Updated: August 23, 2026, 10:25 PM IST
| Hyderabad
سپر اسٹار یش کی آنے والی فلم ’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ ۲۶؍ اگست کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم کی ریلیز سے قبل۲۲؍ اگست ۲۰۲۶ءکی رات حیدرآباد کی ملا ریڈی یونیورسٹی میں ایک بڑے پری ریلیز پروموشنل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، لیکن پروگرام کے دوران ایک حادثے میں تقریباً چار طلبہ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ایونٹ میں حادثہ۔ تصویر:ایکس
’’ٹاکسک‘‘ کے اس بڑے ایونٹ میں یش کے علاوہ کیارا اڈوانی، رکمنی وسنتھ، ہما قریشی اور دیگر فنکار بھی موجود تھے۔ اپنے پسندیدہ ستاروں کو دیکھنے اور سننے کے لیے بڑی تعداد میں طلبہ اور مداح یونیورسٹی کے میدان میں جمع ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق کچھ طلبہ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹنگ کے لیے نصب کیے گئے لوہے کے پائپوں پر چڑھ گئے۔ اس دوران جب یش اسٹیج سے خطاب کررہے تھے تو تقریب کا ماحول مزید پرجوش ہوگیا اور بڑی تعداد میں لوگ یش کو دیکھنے کے لیے خطرناک انداز میں اوپر چڑھنے لگے۔
اسی دوران کچھ افراد اپنا توازن کھو بیٹھے اور نیچے گر گئے۔ اس کے بعد لوہے سے بنا ساؤنڈ سسٹم بھی گر گیا، جس کی زد میں آنے سے چار طلبہ زخمی ہوگئے۔حادثہ دیکھتے ہی یش نے اپنی تقریر روک دی اورسیکوریٹی اہلکاروں کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے کی ہدایت دی۔ادثے کے فوراً بعد موقع پر ایمبولینس پہنچائی گئی اور زخمی طلبہ کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے سے متعلق ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں ساؤنڈ باکس اور دیگر سامان کو گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:الیکس لینیئر نے تاریخ رقم کردی، فرانس کے پہلے مینز سنگلز عالمی چیمپئن بن گئے
اس واقعہ کے سلسلے میں سائبرآباد پولیس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے ملا ریڈی انسٹی ٹیوٹ کے انتظامیہ اور’’ٹاکسک‘‘ کے پری ریلیز پروگرام کا انعقاد کرنے والی ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے خلاف شکایت درج کی ہے۔ پولیس اب اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ پروگرام میں حفاظتی انتظامات کس سطح کے تھے، طلبہ کو خطرناک مقامات پر چڑھنے سے روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے تھے اور ساؤنڈ سسٹم کے گرنے کی اصل وجہ کیا تھی۔
یہ بھی پڑھئے:کنگنانے تاپسی کو ’پرورش‘ والے بیان پر آڑے ہاتھوں لیا، کہا: سستی کاپی سامنے آ گئی
’’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اَپس‘‘ کی ہدایت کاری گیتو موہن داس نے کی ہے اور یش اس میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔ فلم میں کیارا اڈوانی، رکمنی وسنت اور ہما قریشی سمیت کئی اہم فنکار شامل ہیں۔ فلم ۲۶؍ اگست کوسنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے اور اس کی تشہیری سرگرمیوں کے دوران حیدرآباد کا یہ حادثہ اب فلم کی ٹیم کے لیے ایک اہم تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات سے یہ واضح ہوگا کہ حفاظتی انتظامات میں کس سطح کی لاپروائی ہوئی اور اس حادثے کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔