• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: شہری ذمہ داری اور انتظامی تعاون کی شاندار مثال

Updated: November 01, 2026, 12:34 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

برسوں پرانا کچرا پوائنٹ بند ہونے پر شہری کچرے کی گاڑی کا انتظار کرتے ہیں اور اسی میں کوڑا ڈالتے ہیں۔

Children from the area can be seen waiting for the garbage truck. Photo: INN
علاقے کے بچے کچرا گاڑی کا انتظار کرتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

شہری علاقوں میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ کی کوششوں کے ساتھ عوامی تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔ اگر شہری اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں تو برسوں سے درپیش صفائی کے مسائل بھی حل کئے جا سکتے ہیں۔ اس کی ایک مثبت مثال کلیان مشرق کے سوچک ناکہ میں دیکھنے کو ملی ہے جہاں مقامی سطح پر کی گئی مسلسل کوششوں اور شہریوں کے تعاون سے کئی سال پرانا کچرا پوائنٹ بند کر دیا گیا ہے۔ 
نیتولی ٹیکری کے مہاتما پھلے نگراور سوچک ناکہ علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے کچرا جمع کرنے کا ایک مخصوص مقام قائم تھا۔ اس مقام پر مسلسل کچرا جمع ہونے کے باعث اطراف میں گندگی پھیل رہی تھی جس سے مقامی باشندوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ خاص بات یہ ہے کہ اس علاقے میں واقع مسجد میں روزانہ بڑی تعداد میں نمازی نماز ادا کرنے آتے ہیں جبکہ آس پاس کے اسکولوں میں ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے آمد و رفت کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ والدین کی بھی بڑی تعدادعلاقے سے گزرتی ہے۔ ایسے اہم اور مصروف مقام پر کچرے کے ڈھیر اور گندگی سے نہ صرف ماحول متاثر ہو رہا تھا بلکہ صاف ستھرے ماحول کی ضرورت بھی شدت سے محسوس کی جا رہی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: تیز آوازمیں گفتگو یا گانا سننے پر سخت کارروائی کا انتباہ

اس مسئلے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے صحافی فاؤنڈیشن کے صدر منوج واگھمارےنے خصوصی پہل کی۔ انہوں نے متعلقہ مقام پر کنکریٹ کا کام کروا کر برسوں سے قائم کچرا پوائنٹ کو بند کرنے کےلئےمسلسل کوششیں کیں۔ ان کی کوششوں اور میونسپل کارپوریشن کے متعلقہ محکمہ کے تعاون سے بالآخر اس دیرینہ مسئلے کا حل نکل آیا اور کچرا جمع کرنے کا یہ مقام بند کر دیا گیا۔ کچرا پوائنٹ بند ہونے کے بعد مقامی شہریوں نے بھی صفائی برقرار رکھنے کیلئے مثبت رویہ اختیار کیا۔ اب علاقے کےباشندے اپنے گھروں کا کچرا سڑک یا سابقہ کوڑا دان پر پھینکنے کے بجائے روزانہ آنے والی کچرا گاڑی میں ہی ڈال رہے ہیں۔ اس تبدیلی سے علاقے میں صفائی کا ماحول بہتر ہونے کے ساتھ شہریوں میں کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا شعور بھی پیدا ہو رہا ہے۔ 
ڈپٹی کمشنر نے شکریہ ادا کیا
اس کامیاب پہل اور شہریوں کے بھرپور تعاون پر ڈپٹی کمشنر محکمہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ وجے کوکرے نے علاقے کے تمام باشندوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد مسجد میں عبادت کیلئے آنے والے نمازیوں، اسکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں طلبہ، ان کے والدین اور مقامی باشندوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے اس مثبت عمل کو برقرار رکھیں اور اپنے گھروں کا کچرا ہمیشہ کچرا جمع کرنے والی گاڑی میں ہی ڈالیں تاکہ علاقہ صاف ستھرا رہے اور دوبارہ کچرے کے ڈھیر جمع ہونے کی نوبت نہ آئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK