• Sun, 29 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بپی لہری نے بالی ووڈ میں بطور ’ڈسکو کنگ‘ اپنی شناخت بنانے میں کامیابی حاصل کی

Updated: November 29, 2026, 3:50 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ میں بپی لہری ان موسیقاروں میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے فلمی موسیقی میں مغربی موسیقی کو ملا کر’ڈسکو تھیک‘کی ایک نئی صنف تیار کی۔

Bappi Lahiri. Photo: INN
بپی لہری۔ تصویر: آئی این این

بالی ووڈ میں  بپی لہری  ان موسیقاروں میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے فلمی موسیقی  میں مغربی موسیقی کو ملا کر’ڈسکو تھیک‘کی ایک نئی صنف تیار کی۔اپنے   اس نئے تجربے کی وجہ سے بپی لہری کو اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں کافی تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن بعد میں ان کے میوزک کو شائقین نے بے حد سراہا اور وہ فلم انڈسٹری میں ڈسکو کنگ کے نام سے مشہور ہوئے۔ان کو بالی ووڈ کا راک اسٹار بھی کہاجاتا تھا۔

ان کی پیدائش۲۷؍ نومبر۱۹۵۲ء کو کولکاتا  میں ہوئی تھی۔ ان کا حقیقی نام آلوکیش لہری تھا۔ وہ بچپن ہی سے موسیقی کی طرف مائل تھے۔ان کے والد اپریش لہری بنگالی گلوکار تھے، جبکہ والدہ ونسری لہری ایک موسیقار اور گلوکارہ تھیں ۔ والدین نے ان کے  موسیقی کی جانب بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے  انہیں اس راستے پر چلنے کی ترغیب دی۔انہوں نے تین سال کی عمر میں ہی طبلہ بجانا شروع کر دِیا تھا۔  اس دوران انہوں نے اپنے والدین سے  موسیقی کی ابتدائی تعلیم بھی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھئے: جی ٹی اے ۶؍ میں ہندوستانی موسیقی کے مزید رنگ، ’آج شنی بار‘ کے علاوہ ۲؍ نغمے

بپی لہری نے بطور موسیقار اپنے کریئر کا آغاز۱۹۷۲ء میں ریلیز ہونے والی بنگالی فلم ’دادو‘سے کیا تھا لیکن یہ فلم باکس آفس  پر ناکام رہی۔   اپنے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے انہوں نے ممبئی  کا رخ کیا۔۱۹۷۳ء میں ریلیز فلم ’ننھا شکاری‘ بطور موسیقار اُن کے کریئر کی پہلی ہندی فلم تھی لیکن بدقسمتی سے یہ فلم بھی ٹکٹ کھڑکی پر   ناکام ہوگئی۔بپی لہری کی قسمت کا ستارہ ۱۹۷۵ء میں فلم’زخمی‘ سے چمکا۔اس فلم میں سنیل دت، آشا پاریکھ، رینا رائے اور راکیش روشن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جس میں’ آو تمہیں چاند پہ لے جائے‘ اور’جلتا ہے جیا میرا بھیگی بھیگی راتوں میں‘  جیسے نغمے مقبول ہوئے۔ آج بھی  ہولی  کے موقع پر’زخمی دلوں کا بدلہ چکانے‘جیسا نغمہ اپنا ایک خاص مقام رکھتاہے۔

۱۹۷۶ء میں بپی لہری کی میوزک ڈائریکشن میں بنی  ایک اور سپرہٹ فلم ’چلتے چلتے‘ ریلیز ہوئی۔فلم میں کشور کمار کی آواز میں گانا’چلتے چلتے میری یہ گیت یاد رکھنا‘ آج بھی شائقین میں اپنی انمٹ شناخت بنائے ہوئے ہے۔ فلم زخمی اور چلتے چلتے کی کامیابی کے بعد  بپی لہری بطور موسیقار  اپنی شناخت بنانے میں کامیاب  ہوگئے۔

۱۹۸۲ء میں آئی فلم’نمک حلال‘ کا شمار بپی لہری کے کریئر کی اہم فلموں میں کیا جاتا ہے۔پرکاش مہرا کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں سپر اسٹار امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔فلم میں کشور کمار کی آواز میں بپی لہری کا’پگ گھنگرو باندھ میرا ناچی تھی‘ گانا ان دنوں شائقین میں کریز بنا ہوا تھا اور آج بھی جب کبھی سنائی دیتا ہے تو لوگ رقص کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

سال۱۹۸۳ء میں ریلیز فلم ڈسکو ڈانسر بپی لہری کے کریئر میں سنگ میل ثابت ہوئی۔بی سبھاش کی ڈائریکشن میں متھن چکرورتی کی اداکاری والی اس فلم میں بپی لہری کی موسیقی کا ایک نیا انداز دیکھنے کو ملا۔’آئی ایم اے ڈسکو ڈانسر ، جمی جمی جمی آجا آجا  جیسے ڈسکو گانوں نے ناظرین کو جھومنے پر مجبور کردیا ۔بپی لہری اس طرح کی فلموں میں اپنی موسیقی کی کامیابی کے بعد ’ڈسکو کنگ‘ کے طور پر مشہور ہوگئے۔

۱۹۸۴ء میں بپی لہری کے فلمی کریئر کی ایک اور سپر ہٹ فلم ’شرابی‘ منظرعام پر آئی۔  اس فلم میں انہیں ایک بار پھر پروڈیوسر پرکاش مہرا اور سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ بپی لہری نے فلم میں اپنے میوزیکل سپر ہٹ  نغموں’دے دے پیار دے، منزلیں  اپنی جگہ ہے‘  سے سامعین کو مسحور کردیا، اور  انہیں اپنے کریئر میں پہلی بار بہترین میوزک ڈائریکٹر کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازے گئے۔

یہ بھی پڑھئے: کنگ: شاہ رخ اور کرینہ کی ۱۵؍ سال بعد واپسی، ’ڈیڈی کول‘ پر مداح فدا

ان کامیابیوں کے بعد۹۰ء کی دہائی میں بپی لہری کی فلموں کو متوقع کامیابی نہیں ملی۔ حالانکہ وہ ۱۹۹۳ء میں’ آنکھیں اور دلال‘ کے ذریعے فلم انڈسٹری میں واپس آئے لیکن اس کے بعد ان کی فلمیں زیادہ کامیابی حاصل نہیں کر سکیں۔

بپی لہری نے کئی فلموں میں اپنی گلوکاری سے بھی سامعین کو اپنا دیوانہ بنایا ہے، ان کے گائے ہوئے گانوں کی طویل فہرست میں’ بمبئی سے آیا میرا دوست، دیکھا ہے میں نے تجھے پھر سے پلٹ کے، تو مجھے جان سے بھی پیارا ہے، یاد آرہا ہے تیرا  پیار،   سپر ڈانسر آئے ہیں آئے ہیں، جینا بھی کیا ہے جینا، یار بنا چین کہاں رے، تما تما لوگے، پیار کبھی مت کرنا، دل میں ہو تم خوابو میں تم،  او لالا اولالا وغیرہ شامل ہیں۔بپی لہری کا انتقال۱۵؍ فروری۲۰۲۲ء کو ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK