• Fri, 05 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اداکارہ سادھنا نےسنیما میں فیشن کو ایک نیا انداز عطاکیا تھا

Updated: September 02, 2025, 12:42 PM IST | Agency | Mumbai

ہندی سینما کی مایہ ناز اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش۲؍ ستمبر۱۹۴۱ء کراچی میں ہوئی تھی۔ سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی تھیں اور۸؍ سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔

Actress Sadhana Shivdasani. Picture: INN
اداکارہ سادھنا شیوداسانی۔ تصویر: آئی این این

ہندی سینما کی مایہ ناز اداکارہ سادھنا شیوداسانی کی پیدائش۲؍ ستمبر۱۹۴۱ء کراچی میں ہوئی تھی۔ سادھنا اپنے والدین کی اکلوتی بیٹی تھیں اور۸؍ سال کی عمر تک ان کی ماں نے انہیں گھر میں ہی تعلیم و تربیت دی۔ سادھنا کا نام ان کے والد کی پسندیدہ اداکارہ سادھنا بوس کے نام پر رکھا گیا تھا۔ ان کے والد اور اداکار ہری شوکداسانی دونوں بھائی تھے جو اداکارہ ’ببیتا‘ کے والد تھے۔ سادھنا نے ماضی میں اپنی لازوال اداکاری سے انڈسٹری میں خوب نام کمایا جہاں انہوں نے متعدد فلموں میں راج کپور، دیوآنند، راجند کمارکے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا اورمقبولیت کے جھنڈے گاڑھے، وہیں وہ بالی ووڈ انڈسٹری پر کئی دہائیوں تک راج کرتی رہیں۔ اداکارہ نے ۱۹۵۵ء میں راج کپورکی فلم’ شری ۴۲۰‘ کے ایک مشہور گانے’مڑمڑ کہ نہ دیکھ مڑمڑکے‘ سے ڈیبیو کیاتھا۔ اس وقت ان کی عمر محض۱۵؍ برس تھی۔ 
 بطور اداکارہ’ لو اِن شملہ‘ ان کی ایسی پہلی فلم تھی جو ان کی منفرد پہچان کا سبب بنی۔ اسی فلم نے انہیں شہرت کی نئی بلندیاں عطا کیں۔ سادھنا نےاپنے منفرد اوراچھوتے ہیراسٹائل کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کی۔ سادھنا کی کامیاب فلموں میں ’لو ان شملہ‘، ’پرکھ‘، میرا سایہ، ہم دونوں ، ایک پھول دو مالی، من موجی، دلہا دلہن، آرزو، ’میرے محبوب‘، ’وقت‘ اور’وہ کون تھی‘ سمیت متعدد فلمیں شامل ہیں۔ ا داکارہ کو۲۰۰۲ء میں ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا۔ ایک زمانے میں ان کا زلفوں کی اسٹائل ’سادھنا کٹ‘ کے نام سے دنیا بھر میں مشہور ہوا جس میں ان کے آگے کے قدرے چھوٹے کٹے ہوئے بال پیشانی پر نظر آتے ہیں۔ ان کی شادی ان کی پہلی فلم کے ہدایت کار رام کرشن نیّر سے ہوئی تھی اور ان کے کوئی اولاد نہیں تھی۔ سادھنا کے کنبہ میں ایک گود لی ہوئی بیٹی ہے۔ 
 سادھنا کے شوہر رام کرشن نیئر کا انتقال ۱۹۹۵ء میں دمے کی بیماری کے سبب ہو ا تھا۔ سادھنا نے فلم گیتا میرا نام کی ہدایت کاری بھی کی تھی جس میں اُن کے ساتھ اداکار فیروز خان اور سنیل دت تھے۔ دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنے کی اُن کی خواہش پوری نہ ہوسکی۔ حالانکہ۷۰ء کے دہائی میں فلم سنگھرش کا جس وقت اعلان ہوا تھا اُس وقت دلیپ کمار کے ساتھ ہیروئن کے طور پر سادھنا کے نام کی تشہیر کی گئی تھی لیکن بعد میں اُن کی جگہ وجینتی مالا آگئیں۔ 
 سادھنا کا فلمی کر یئر بہت طویل نہ تھا اور۱۹۷۴ءمیں شمی کپور کے ساتھ انہوں نے آخری فلم چھوٹے سرکار میں کام کیا جو شمی کپور کی بھی بطور ہیرو آخری فلم تھی تا ہم شمی اس کے بعد بھی فلموں میں اداکاری کرتے رہے، مگر سادھنا نے فلموں سے کنارہ کر لیا۔ ۱۹۸۹ء میں ان کی پروڈکشن کمپنی نے ڈمپل کپاڈیہ کے ساتھ فلم بنائی اور اس میں سادھنا نے ہدایت کاری کے فرائص بھی سرانجام دئیے۔ عمر کے آخری دنوں میں میں وہ فلمی محفلوں میں دکھائی نہیں دیتی تھیں۔ وہ گوشہ نشیں ہوگئی تھیں۔ ان کی قریبی سہیلیوں میں آشا پاریکھ، وحیدہ رحمان، ہیلن جرگ رچرڈسن اور نندہ تھیں۔ سادھنا نے ۳۴؍فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی آخری فلم ’ الفت کی نئی منزلیں (۱۹۹۴ء) میں ریلیز ہوئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK