Updated: October 01, 2024, 6:35 PM IST
| Mumbai
اپنے ہی لائسنس یافتہ ریوالور سے زخمی ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندہ کے پاؤں سے گولی نکال لی گئی ہے اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے مگروہ کچھ دن مزید اسپتال میں رہ سکتے ہیں۔گووندہ نے اپنا ایک آڈیو کلپ بھی جاری کیا جس میں انہوں نے مداحوں ، ڈاکٹروں اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔
معروف اداکار گووندہ۔ تصویر: آئی این این۔
اپنے ہی لائسنس یافتہ ریوالور سے زخمی ہونے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندہ نے اپنے چاہنے والوں کیلئے آڈیو پیغام جاری کیا۔ ذرائع کے مطابق گووندہ نے پیغام میں اپنے مداحوں کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی طبیعت سے آگاہ کیا۔ ۶۰؍ سالہ اداکار کا کہنا تھا کہ ان کے پرستاروں اور والدین کی دعاؤں نے انہیں بچا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے گولی لگی تھی لیکن اب اسے نکال لیا گیا ہے، میں ڈاکٹروں اور آپ کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ گووندہ آج صبح تقریباً۴؍ بجکر۴۵؍ منٹ پر پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے تھے، وہ ایک شو کیلئے صبح۶؍ بجے کی فلائٹ سےکولکاتاکیلئے روانہ ہونے والے تھے۔ اداکار کے منیجرششی سنہا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ہمارا کولکاتا میں ایک شو تھا اور صبح۶؍ بجے کی فلائٹ تھی، میں ائیرپورٹ پہنچ چکا تھا اور گووندہ نکل رہے تھے۔ اپنی ریوالور ساتھ رکھتے وقت ان سے غلطی سے گولی چل گئی جو ان کے پاؤں میں لگی۔ زخمی گووندہ کو۵؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال داخل کرایا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی۔
ششی سنہا کے مطابق بھگوان کا شکر ہے کہ گووندہ جی کو صرف ایک پاؤں پر چوٹ آئی اور ان کا زخم خطرناک نہیں ہے۔ منیجرنے مزید بتایا کہ اسپتال میں ایک چھوٹے سے آپریشن کے بعد گووندہ کے پاؤں سے گولی نکال لی گئی ہے اور اب ان کی حالت خطرے سے باہرہے۔ پولیس صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچی ہے اور انہوں نے گووندہ کے ریوالور کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ معاملہ فی الحال زیر تفتیش ہے۔