Updated: July 10, 2026, 6:02 PM IST
| Mumbai
معروف اداکار راجیش شرما فلم ’’فوجی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد شدید علیل ہوگئے اور انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اداکار اس وقت کولکاتا کے اسپتال میں طبی نگرانی میں ہیں، جہاں ان کی حالت نازک مگر قابو میں بتائی جا رہی ہے۔ راجیش کے دیرینہ ساتھی اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے جذباتی پیغام بھی جاری کیا ہے۔
راجیش شرما اور اکشے کمار۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کے معروف اداکار راجیش شرما فلم ’’فوجی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران مبینہ طور پر زہریلے کیڑے کے کاٹنے کے بعد شدید بیمار ہوگئے ہیں۔ انہیں کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں وہ مسلسل طبی نگرانی میں ہیں۔ اداکار اکشے کمار نے اپنے دیرینہ ساتھی کی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ راجیش شرما ان دنوں ہنو راگھواپوڈی کی ہدایت کاری میں بننے والی پربھاس کی فلم ’’فوجی‘‘ کی شوٹنگ کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ حیدرآباد کے راموجی فلم سٹی میں پیش آیا، جہاں شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد وہ ایک سرسبز علاقے میں مقامی تکنیکی عملے کے ساتھ موجود تھے۔ اسی دوران انہیں کسی زہریلے کیڑے کے کاٹنے کا احساس ہوا، تاہم ابتدائی طور پر انہوں نے اسے معمولی سمجھ کر طبی امداد حاصل نہیں کی۔
خاندان کی جانب سے اداکارہ سدھیپا چٹرجی کے ذریعے جاری بیان کے مطابق، واقعے کے تقریباً چھ گھنٹے بعد راجیش شرما کی دائیں ٹانگ میں شدید درد شروع ہوگیا، جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتا چلا گیا۔ اس کے باوجود وہ کولکاتا روانہ ہونے والی پرواز میں سوار ہوئے، لیکن دورانِ سفر انہیں تیز بخار ہوگیا اور طبیعت مزید بگڑ گئی۔ اگلے روز انہیں کولکاتا کے ڈھکوریا منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ان کا علاج کر رہی ہے۔
بیان کے مطابق اداکار اس وقت تیز بخار، سانس لینے میں دشواری اور دائیں ٹانگ میں تیزی سے پھیلنے والے انفیکشن کا سامنا کر رہے ہیں۔ انفیکشن ان کی انگلیوں سے گھٹنے تک پھیل چکا ہے جبکہ متاثرہ حصے پر بڑے چھالے بھی نمودار ہوئے ہیں۔ راجیش شرما کا علاج کرنے والے ایک سینئر ڈاکٹر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مرحلے پر کسی حتمی تشخیص تک پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اداکار کی حالت پر چوبیس گھنٹے نظر رکھی جا رہی ہے کیونکہ انفیکشن کی وجہ سے خون میں لوتھڑے بننے اور ان کے پھیپھڑوں تک پہنچنے کا خدشہ موجود ہے، جو جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: عامر خان، کبیر خان اور آسٹریلوی پروڈیوسرز کا ’’سلکیارا۴۱‘‘ بنانے کا اعلان
دوسری جانب اکشے کمار نے اپنے دیرینہ ساتھی اداکار کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے فلم کے سیٹ کی ایک مشترکہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شوٹنگ کے دوران کیڑے کے کاٹنے کے بعد اپنے پیارے دوست راجیش کی صحت کے بارے میں جان کر بہت فکر مند ہوں۔ دعا ہے کہ مہادیو انہیں جلد مکمل صحت عطا کریں۔ جلدی ٹھیک ہوجاؤ یار، ابھی ساتھ بیٹھ کر بہت ہنسنا ہے۔ جلد واپس آؤ، دوست!‘‘
یہ بھی پڑھئے: اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کا دعویٰ’’ ہیرا پھیری۳‘‘ پر ہمارا حق ہے
اکشے کمار اور راجیش شرما گزشتہ کئی برسوں سے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کرتے آئے ہیں۔ دونوں نے ’’اسپیشل ۲۶‘‘ (۲۰۱۳ء)، ’’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘‘ (۲۰۱۷ء)، ’’لکشمی‘‘ (۲۰۲۰ء)،’’ مشن رانی گنج‘‘ (۲۰۲۳ء) اور حال ہی میں پریہ درشن کی فلم ’’بھوت بنگلہ‘‘ میں بھی اسکرین شیئر کی ہے۔ راجیش شرما نے ۱۹۹۶ء میں گلزار کی فلم ’’ماچس‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے تقریباً تین دہائیوں پر محیط اپنے کریئر میں متعدد یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی نمایاں فلموں میں کھوسلا کا گھوسلہ، عشقیہ، نو ون کلڈ جیسیکا، بجرنگی بھائی جان، مردانی، تنو ویڈز منو، اسپیشل ۲۶؍ اور متعدد دیگر کامیاب فلمیں شامل ہیں۔ اپنی جاندار اداکاری کے باعث وہ ہندی سنیما کے معتبر ترین کردار اداکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔