Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کا دعویٰ’’ ہیرا پھیری۳‘‘ پر ہمارا حق ہے

Updated: July 06, 2026, 6:02 PM IST | New York

’’ ہیرا پھیری ۳‘‘سے متعلق تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ تازہ پیش رفت میں اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی نے ایک عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے فلم کی پروڈکشن اور تمام تجارتی حقوق پر اپنی خصوصی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے۔

Hera Pheri.Photo:INN
ہیرا پھیری۔ تصویر:آئی این این

’’ ہیرا پھیری ۳‘‘سے متعلق تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ تازہ پیش رفت میں  اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی نے ایک عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے فلم کی پروڈکشن اور تمام تجارتی حقوق پر اپنی خصوصی ملکیت کا دعویٰ کیا ہے۔
۴؍جولائی ۲۰۲۶ء کو شائع ہونے والے فلمی تجارتی جریدے کمپلیٹ سنیما میں شائع شدہ اس نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’ہیرا پھیری۳‘‘ کو پروڈیوس کرنے، اس کی مارکیٹنگ، تقسیم اور ہر قسم کے تجارتی استعمال کا اختیار صرف کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی کو حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ہی پروڈیوسرز، ڈسٹری بیوٹرز، نمائش کنندگان (Exhibitors) اور تفریحی صنعت سے وابستہ دیگر افراد اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کمپنی کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کسی ایسے فرد یا ادارے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ کریں جو اس فلم پر حقوق کا دعویٰ کرے۔

یہ بھی پڑھئے:علی فضل اور رِچا چڈھا کامیڈی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے


’’ہیرا پھیری۳‘‘پر کیپ آف گڈ فلمز کا خصوصی حق 
اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے جاری کیا گیا یہ عوامی نوٹس اس وقت منظرِ عام پر آیا جب اس کا اسکرین شاٹ اداکار کے ایک فین کلب نے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس کے بعدبالی ووڈ ہنگامہ  نے بھی اس کی رپورٹ شائع کی۔ یہ اعلان صرف  عوام ہی نہیں بلکہ ہندوستانی فلمی صنعت کے اہم شراکت داروں کے لیے بھی جاری کیا گیا ہے، جن میں ڈسٹری بیوٹرز، نمائش کنندگان، ملٹی پلیکس چینز، او ٹی ٹی اور اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، ٹی وی براڈکاسٹرز، ڈجیٹل پلیٹ فارمز، مشتہرین، لائسنس دینے اور حاصل کرنے والے ادارے، ایگریگیٹرز، سنڈیکیٹرز اور دیگر متعلقہ افراد و ادارے شامل ہیں۔
نوٹس میں کہا گیا ہے’’ عوام اور بالخصوص ہندوستانی فلمی صنعت کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی کے پاس فلم ’’ہیرا پھیری ۳‘‘ کی تیاری، تقسیم، مارکیٹنگ، تجارتی استعمال اور اس سے متعلق تمام حقوق کا ناقابلِ تنسیخ، عالمی، دائمی اور بلا رکاوٹ خصوصی لائسنس موجود ہے۔ یہ حقوق تمام ذرائع، میڈیا، پلیٹ فارمز، ٹیکنالوجیز اور فارمیٹس پر لاگو ہوتے ہیں، خواہ وہ اس وقت موجود ہوں یا مستقبل میں متعارف کرائے جائیں۔‘‘
 تیسرے فریق سے معاملات نہ کرنے کی ہدایت 
نوٹس میں فلمی صنعت سے وابستہ تمام افراد اور اداروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی  کی تحریری اجازت کے بغیر کسی ایسے فرد یا تنظیم کے ساتھ کوئی معاہدہ، لین دین، مذاکرات یا نمائندگی نہ کریں جو ’’ہیرا پھیری۳‘‘ سے متعلق کسی بھی قسم کے حقوق کا دعویٰ کرے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے’’ تمام افراد اور اداروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی کے مذکورہ حقوق کو تسلیم کریں اور ان کا احترام کریں، اور کمپنی کی پیشگی تحریری منظوری کے بغیر کسی تیسرے فریق کے ساتھ فلم سے متعلق کسی بھی قسم کے معاہدے یا مذاکرات سے گریز کریں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:ایمباپے، میسی اور ہالینڈ نے ۹۶؍ سالہ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ بدل دی


قانونی کارروائی کا انتباہ
بیان کے آخر میں قانونی انتباہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص یا ادارہ اس نوٹس کو نظر انداز کرتے ہوئے کوئی اقدام کرتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری اسی پر عائد ہوگی۔نوٹس میں واضح کیا گیا ہے’’ جو بھی شخص یا ادارہ اس نوٹس کے برخلاف کوئی اقدام کرے گا، وہ یہ کام اپنی ذمہ داری اور خطرے پر کرے گا اور کیپ آف گڈ فلمز ایل ایل پی قانون اور انصاف کے تحت دستیاب اپنے تمام حقوق اور قانونی چارہ جوئی محفوظ رکھتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK