میرا بھائندر شہر میں بوگس کاغذات کی بنیاد پر رکشا ڈرائیوروں کو بیچ اور پرمٹ دینے کا بڑا گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔
EPAPER
Updated: November 01, 2026, 12:33 PM IST | Sajid Shaikh | Mira road
میرا بھائندر شہر میں بوگس کاغذات کی بنیاد پر رکشا ڈرائیوروں کو بیچ اور پرمٹ دینے کا بڑا گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔
میرا بھائندر شہر میں بوگس کاغذات کی بنیاد پر رکشا ڈرائیوروں کو بیچ اور پرمٹ دینے کا بڑا گھوٹالہ سامنے آنے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ اب تک ۸۰؍ سے ۹۰؍آٹو رکشا ڈرائیوروں کے بیچ اور پرمٹ منسوخ کئے جا چکے ہیں۔ کاغذات کی جانچ مکمل ہونے کے بعد مزید پرمٹ بھی رد کئے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ اہم معلومات میرا بھائندر سب ریجنل ٹرانسپورٹ دفتر کے سینئر افسر پرشاد نلاوڈے نے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک کی جائزہ میٹنگ میں دیں۔
واضح رہے کہ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے تمام علاقائی ٹرانسپورٹ دفاتر کوآٹو رکشا ڈرائیوروں کے بیچ و پرمٹ کی دوبارہ جانچ کے احکامات دئیے تھے۔ جانچ میں یہ دیکھا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو مراٹھی بولنی آتی ہے یا نہیں اور پرمٹ لیتے وقت جمع کئے گئے کاغذات قواعد کے مطابق ہیں یا نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: راستوں پر گندگی سے روکنے کیلئے مصنوعی ذہانت والے کیمرے نصب
میرا بھائندر شہر میں تقریباً ۱۲؍ہزار رکشا پرمٹ ہولڈرز ہیں، جن میں سے اب تک قریب ۵؍ ہزار پرمٹ کی پڑتال مکمل ہو چکی ہے۔ اس جانچ میں یہ چونکا دینے والی بات سامنے آئی ہے کہ تقریباً ۸۰۰؍ ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان بولنی نہیں آتی ۔ قواعد کے مطابق رکشا کا بیچ و پرمٹ حاصل کرنے کیلئے مراٹھی زبان کا علم لازمی ہے، پھر ان کو پرمٹ کیسے ملا؟ یہ سوال اب شدت سے اٹھ رہا ہے۔ آر ٹی آئی کے تحت حاصل معلومات کے مطابق میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کے برتھ سرٹیفکیٹ ریکارڈ میں چھیڑ چھاڑ کر کے ایک ہی اندراج نمبر پر متعدد برتھ سرٹیفکیٹ تیار کئے جانے کا الزام ہے۔ انہی بوگس برتھ سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر رہائشی سرٹیفکیٹ بنائے گئےہیں۔ یہ رہائشی سرٹیفکیٹ بھائندر کے اَپر تحصیلدار دفتر اور اس وقت کے تھانے تحصیلدار دفتر سے جاری کئے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ اس لئے برتھ سرٹیفکیٹ بنانے سے لے کر رہائشی داخلہ حاصل کرنے اور اس کی بنیاد پر ٹرانسپورٹ محکمے سے بیچ و پرمٹ لینے تک پوری کڑی کی گہری جانچ کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
سینئر افسر پرشاد نلاوڈے نے بتایا کہ رکشا کے پرمٹ، ڈرائیوروں کے لائسنس، بیچ اور مراٹھی زبان کے علم کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مہاراشٹر میں ۱۵؍ سال رہنے کا ثبوت، اسکول کا خارجہ سرٹیفکیٹ، برتھ سرٹیفکیٹ، آدھار کارڈ اور راشن کارڈ جیسے کاغذات کی بھی قواعد کے مطابق جانچ کی جا رہی ہے۔ مشکوک معاملے سامنے آنے پر مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔