• Sat, 18 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عادل حسین کی خاموشی مکالموں سے زیادہ موثر تھی

Updated: October 05, 2025, 10:38 AM IST | Mumbai

عادل حسین کا جنم۵؍اکتوبر ۱۹۶۳ء کو آسام کے ایک چھوٹے سے قصبے گولپاڑہ میں ہوا۔ ان کا تعلق ایک متوسط مسلم گھرانے سے تھا۔ والد سرکاری ملازم تھے اور گھر کا ماحول روایتی مگر علم دوست تھا۔

Adil Hussain is a serious actor. Photo: INN
عادل حسین ایک سنجیدہ اداکار ہیں۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈمیں بعض فنکار ایسےہیں جو شہرت کے شور سے زیادہ کرداروں کی گہرائی میں جیتےہیں۔ ان کیلئے اداکاری محض پیشہ نہیں بلکہ عبادت ہے۔ عادل حسین بھی ایسے ہی فنکار ہیں، جو بڑی چکاچوند سے الگ، مگر اپنی سچائی کے ساتھ، ایک باوقار سفر پر گامزن ہیں۔ 
عادل حسین کا جنم۵؍اکتوبر ۱۹۶۳ء کو آسام کے ایک چھوٹے سے قصبے گولپاڑہ میں ہوا۔ ان کا تعلق ایک متوسط مسلم گھرانے سے تھا۔ والد سرکاری ملازم تھے اور گھر کا ماحول روایتی مگر علم دوست تھا۔ بچپن ہی سے عادل کو اداکاری اور اسٹیج سے لگاؤ تھا۔ وہ اسکول کے ڈراموں میں حصہ لیتے، مائیکل جیکسن کی نقل کرتے، اور ناظرین کو محظوظ کرتے۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کے اندر فن کا ایک سنجیدہ احساس بیدار ہوا۔ اداکاری ان کے لیے محض تفریح نہیں بلکہ انسانی احساسات کو سمجھنے اور بیان کرنے کا ذریعہ بن گئی۔ 
عادل حسین نے اپنی اعلیٰ تعلیم بی بورواہ کالج (گواہاٹی) سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے نیشنل اسکول آف ڈراما(این ایس ڈی) دہلی میں داخلہ لیا، جہاں انہوں نے باقاعدہ تھیٹر کی تربیت حاصل کی۔ بعد ازاں انہیں اسکالرشپ پر ڈراما اسٹوڈیو لندن میں مزید تربیت کا موقع ملا، جہاں انہوں نے یورپی اندازِ اداکاری، جسمانی اظہار اور کردار میں تحلیل ہونے کے فن کو سیکھا۔ یہی تربیت ان کے فن کی بنیاد بنی۔ عادل حسین کی اداکاری میں آج بھی وہی تھیٹر کی سنجیدگی اور حقیقت پسندی دکھائی دیتی ہے جو عام فلمی اداکاروں میں کم نظر آتی ہے۔ عادل حسین کا سفر تھیٹر سے شروع ہوا۔ انہوں نے دہلی اور آسام میں کئی مشہور اسٹیج ڈراموں میں حصہ لیا۔ ان کی تھیٹر پرفارمنسز میں ’اورڈیپ‘، ’میکبتھ‘، ’مائی نیبرز وائف‘ جیسے ڈرامے خاص طور پر یادگار ہیں۔ 
فلموں میں ان کے سفر کا آغاز سوہا علی خان کے ساتھ بنگالی فلم ’اتی سریکانتا‘ سے کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’انگلش ونگلش‘ اور ’لائف آف پائی‘ سے انہیں بہت شہرت ملی۔ انگلش ونگلش میں سری دیوی کے شوہر کے کردار میں عادل حسین نےایک عام مگر حقیقت پسندمرد کی تصویر پیش کی۔ ایک ایسا شخص جو اپنی بیوی کی سادگی کو سمجھ نہیں پاتا۔ یہ کردار چھوٹا ضرور تھا مگر گہرا اثر چھوڑ گیا۔ انگ لی کی ہدایت کاری میں بنی اس بین الاقوامی فلم میں عادل حسین نےپائی کے والد کا کردار ادا کیا، مختصرکردار، مگر غیر معمولی تاثرکے ساتھ۔ ان کے چہرے کے تاثرات اورلہجے کی تہذیب نے دنیا بھر کے ناظرین کو متاثر کیا۔ 
’مکتی بھون‘ وہ فلم تھی جس نےعادل حسین کو عالمی سطح پر سنجیدہ اداکاروں کی صف میں لا کھڑا کیا۔ ایک ایسے بیٹے کا کردار، جو اپنے بوڑھے باپ کو کاشی لے جاتا ہے تاکہ وہ وہاں آخری سانس لے سکے۔ اس فلم میں عادل نے جذبوں، برداشت اور خاموش قربانی کی گہری تفسیر پیش کی۔ عمدہ اداکاری کیلئے انہیں کئی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے جن میں فلم ’مکتی بھون‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ، ’وھاٹ ول پیوپل سے‘ کیلئے نارویجین امانڈا ایوارڈ میں بہترین اداکار کا ایوارڈ اور نیو یارک انڈین فلم فیسٹیول ایوار کے علاوہ متعدد بین الاقوامی فیسٹیولز میں نامزدگیاں اور اعزازات شامل ہیں۔ 
عادل حسین نے کریتی ملک سے شادی کی، جو ایک تھیٹر ڈائریکٹر ہیں۔ دونوں کا رشتہ صرف ازدواجی نہیں بلکہ فنکارانہ ہم آہنگی کا بھی ہے۔ وہ اکثر ورکشاپس اور تربیتی پروگراموں میں نوجوان فنکاروں کی رہنمائی کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK