• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ مارکیٹ کایہ طے کرنا کہ فلمساز کو کیا بنانا چاہئے ، کوئی اچھی بات نہیں ‘‘

Updated: November 29, 2026, 3:46 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

فلمساز، قلمکاراور ہدایتکارسورج بڑجاتیا کا کہنا ہے کہ جس وقت میں نے فلمیں بنانا شروع کی تھیں تو اُس وقت کا دور مختلف تھالیکن آج کا سنیما زیادہ حقیقت پسندہو گیا ہے۔

Sooraj Barjatya. Photo: INN
سورج بڑجاتیہ۔ تصویر: آئی این این

سورج آر بڑجاتیا ہندوستانی فلم انڈسٹری کے معروف ہدایت کار، پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر ہیں۔ وہ اپنی ایسی فلموں کیلئے مشہور ہیں جن میں محبت، شادی، خاندانی رشتے، ہندوستانی تہذیب، روایات اور اخلاقی اقدار کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ ان کی فلموں نے کئی دہائیوں تک ہندوستانی سنیما میں خاندانی تفریح کی ایک الگ شناخت قائم کی ہے۔ وہ معروف فلم پروڈکشن کمپنی راج شری پروڈکشنزکے چیئرمین بھی ہیں۔سورج بڑجاتیا نے فلمی دنیا میں اپنے کریئر کا آغاز مہیش بھٹ کی فلم ’سارانش‘ میں معاون ہدایتکار کے طور پر کیا۔انہوں نے ہدایتکار ہیرین ناگ اور این چندرا کے ساتھ بھی کام کرکے فلم سازی کے مختلف پہلوؤں کا تجربہ حاصل کیا۔۱۹۸۹ ءمیں محض ۲۴ ؍سال کی عمر میں انہوں نے اپنی پہلی فلم ’میں نے پیار کیا‘ کی ہدایتکاری کی۔ اس کے بعد’ہم آپ کے ہیں کون‘  ان کے کریئر کی  اہم فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ فلم کو بہترین تفریح فراہم کرنے والی مقبول فلم کے زمرے میں قومی فلم ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اب وہ اپنی نئی فلم ’یہ پریم مول لیا‘ کے ذریعے ایک بار پھر رومانوی اور خاندانی سنیما کی طرف لوٹ رہے ہیں۔  انقلاب نےسورج سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:

  ۱۱؍ سال بعد ایک بار پھر آپ کے مقبول کردار پریم کی پردۂ سیمیں پر واپسی ہو رہی ہے۔ اس مرتبہ پریم کا کردار کس نوعیت کا ہے اور فلم میں ناظرین کو کیا خاص دیکھنے کو ملے گا؟

ج:  یہ فلم ’یہ پریم مول لیا‘ میرے لیے بہت خاص ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک ایسا پیغام پیش کیا گیا ہے جو آج کے دور سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ کہانی میری اب تک بنائی گئی فلموں سے کچھ مختلف ضرور ہے، لیکن اس میں میرے فلمی انداز اور سوچ کی جھلک بھی برقرار رہے گی۔فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کی ہے جس کا کردار آیوشمان کھرانہ ادا کر رہے ہیں۔ وہ ایک موسیقار اور فنکار ہے، جو ایک مثالی دنیا کا خواب دیکھتا ہے۔ اس کی ملاقات شروری واگھ کے کردار سے ہوتی ہے۔ لڑکی اپنے گھر میں رہتی ہے، جہاں اس کے ساتھ خاندان کی ۶؍ خواتین کی ذمہ داریاں بھی وابستہ ہیں۔ ان میں اس کی دادی، نانی، پھوپھی اور ایک چھوٹی بچی سمیت دیگر خواتین شامل ہیں۔لڑکی اپنے فیصلے کے بارے میں بالکل واضح ہے۔ وہ پریم سے کہتی ہے کہ اگر وہ اس سے شادی کرنا چاہتا ہے تو وہ اپنے گھر والوں کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائے گی کیونکہ وہ جیسی ہے، ویسی ہی رہنا چاہتی ہے۔ دوسری جانب پریم اس سے محبت کرتا ہے اور اس کے اس فیصلے اور جذبے کی قدر بھی کرتا ہے۔پریم کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جو ممبئی میں رہتا ہے۔ جب لڑکی اپنے گھر والوں کو چھوڑ کر جانے سے انکار کرتی ہے تو پریم اپنے دادا جی سے کہتا ہے کہ اگر وہ اپنے گھر والوں کو نہیں چھوڑ سکتی تو ہم اس کے گھر جا کر کیوں نہیں رہ سکتے؟ اس بات پر دادا جی ناراض ہو جاتے ہیں اور سوال کرتے ہیں کہ یہ کیسا طریقہ اور کون سا رواج ہے؟لیکن پریم کا ماننا ہے کہ اگر دو لوگ ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں تو سماجی پابندیاں اور روایات ان کے درمیان رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔  

یہ بھی پڑھئے: سیلینا جیٹلی اداکارہ نہیں، فائٹر پلین کی پائلٹ بننا چاہتی تھیں

 فلم کے عنوان ’’یہ پریم مول لیا‘‘ کے پیچھے کیا خیال ہے؟

ج:  اس عنوان کا تعلق میرا جی کے ایک بھجن سے ہے، جس کے بول ہیں، ’’میں نے گِردھر مول لیا، چُرا کے نہیں، چھپا کے نہیں، ڈھول بجا کے لیا۔‘‘اس کا بنیادی مفہوم یہ ہے کہ میں نے جو چیز حاصل کی ہے، اس کی قیمت ادا کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔ فلم بھی ایک لڑکے اور لڑکی کی کہانی ہے، جو دو خاندانوں کو ایک کرنے کیلئے ایک اہم قدم اٹھاتے ہیں۔ان کا مقصد یہ ہے کہ وہ محبت کے ذریعے دونوں خاندانوں کو ایک ساتھ لے آئیں۔ اسی لیے فلم کا یہ نام رکھا گیا ہے۔ یہاں محبت کو محض ایک جذبہ نہیں بلکہ ایک ایسی ذمہ داری کے طور پر دکھایا گیا ہے، جس کیلئے کچھ قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں اور اپنے فیصلوں کی قیمت بھی ادا کرنی پڑتی ہے۔

 آپ کی فلموں کی ایک خاص پہچان ان کا موسیقی کا معیار رہا ہے۔  کیااس فلم میں بھی موسیقی کو وہی خاص اہمیت دی گئی ہے؟

ج: آپ جانتے ہیں کہ ہم نے اس فلم کے پانچ گانے ریلیز  کیے ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ ان سبھی کو ناظرین کی جانب سے کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ اس کا بہت سا کریڈٹ موسیقار ہیمیش ریشمیا اور ہمارے نغمہ نگاروں کو جاتا ہے۔ہماری خواہش تھی کہ اس مرتبہ ایک مکمل میوزیکل فلم بنائی جائے۔ آج کل جب فلموں کی بات ہوتی ہے تو لوگ کہتے ہیں کہ اس میں ایکشن ہونا چاہیے، گلیمر ہونا چاہیے لیکن موسیقی میں بھی ایک بہت بڑا جادو ہے۔ موسیقی اپنے اندر لوگوں کو اپنی طرف کھینچنے کی غیر معمولی طاقت رکھتی ہے۔ ہم نے اس فلم میں خاص طور پر چھ گانے رکھے ہیں۔ ان میں سے ایک گانے پر تو بہت زیادہ محنت کی گئی اور کئی میٹنگز ہوئیں۔ ہیمیش ریشمیا کی ایک بڑی خوبی یہ ہے کہ وہ گانے کی صورت حال اور کہانی کی ضرورت کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں اور پھر ایسا گانا تیار کرتے ہیں جو لوگوں کی زبان پر چڑھ جائے۔آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہمارا گانا ’جھمکاپٹولا‘ ایک ارب ویوز کا سنگ میل عبور کر چکا ہے۔ کروا چوتھ کے موقع پر اس گانے پر بڑی تعداد میں ریلز بھی بنائی گئیں۔ اسی طرح فلم کے ٹائٹل سانگ اور ’ساجن‘ جیسے گانے بھی اپنی سادگی کی وجہ سے عام لوگوں سے جڑتے ہیں۔

 جب آپ کسی فلم کی کہانی لکھتے ہیں تو کیا  آپ کے اندر کا ہدایتکار، کہانی کار پر حاوی ہو جاتا ہے یا آپ دونوں کو الگ الگ رکھتے ہیں؟

ج: نہیں، ایسا نہیں ہے۔ جب آپ کہانی لکھتے ہیں تو اس وقت کہانی کار آپ کے سامنے ہوتا ہے، لیکن میرے خیال میں یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ ایک اچھا فلم ساز بیک وقت کہانی لکھنے، ہدایت کاری کرنے اور تدوین کے عمل کو بھی سمجھتا ہے۔ہدایت کار کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنا تصور واضح کرے۔ اسے معلوم ہونا چاہیے کہ وہ فلم کے ذریعے ناظرین کو کیا احساس دلانا چاہتا ہے اور کس طرح کا تجربہ پیش کرنا چاہتا ہے۔ اس کے بعد اس تصور کو مختلف طریقوں سے تحریر کیا جا سکتا ہے، اسے مختلف انداز میں فلمایا جا سکتا ہے اور کیمرے کی جگہ بھی اسی ضرورت کے مطابق طے کی جاتی ہے۔میرے نزدیک کہانی لکھنے اور ہدایت کاری کے درمیان کوئی سخت تقسیم نہیں ہے۔ دونوں ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: جی ٹی اے ۶؍ میں ہندوستانی موسیقی کے مزید رنگ، ’آج شنی بار‘ کے علاوہ ۲؍ نغمے

 آج کے سنیما اور اداکاری کے انداز میں آپ کو سب سے بڑی تبدیلی کیا نظر آتی ہے؟ کیا آپ موجودہ فلم سازی کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ حقیقت پسندانہ سمجھتے ہیں؟

ج:  بالکل، آج اداکاری کے انداز میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے۔ جب میں نے فلمیں بنانا شروع کی تھیں تو اس وقت اداکاری کا انداز کچھ زیادہ بلند آہنگ ہوتا تھا۔ مکالموں کی ادائیگی بھی قدرے زور دار ہوتی تھی، لیکن آج کا سنیما زیادہ حقیقت پسندانہ ہو گیا ہے۔اب اداکار اپنے کرداروں کو حقیقی زندگی کے قریب لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر آج بہت سے اداکار مصنوعی وگ استعمال کرنے کے بجائے اپنے اصلی بال اور داڑھی کے ساتھ کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر ہمیں کسی فلم میں پنجابی کردار دکھانا ہو تو ہم کوشش کرتے ہیں کہ ایسا فنکار منتخب کریں جو واقعی اس کردار کے مطابق ہو، تاکہ وہ کردار مصنوعی محسوس نہ ہو۔میرے خیال میں یہ ایک بہت اچھا اور مثبت بدلاؤ ہے۔ آج فلموں میں حقیقت سے قریب تر اداکاری اور کرداروں کی فطری پیش کش کو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔البتہ اگر میں موجودہ فلم سازی کے کسی منفی پہلو کی بات کروں تو آج کل فلموں میں مارکیٹنگ کا اثر کچھ زیادہ بڑھ گیا ہے۔ جب مارکیٹ یہ طے کرنے لگے کہ فلم ساز کو کیا بنانا چاہیے تو یہ کوئی اچھی علامت نہیں ہے۔ تخلیقی صلاحیت ہمیشہ مارکیٹنگ کے دباؤ سے آزاد رہنی چاہیے۔

پریم کو ایک بار پھر پردۂ سیمیں پر لانے میں ۱۱؍ سال لگ گئے۔ کیا آپ نے اپنی اگلی فلم یا کسی نئے پروجیکٹ کے بارے میں بھی سوچنا شروع کر دیا ہے؟

ج:میرے ذہن میں کئی کہانیاں اور خیالات گردش کرتے رہتے ہیں، لیکن فی الحال میری پوری توجہ ’یہ پریم مول لیا‘ پر ہے۔ فلم ریلیز ہونے کے بعد ہی میں کسی اور پروجیکٹ یا نئی کہانی کے بارے میں سوچوں گا۔ ابھی میری توجہ اسی فلم پر مرکوز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK