• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

Updated: November 01, 2026, 12:34 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

تعمیراتی مقامات پر دھول، کچرا جلانے اور ملبہ پھینکنے پر خصوصی نظر۔

It has been made mandatory to install air quality monitoring displays at all construction sites to continuously monitor air pollution levels. Photo: INN
تمام تعمیراتی مقامات پر فضائی آلودگی کی سطح کی مسلسل نگرانی کے لئے ایئر کوالٹی مانیٹرنگ ڈسپلے نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ تصویر: آئی این این

شہر میں بڑھتی فضائی آلودگی پر قابو پانے اور شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لئے میونسپل کارپوریشن نے اب خلاف ورزی کرنے والوں پر مرحلہ وار سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت تعمیراتی مقامات سے اٹھنے والی دھول، تعمیراتی ملبے کی غیرقانونی تلفی، کھلے عام کچرا جلانے اور سڑکوں و خالی پلاٹوں پر کچرا پھینکنے والوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔ گریڈیڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت پہلی خلاف ورزی پر نوٹس، دوسری مرتبہ جرمانہ اور بار بار خلاف ورزی پر کام بند کرنے سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے جی آر اے پی-۱، جی آر اے پی-۲؍اور جی آر اے پی-۳؍کے ۳؍ مرحلے مقرر کئے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں کسی بھی مقام پر قواعد کی خلاف ورزی پائے جانے پر متعلقہ بلڈر، ڈیولپر، ٹھیکیدار یا ذمہ دار شخص کو تحریری نوٹس دے کر مقررہ مدت میں خامیاں دور کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ 
تعمیراتی مقامات پر سبز جالیاں لگانا، دھول کو باہر پھیلنے سے روکنے کے لئے حفاظتی انتظامات کرنا اور وقتاً فوقتاً پانی کا چھڑکاؤ کرنا لازمی ہوگا۔ نوٹس کے باوجود مقررہ مدت میں اصلاح نہ کرنے یا دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر دوسرے مرحلے میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر دھول پیدا کرنے والے کھدائی اور انہدام کے کام بھی روکنے کے احکامات دئیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: دیوالی کے بعد دھاراوی ماہم بریج منہدم کردیا جائے گا

غیرقانونی طور پر پھینکے گئے کچرے کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ہٹانے پر آنے والا خرچ بھی متعلقہ ذمہ دار افراد سے وصول کیا جائے گا۔ جبکہ بار بار خلاف ورزی، کھلے عام کچرا جلانے، بڑے پیمانے پر غیرقانونی کچرا پھینکنے یا سنگین آلودگی پھیلانے کے معاملات میں تیسرے مرحلے کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔ اس میں کام بند کرانے، اجازت نامہ معطل کرنے کی سفارش اور متعلقہ محکموں کے ذریعے قانونی کارروائی جیسے اقدامات شامل ہیں۔ 
میونسپل انتظامیہ نے شہریوں، بلڈروں، ٹھیکیداروں اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعمیراتی اور دیگر جگہوں پر کچرا کھلے عام نہ جلائیں، تعمیراتی ملبہ صرف مقررہ مقامات پر ڈالیں اور اسے لے جانے والی گاڑیوں کو اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔ سڑکوں، عوامی مقامات اور خالی پلاٹوں پر کچرا پھینکنے سے بھی گریز کریں۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کے لئے متعلقہ وارڈ افسران اور خصوصی ٹیمیں باقاعدگی سے معائنہ کریں گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کا ریکارڈ رکھ کر دوبارہ جانچ بھی کی جائے گی تاکہ بار بار قواعد توڑنے والوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کئے جاسکیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر (ماحولیات) بال کرشن کشیرساگر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صاف ہوا اور صحت مند بھیونڈی کے مقصد سے انتظامیہ کا تعاون کریں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK