارادے سے نہیں بلکہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے) بننے کا خواب لے کر ممبئی آئے تھے۔ قسمت نے ان کے لیے کچھ اور ہی لکھ رکھا تھا اور اکاؤنٹنسی کی تعلیم حاصل کرنے ممبئی پہنچنے والا یہ نوجوان آگے چل کر ہندی فلموں کا کامیاب گلوکار بن گیا۔ بچپن سے ہی پڑھائی میں دلچسپی رکھنے والے ابھیجیت نے کانپور کے کرائسٹ چرچ کالج سے بی کام کی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد۱۹۸۱ءمیں وہ چارٹرڈ اکاؤنٹنسی کا کورس کرنے ممبئی آگئے۔ ان کا ارادہ ایک کامیاب چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کا تھا، لیکن ممبئی آنے کے بعد ان کی زندگی کا رخ بدلنے لگا۔ موسیقی سے ان کی دلچسپی بڑھتی چلی گئی اور انہیں احساس ہوا کہ ان کا اصل شوق گلوکاری ہے۔ آخرکار انہوں نے سی اے کی تعلیم ادھوری چھوڑ دی اور گلوکار بننے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد شروع کردی۔