۱۹۶۶ء میں ریلیز ہونے والی ہدایتکار باسو بھٹاچاریہ کی فلم ’تیسری قسم‘ میں انہوں نے پہلی بار کام کیا، فلم میں ان کا رول بہت مختصر تھا لیکن راج کپور کے بڑے بھائی کے کردار میں انہوں نے جان ڈال دی تھی، اس کے بعد پھر انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کئی اہم فلموں میں کام کیا۔
اے کے ہنگل۔ تصویر: آئی این این
غیرمنقسم ہندوستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں مشہور کریکٹر ایکٹر اوتار کشن ہنگل کی پیدائش یکم فروری ۱۹۱۴ء کو ایک کشمیری پنڈت خاندان میں ہوئی تھی۔ بعد میں ہم نےانہیں اے کے ہنگل کے نام سے پہچانا۔ کشمیری زبان میں ’ہرن‘ کو ’ہنگل‘ کہا جاتا ہے۔ ان کے والد کا نام پنڈت ہری کشن ہنگل تھا اور والدہ کا نام راگیہ ہنڈو تھا۔ اُن کی والدہ پنڈت جواہر لال نہرو کی بیوی کملا نہرو کی چچیری بہن تھیں۔ اے کے ہنگل کی دو بہنیں تھیں، جن کے نام بشن اور کشن تھے۔ اے کے ہنگل کی شادی آگرہ کی ایک خاتون منورما ڈار سے ہوئی جن کا تعلق ایک معزز خاندان سے تھا۔
ہنگل ایک ایسے کشمیری خاندان میں پیدا ہوئے تھے جو بہت سال پہلے کشمیر چھوڑکر لکھنؤ میں آباد ہو گیا تھا، مگر بعد میں ہنگل کے دادا سرکاری کمشنر کی حیثیت سے لکھنؤ چھوڑکر پشاور منتقل ہو گئے اور پھر وہاں سے سیالکوٹ میں سکونت اختیار کی۔ ہنگل کے والد کو موسیقی اور ناٹکوں کا شوق تھا۔ وہ انہیں بھی اپنے ساتھ ناٹک دِکھانے کیلئے لے جاتے تھے۔ وہیں سے ہنگل کی دلچسپی ناٹکوں میں پیدا ہوئی۔ ان کے ننہال میں انگریزوں کے خلاف نفرت کا ماحول تھا اور اس کا اثر ان کی شخصیت پر بھی پڑا جبکہ ان کے والد اور دادا، انگریز حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر فائض تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے انگریزوں کے خلاف بغاوت کرنے کا فیصلہ کیا اور ایک مقامی انقلابی گروپ میں شامل ہو گئے۔
یہ بھی پڑھئے: کنگ: شاہ رخ اور کرینہ کی ۱۵؍ سال بعد واپسی، ’ڈیڈی کول‘ پر مداح فدا
جب یہ بات ان کے والد کو پتا چلی تو وہ اُن سے بہت ناراض ہوئے کیونکہ وہ چاہتے تھے کہ ہنگل بھی انہی کی طرح سرکاری نوکری کریں، لیکن وہ تو انگریزوں کو ملک کا دُشمن مانتے تھے۔ انگریزوں کی ملازمت تو اُنہیں کسی حال میں قبول نہ تھی، لہٰذا انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز پشاور میں ایک درزی کے طور پر کیا۔ ساتھ ہی وہ تحریک آزادی میں بھی سرگرم رہے۔ انہوں نے طالب علمی کے دور میں جلیاں والا باغ کے قتل عام کے خلاف تحریک آزادی میں بھی حصہ لیا تھا۔
بات ۱۹۳۱ء کی ہے جب شہید اعظم بھگت سنگھ، سکھ دیو، اور راج گرو کو حکومت برطانیہ کے ذریعہ پھانسی کی سزا سنائی گئی، تو پورے ملک میں غصہ پھیل گیا۔عوام نے برٹش وائس رائے کو بھیجنے کیلئے ایک رحم کی درخواست تیار کی تھی تاکہ بھگت سنگھ اور ان کے دیگر ساتھیوںکی پھانسی کی سزا کو رُکوایا جا سکے۔ اُس وقت ہنگل نے بھی اُس درخواست پر دستخط کیے تھے، لیکن انگریزوں نے رحم کی اس درخواست پر کوئی غورنہیں کیا اور ۲۳؍مارچ ۱۹۳۱ء کو بھگت سنگھ کو پھانسی دے دی گئی۔
اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس رات کا آنکھوں دیکھا منظر بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’’مجھے وہ دن آج بھی یاد ہے جب مجاہد آزادی بھگت سنگھ کو پھانسی دی گئی تھی۔ اس شام پشاور میں پٹھانوں کا ایک بہت بڑا تعزیتی اجلاس بلایا گیا تھا۔ وہاں پر موجود سبھی لوگ بھگت سنگھ کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے بچوں کی طرح پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے، اور روتے ہوئے بھگت سنگھ کے اعزاز میں پشتو زبان میں نظمیں بھی پڑھ رہے تھے۔ پورا پشاور سڑکوں پر اُتر آیا تھا اور فضا میں سب طرف صرف ’بھگت سنگھ... بھگت سنگھ‘ کے نعرے بلند ہو رہے تھے۔ اس واقعے نے ہنگل کے اندر قوم پرستی کو جگا دیا اور وہ انگریزوں کے خلاف آزادی کی جدوجہد میں پوری طرح کود پڑے، ہڑتالیں کرنے لگے، ٹریڈ یونین سے جڑگئے اور بائیں بازو کا نظریہ اختیار کر لیا۔
۱۹۳۶ء میں وہ پشاور میں ہی ایک تھیٹر گروپ ’شری سنگیت پریہ منڈل‘ سے منسلک ہو گئے اور اس کے ذریعہ انہوں نے غیرمنقسم ہندوستان میں بہت سے ناٹکوں میں اداکاری کی۔ اپنے والد کی سبکدوشی کے بعد ان کا پورا خاندان پشاور سے ہجرت کرکے کراچی میں بس گیا تھا۔ کراچی کی ہی ایک مشہور فرم ’ایس آر داس اینڈ سنس‘ میں بحیثیت ’چیف کٹر‘ ہنگل ۴۵۰؍ روپے ماہوار کی تنخواہ پر نوکری کرنے لگے۔ نوکری کے ساتھ ساتھ وہ تھیٹر بھی کیا کرتے تھے۔ درزی کا کام کرنے کے دوران اُن کے دل میں مزدوروں کے حقوق اور برابری کے متعلق بیداری بڑھنے لگی۔ انہوں نے کراچی میں درزیوں کی ایک یونین تخلیق کی اور دُکانوں میں کام کرنے والے کاریگروں کیلئے بہتر سہولتوں اور قانونی حقوق کیلئے آواز بلند کی۔ ایک دن وہ اپنی دُکان کے مالک کے سامنے بھی کاریگروں کے مطالبات کے متعلق بات کرنے پہنچے، لیکن مالک کو یہ بات پسند نہیں آئی اور اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہنگل اور ان کے ساتھیوں کو اُسی وقت نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔
اس کے بعد وہ ’کراچی ہارمونیکا کلب‘ کے ممبر بن گئے، جو اکثر ناٹک بھی منعقد کیا کرتا تھا۔ یہاں وہ بھی ناٹکوں میں حصہ لیا کرتے تھے اور یہی وہ جگہ تھی جہاں نوجوان ہنگل کے دل میں سماج وادی خیالات پنپ رہے تھے۔ کمیونسٹ خیالات کےہونے کی وجہ سے ۱۹۴۷ء میں انہیں تقریباً تین برس کیلئے جیل میں ڈال دیا گیا تھا۔ قید سے آزاد ہونے کے بعد وہ ہندوستان آ گئے اور ممبئیمیں بسنے کا فیصلہ کیا۔ جیب خالی تھی مگر بیش قیمتی ہنر باقی تھا۔ بمبئی آنے کے بعد وہ بلراج ساہنی اور کیفی اعظمی کے ساتھ مل کر تھیٹر گروپ اِپٹا (انڈین پیپلز تھیٹر اسوسی ایشن) کے ساتھ وابستہ ہو گئے، ان دونوں (بلراج ساہنی اور کیفی اعظمی) کا رجحان بھی مارکسزم کی جانب تھا۔ اِپٹا سے منسلک ہونے کے بعدہنگل نے بہت سے ناٹکوں میں اداکاری کی۔
یہ بھی پڑھئے: شردھا کپور نے ۸؍ کلو وزنی گھنگھرو باندھ کر ۲۵ دن تک ریہرسل کی
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے کامریڈ اے۔ کے۔ ہنگل پچاس برس کی عمر میں ہندی سنیما میں داخل ہوئے، جو عمر عام طور سے سبکدوشی کی عمر ہوتی ہے۔ ۱۹۶۶ء میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار باسو بھٹاچاریہ کی فلم ’تیسری قسم‘ میں انہوں نے پہلی بار کام کیا۔ ہندی کے مشہور کہانی کار فنیشور ناتھ رینو کی کہانی ’مارے گئے گلفام‘ کو بنیاد بناکر بنائی گئی اس فلم کے فلمساز، مشہور گیت کار شیلندر تھے۔ تھیٹر گروپ اِپٹا کے زمانے ہی سے شیلیندر بھی ہنگل کو جانتے تھے ۔ وہ اس فلم میں راج کپور کے بڑے بھائی کے چھوٹے سے کردار کیلئے راضی ہو گئے تھے۔ فلم میں ان کا کردار بھلے ہی مختصر تھا لیکن انہوں نے اس میں جان ڈال دی تھی۔اس کے بعد انہوں نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ان کی مادری زبان اُردو تھی لہٰذا وہ دیوناگری رسم الخط میں اسکرپٹ پڑھنے میں دُشواری محسوس کرتے تھے۔اسلئے وہ اپنے ڈائیلاگ کی اسکرپٹ ہمیشہ اُردو میں مانگا کرتے تھے۔ فلم ’تیسری قسم‘ کے اہم ستاروں میں راج کپور، وحیدہ رحمان، دُلاری، افتخار، کیشٹو مکھرجی، اے کے ہنگل اور اسیت سین کے نام اہم ہیں۔
اس کے بعد انہیں فلمساز سبودھ مکھرجی کی فلم ’شاگرد‘ میں کام کرنے کا موقع ملا، جس کے ہدایت کار سمیر گانگولی تھے۔ یہ فلم ۱۹۶۷ء میں ریلیز ہوئی تھی جس کے مرکزی اداکاروں میں جوائے مکھرجی، سائرہ بانو، آئی ایس جوہر، نظیر حسین، اچلا سچدیو اور مدن پوری وغیرہ کے نام اہم ہیں۔ فلم ’شاگرد‘ کے بعدانہوں نے بہت سی فلموں میںمرکزی ہیرو اور ہیروئن کے ایک اصول پسند باپ اور انکل کے کرداروں میں اپنی اداکاری پیش کی، یا پھر کبھی کبھار ایسے ضعیف العمر شخص کا کردار پیش کیا جو انتہائی دبے ہوئے اور مظلوم مزاج کا حامل ہوتا ہے۔ ان کی خاصیت یہ تھی کہ وہ کردار کو عظیم بنانے کیلئے شور نہیں کرتے تھے بلکہ اُن کا پُرسکون چہرہ اور مکالموں کی قدرتی ادائیگی ہی کافی ہوتے تھے۔
۱۹۷۳ء میں جب فلم ’ہیرا پنّا‘ بنی، تب تک اے کے ہنگل تھیٹر اور سنیما میں کئی برس گزار چکے تھے۔ دیوآنند کے ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’ہیرا پنّا‘ میں راکھی گلزار اور زینت امان کے ساتھ اےکے ہنگل فلمی پردے پر دِکھائی دیے۔ راکھی نے ریما کا کردار پیش کیا، زینت امان نے پنا اور ہنگل نے دیوان کرن سنگھ کے کردار ادا کیے۔ یہ فلم دیوآنند کے کردار ’ہیرا‘ کے اِرد گرد تخلیق کی گئی تھی جو ایک فوٹوگرافر ہے جس کی زندگی پنّا اور ایک چوری ہوئے ہیرے میں اُلجھ جاتی ہے۔
اےکے ہنگل ہندوستانی سنیما کے سب سے زیادہ مانے جانے والے معزز کریکٹر ایکٹرس میں سے ایک تھے۔ حالانکہ ان کی پرفارمینس اکثر مرکزی کردار کے مقابلے سیکنڈری ہوتی تھی لیکن ایک چیز جواُن میں ہمیشہ سے پختہ تھی، وہ تھی جذبات نگاری، وقار، اپنائیت، اور اصلیت کا پورا احساس۔ چاہے وہ ایک محبت کرنے والا باپ ہو، ایک بزرگ باپ ہو، یا کسی گہرے غم میں ڈوبے زمین سے جڑا انسان ہو، وہ اپنے کردار کی روح پکڑنے میں کبھی ناکام نہیں ہوئے۔