• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اکشے کمار اور کرن جوہر نے دپیکا پڈوکون کے ۸ گھنٹے کی شفٹ کے مطالبے کی حمایت کردی

Updated: November 26, 2026, 5:05 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ میں فلمی فنکاروں کے کام کے اوقات اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس مرتبہ اداکار اکشے کمار اور معروف فلمساز کرن جوہر نے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ۸ ؍گھنٹے کی ورک شفٹ کے مطالبے کی کھل کر حمایت کی ہے۔

Karan And Deepika.Photo;INN
دپیکا اور کرن۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ میں فلمی فنکاروں کے کام کے اوقات اور شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔ اس مرتبہ اداکار اکشے کمار اور معروف فلمساز کرن جوہر نے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ۸ ؍گھنٹے کی ورک شفٹ کے مطالبے کی کھل کر حمایت کی ہے۔ کرن جوہر نے دپیکا کے موقف کو ان کا جائز حق قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آخر ایک خاتون اداکارہ کی جانب سے مقررہ اوقات میں کام کرنے کی خواہش کو اتنا بڑا مسئلہ کیوں بنایا جارہا ہے؟ یہ گفتگو مقبول شو کافی ود کرن سیزن ۹  ؍  کے آئندہ ایپی سوڈ میں سامنے آئے گی، جس میں اکشے کمار اور اداکار روی کشن مہمان کے طور پر شرکت کریں گے۔
شو کے دوران کرن جوہر نے دپیکا پڈوکون کے ۸ ؍گھنٹے کی شفٹ کے مطالبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور فلمساز ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ ان کے مطابق دپیکا ایک محنتی اداکارہ ہیں، جو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کے ساتھ ذاتی زندگی اور خاندانی ذمہ داریاں بھی نبھاتی ہیں۔کرن نے کہا کہ دیپیکا ایک ماں، بیوی اور پیشہ ور فنکارہ ہیں، اس لیے انہیں بھی اپنی ذاتی زندگی کے لیے وقت مانگنے کا پورا حق حاصل ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر مرد سپر اسٹار اپنے کام کے اوقات مقرر کرسکتے ہیں تو خواتین اداکاراؤں کو ایسا کرنے کی اجازت کیوں نہیں ہونی چاہیے؟کرن جوہر کے مطابق دپیکا  نے اپنی محنت اور کامیابی کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے، جہاں وہ اپنے کام کے حوالے سے مناسب حدود طے کرسکتی ہیں۔ انہوں نے فلمی صنعت میں صنفی عدم مساوات کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا کہ خواتین کے ساتھ اس معاملے میں مختلف رویہ اختیار کرنا مناسب نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’ایونجرز: ڈومس ڈے‘‘ کا آخری ٹریلر جاری

اکشے کمار نے بھی کرن جوہر کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے ۸؍گھنٹے کی ورک شفٹ اور وقت کی پابندی کی حمایت کی۔ ان کا ماننا ہے کہ فلموں کی شوٹنگ کے لیے بہتر منصوبہ بندی اور منظم شیڈول اختیار کیا جائے تو کام زیادہ مؤثر انداز میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔اکشے کمار خود بھی بالی ووڈ میں اپنی وقت کی پابندی اور صبح جلد کام شروع کرنے کی عادت کے لیے مشہور ہیں۔ وہ عموماً شوٹنگ کے اوقات کو منظم رکھنے اور مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کے مطابق وقت کی پابندی سے نہ صرف اداکاروں بلکہ فلم کے پورے عملے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
گفتگو کے دوران کرن جوہر نے اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بھی بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ اکشے کے بارے میں انڈسٹری میں صبح جلد اٹھنے اور کام کے مخصوص معمولات سے متعلق کئی باتیں ہوتی رہتی ہیں، لیکن حقیقت میں وہ ایک انتہائی محنتی اور پیشہ ور اداکار ہیں۔کرن کے مطابق اکشے صبح پانچ بجے بھی میٹنگز کرتے ہیں، انہیں اپنی فلموں کے مکالمے اور اسکرپٹ اچھی طرح یاد رہتے ہیں اور وہ ہدایت کاروں کے ساتھ ساتھ پروڈیوسروں کی ضروریات کا بھی خیال رکھتے ہیں۔انہوں نے اکشے کی اس خوبی کی بھی تعریف کی کہ وہ نئے اور پہلی مرتبہ فلم بنانے والے ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیتے ہیں۔ کرن کا کہنا تھا کہ اکشے کی اس خصوصیت کو اتنی پذیرائی نہیں ملتی جتنی ملنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھئے:ویبھَو سوریہ ونشی کی ڈبل سنچری کے طوفان سے ہندوستان اے سیمی فائنل میں

دپیکا  پڈوکون کے ۸ ؍گھنٹے کام کرنے کے مطالبے نے مئی ۲۰۲۵ء میں اس وقت خاصی توجہ حاصل کی تھی، جب اطلاعات سامنے آئیں کہ وہ ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’’اسپرٹ‘‘ سے الگ ہوگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے اوقاتِ کار اور دیگر پیشہ ورانہ شرائط پر اختلافات اس فیصلے کی وجہ بنے تھے۔اس کے بعد پروڈکشن ہاؤس وائیجینتی موویز نے بھی اعلان کیا تھا کہ دپیکا فلم’ ’کلکی ۲۸۹۸ اے ڈی‘‘ کے سیکوئل کا حصہ نہیں ہوں گی۔ پروڈکشن ہاؤس کے مطابق دونوں فریق کسی مشترکہ معاہدے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔ان واقعات کے بعد فلمی صنعت میں یہ بحث شروع ہوگئی کہ کیا بڑے اداکاروں کو اپنی سہولت اور ذاتی زندگی کے مطابق کام کے اوقات طے کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے؟ دیپیکا نے بعد میں اپنے موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مطالبہ غیر مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی تھی کہ کئی مرد سپر اسٹار برسوں سے ۸ ؍گھنٹے کی شفٹ میں کام کررہے ہیں، لیکن ان کے معاملے میں اس پر اس طرح بحث نہیں ہوتی۔
دپیکا  پڈوکون نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہندوستانی فلمی صنعت میں کئی مرد اداکار طویل عرصے سے ۸ ؍گھنٹے کی شفٹ میں کام کررہے ہیں اور ان کے کام کے اوقات کبھی اس طرح خبروں کی سرخی نہیں بنتے۔ان کے مطابق فلمی صنعت میں کام کرنے کے حالات کو وہی لوگ بہتر سمجھ سکتے ہیں جو اس نظام کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ایک بڑی اداکارہ کو کام کے اوقات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے تو فلم کے دیگر عملے، خصوصاً تکنیکی اور معاون اسٹاف کے حالات کا اندازہ لگانا بھی ضروری ہے۔دیپیکا کے اس موقف کو بالی ووڈ کی متعدد اداکاراؤں نے بھی حمایت دی تھی۔ اس معاملے نے فلمی صنعت میں خواتین کے پیشہ ورانہ حقوق، کام اور ذاتی زندگی کے درمیان توازن اور شوٹنگ کے دوران عملے کی فلاح و بہبود جیسے اہم موضوعات کو نمایاں کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK