• Wed, 04 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اِس ورلڈکپ میں انڈیا کے ۱۱؍ نہیں۵۰؍ کھلاڑی کھیلیں گے!

Updated: February 04, 2026, 1:32 PM IST | Agency | Mumbai

ٹیم انڈیا کے ۱۱؍ کھلاڑیوں کے علاوہ کم از کم ۴؍ ٹیمیں ایسی ہیں جو ہند نژاد کھلاڑیوں کے بھروسے ہیں، ان میں کنیڈا، یو ایس اے ، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔

The T20 World Cup matches will be held in major cities of the country, including Kolkata. Picture: PTI
ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے میچ ملک کےاہم شہروں میں ہوں گے جن میں کولکاتا بھی شامل ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی
ٹی ۲۰؍عالمی کپ  اسی ہفتے ۷؍ فروری سے شروع ہونے والا ہے۔ اس ورلڈ کپ کا دنیا بھر کے کرکٹ شیدائی بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ خاص طور سے ہندوستانی کرکٹ شیدائی اپنے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے میدان پر رنوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس بار ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے صرف ۱۱؍ نہیں بلکہ کم و بیش ۵۰؍ ہندوستانی کھلاڑی کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ ایسا اس  لئے ہے کیونکہ اس ورلڈ کپ میں کھیلنے والی کچھ ٹیمیں ہند نژاد کھلاڑیوں سے بھری ہوئی ہیں۔
ٹی ٹوینٹی عالمی کپ میں شامل ٹیموں کے اسکواڈ پر نظر ڈالیں تو ایک ٹیم ایسی ہے جس  کے تمام ۱۱؍ کھلاڑی ہی ہند نژاد ہیں۔ یعنی ٹیم چاہے تو ہند نژاد کھلاڑیوں کی پوری ٹیم ہی میدان پر اتار دے۔ یہ ٹیم کنیڈا ہے جس میں کپتان دلپریت باجوا، وکٹ کیپر بلے باز شریس اور کنور پال، سلامی بلے باز یوراج شرما، تیز گیندباز جسکیرن سنگھ اور بائیں ہاتھ کے اسپن گیندباز انش پٹیل جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ  یو ایس اے، عمان اور یو اے ای کی ٹیموں میں بھی ہند نژاد کھلاڑیوں کی تعداد کافی ہے۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو  بشمول ہندوستانی ٹیم تقریباً ۵۰؍ہندوستانی کھلاڑی دوسری ٹیموں کے لئے کھیلتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
یو ایس اے کی ٹیم میں ۹؍، عمان کی ٹیم میں ۷؍ اور یو اے ای کی ٹیم میں بھی ۷؍ ہند نژاد کھلاڑی موجود ہیں۔ کچھ دیگر ٹیموں میں بھی ایک سے ۲؍ ہند نژاد کھلاڑیوں کی موجودگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ممبئی میں پیدا ہونے والے سوربھ نیترولکر امریکہ کی طرف سے تیز گیندبازی کی ذمہ داری سنبھالتے دکھائی دیں گے، جن کیلئے وانکھیڈے اسٹیڈیم پرانی یادیں تازہ کرنے والا ثابت ہوگا۔ اسی طرح دیگر کھلاڑی بھی اپنے ملک ہندوستان کے لیے بھلے ہی کرکٹ نہ کھیل پائے ہوں لیکن اپنے ملک میں کھیلتے ہوئے ضرور دکھائی دیں گے۔
واضح رہے کہ ’ٹی ۲۰؍عالمی کپ میں مجموعی طور پر ۲۰؍ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ان سبھی ٹیموں کو۴؍گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ میں ۵؍ٹیمیں ہیں۔ پہلے ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلے گی۔ اس کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ ۲؍ ٹیمیں سپر ۸؍ کے مرحلے میں کھیلیں گی۔   اس مرحلے کے بعد ٹاپ ۴؍ ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گے اور پھر فائنل ہو گا جو ۸؍ مارچ کو کھیلا جائے گا۔ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ ایک ماہ تک جاری رہنے والا ٹورنامنٹ ہے۔  بنگلہ دیش نے اس عالمی کپ میں ہندوستان میں آکر نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے سبب اسے ورلڈ کپ سے نکال دیا گیا ہے اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو موقع ملا ہے۔
ٹکٹوں کی فروخت کا تیسرا مرحلہ 
ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی مردوں کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔ افتتاحی میچ کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور شائقین کو میچز کے لئے نشستیں حاصل کرنے کا ایک اور موقع دیا جا رہا ہے۔فیز تھری سے قبل ٹکٹوں کی فروخت کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔ یہ عالمی ایونٹ  ہندوستان کے  معروف کرکٹ اسٹیڈیمز میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کو دنیا کے بہترین بین الاقوامی کھلاڑیوں اور سنسنی خیز ٹی ۲۰؍مقابلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔بی سی سی آئی کے مطابق تیاریوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے اور توجہ اس بات پر ہے کہ میچ ڈے کا تجربہ شائقین کے  لئے یادگار ہو۔ بی سی سی آئی صدر متھن منہاس نے کہا کہ ورلڈ کپ کو اعلیٰ ترین معیار پر منعقد کرنے کیلئے ہم پُرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK