فلمی موسیقی کی تاریخ میں کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو وقت گزرنےکےباوجودمدھم نہیں پڑتیں، بلکہ اور زیادہ روشن ہو جاتی ہیں۔ وانی جے رام کی آواز انہی آوازوںمیں سے ایک ہے۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 3:37 PM IST | Mumbai
فلمی موسیقی کی تاریخ میں کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو وقت گزرنےکےباوجودمدھم نہیں پڑتیں، بلکہ اور زیادہ روشن ہو جاتی ہیں۔ وانی جے رام کی آواز انہی آوازوںمیں سے ایک ہے۔
فلمی موسیقی کی تاریخ میں کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو وقت گزرنےکےباوجودمدھم نہیں پڑتیں، بلکہ اور زیادہ روشن ہو جاتی ہیں۔ وانی جے رام کی آواز انہی آوازوںمیں سے ایک ہے۔ ان کا اصل نام کلائی وانی تھا۔ وہ۳۰؍نومبر۱۹۴۵ءکوویلور، تمل ناڈو میں ایک موسیقی دوست گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ بچپن ہی سے ان کے کانوں میں سر اور راگ گونجتے رہے، اور یہی ماحول آگے چل کر ان کی فنکارانہ شخصیت کی بنیاد بنا۔وانی جے رام نے اپنی تعلیم کوئن میری کالج، مدراس یونیورسٹی سے حاصل کی۔ فلمی دنیا میں آنے سے پہلے انہوں نے اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں ملازمت بھی کی۔ چنئی اور حیدرآباد میں بینک کی نوکری کے دوران بھی موسیقی ان سے جدا نہ ہو سکی۔ آخرکار دل کی آواز جیت گئی اور انہوں نے اپنی زندگی کو پوری طرح موسیقی کے لیے وقف کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے: سیلینا جیٹلی اداکارہ نہیں، فائٹر پلین کی پائلٹ بننا چاہتی تھیں
ان کے فلمی سفر کا آغاز۱۹۷۱ءمیںہوا، جب معروف موسیقار وسنت دیسائی نے انہیں فلم گڈی کیلئےمنتخب کیا۔ اس فلم کے۲؍ گیتوں، بولے رے پپیہرا اور ہم کو من کی شکتی دینا، نے انہیں راتوں رات مشہورکر دیا۔ان گیتوں میں ان کی آواز کی جو تازگی، کلاسیکی پختگی اور معصومیت تھی، وہ سننے والوں کے دلوں میں اتر گئی۔ اسی کامیابی پر انہیں تان سین سمان سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔
گڈی کی کامیابی کے بعد وانی جے رام کی آوازنےہندی فلموں میں بھی اپنی جگہ بنا لی۔ پاکیزہ کا مورے ساجن سوتن گھر جائے،چھلیا کا زندگی میں آپ آئے، ایک مٹھی آسمان کا پیار کبھی کم نہ کرناصنم اور دھواں کی لکیر کا تیری جھیل سی گہری جیسے گیت آج بھی سننے والوں کو اسی دور میں لے جاتے ہیں۔ ان گیتوں میں ان کی گائیکی میں جذبات کی گہرائی اور سر کی صفائی نمایاں ہے۔
لیکن وانی جے رام کی اصل سلطنت جنوبی ہندوستان تھا۔ انہوںنےتمل، تیلگو، کنڑ، ملیالم، اڑیہ، بنگالی، مراٹھی، بھوجپوری، آسامی، اردو اور ہندی سمیت ۱۹؍ زبانوں میں۱۰؍ہزار سے زیادہ گیت گائے۔ ۵؍دہائیوں پر محیط ان کے کریئر میں انہوں نے ایس ایم سببیا نائیڈو سے لے کر الایا راجا تک ہر دور کے بڑے موسیقاروں کے ساتھ کام کیا۔
یہ بھی پڑھئے: جی ٹی اے ۶؍ میں ہندوستانی موسیقی کے مزید رنگ، ’آج شنی بار‘ کے علاوہ ۲؍ نغمے
وانی جے رام کو محبت سے جدید ہندوستان کی میرا کہا جاتا تھا۔ اس خطاب کے پیچھے ان کی بھجن گائیکی تھی۔ انہوں نے میرا بائی کے بھجنوں کو ایسی عقیدت، درد اور سچائی کے ساتھ گایا کہ سننے والا روحانی کیفیت میں ڈوب جاتا۔ ان کے بھجنوں میں کلاسیکی موسیقی کی پابندی بھی تھی اور دل کی گہرائی بھی۔ اسی لیے انہیں صرف ایک فلمی گلوکارہ نہیں، بلکہ ایک روحانی گلوکارہ کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے۔ان کی فنکارانہ خدمات کو ملک کے بڑے اعزازات سے نوازا گیا۔انہوں نے۳؍بار قومی فلم ایوارڈ برائے بہترین پلے بیک سنگر حاصل کیا،جو اپوروا راگنگل، سنکرابھرنم اور سواتھی کرنم جیسی فلموں کے لیےتھا۔اس کے علاوہ گجرات، تمل ناڈو اور اڑیسہ سمیت کئی ریاستوں سےانہیں بہترین گلوکارہ کے ایوارڈز ملے۔ فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ساؤتھ بھی ان کے نام رہا۔ ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز۲۰۲۳ءمیں پدم بھوشن کی صورت میں ملا، جو ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔۴؍فروری۲۰۲۳ءکو وانی جے رام چنئی میں اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئیں۔ ان کی موت کی خبر نے پورے ہندوستان کی فلمی اور موسیقی کی دنیا کو غمگین کر دیا۔ لیکن وانی جے رام آج بھی اپنے ہزاروں گیتوں میں زندہ ہیں۔