Updated: November 26, 2026, 8:04 PM IST
| New Delhi
کانگریس کا کہنا ہے کہ میٹا کا مواد ہٹانے والا خودکار نظام ریاستی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی سیاسی پوسٹس اور تصاویر کو بلاک کر رہا ہے۔ پارٹی نے عدالت سے خودکار طریقے سے مواد ہٹانے کے حکم نامے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ وہ یہ بھی چاہتی ہے کہ میٹا ان پوسٹس کو بحال کرے اور مواد کو بلاک کرنے کے اپنے معیار کو ظاہر کرے۔
کانگریس نے راہل گاندھی کی تصویر والے پوسٹس ہٹانے پر میٹا (Meta) اور مرکزی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میٹا کا مواد ہٹانے والا خودکار نظام ریاستی انتخابات سے قبل اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی سیاسی پوسٹس اور تصاویر کو بلاک کر رہا ہے۔ پارٹی نے یہ درخواست ۲۵ نومبر کو دہلی ہائی کورٹ میں دائر کی۔ کانگریس کے یوتھ ونگ کے سوشل میڈیا سربراہ منو جین نے بیان دیا کہ یہ قوانین ”قانونی سیاسی اظہار رائے کو دبانے کا آلہ“ بن گئے ہیں۔ کانگریس نے عدالت سے خودکار طریقے سے مواد ہٹانے کے حکم نامے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔ وہ یہ بھی چاہتی ہے کہ میٹا ان پوسٹس کو بحال کرے اور مواد کو بلاک کرنے کے اپنے معیار کو ظاہر کرے۔ اس مقدمے پر آنے والے دنوں میں اس پر سماعت متوقع ہے۔ میٹا نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ اس مقدمے میں شریک فریق بنائی گئیں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور داخلہ کی وزارتوں نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں۱۷؍ غیر ملکی یونیورسٹیوں کو کیمپس قائم کرنے کی منظوری: مرکز
کانگریس کے الزامات
ہندوستان نے فروری میں اپنے آئی ٹی قوانین میں ترمیم کی تھی۔ اب بڑے پلیٹ فارمز کیلئے لازمی ہے کہ وہ ”خودکار ٹولز سمیت“ تکنیکی اقدامات کا استعمال کریں تاکہ عدالتی حکم یا تحریری سرکاری نوٹس کے تحت پہلے ہی ہٹائے گئے مواد سے ”بالکل ملتی جلتی“ کسی بھی پوسٹ کو تلاش کر کے بلاک کر سکیں۔ اس سے قبل، پلیٹ فارمز سے صرف یہ کہا جاتا تھا کہ وہ ایسا کرنے کی ”کوشش“ کریں۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ میٹا کا نظام محض ہو بہو نقل (exact copies) سے کہیں زیادہ مواد کو پکڑ رہا ہے۔ اس کا دعویٰ ہے کہ سالگرہ کی مبارکباد، خراج عقیدت اور یہاں تک کہ شادی کے دعوت نامے کو بھی بلاک کر دیا گیا کیونکہ ان میں گاندھی کی تصویر یا نام شامل تھا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی حکم یا وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔ ایک مثال میں، ۸ نومبر کو پوسٹ کی گئی سالگرہ کی ایک مبارکباد، جس میں ایک ساتھی کو گاندھی کے ساتھ دکھایا گیا تھا، اسی دن بلاک کر دی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ نظام منصفانہ انتخابات کیلئے برابری کے مواقع کو مسخ کرتا ہے کیونکہ پارٹی کارکنان اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے ریاستی انتخابات سے قبل ووٹروں تک پہنچنے کیلئے میٹا کے پلیٹ فارمز پر انحصار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: حجاب سے متعلق الہ آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ نظیر نہیں قرار پائے گا
میٹا کا مؤقف
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان میں قانون کے مطابق مواد کی نگرانی کرتا ہے۔ اس کی شفافیت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ ”بڑے پیمانے پر مواد کی ۱۰۰ فیصد ہو بہو نقلوں“ پر پابندی لگاتا ہے۔ اس نے ۲۰۲۶ء کی پہلی ششماہی میں ۵۴ لاکھ (۵ء۴ ملین) سے زائد پوسٹس پر پابندی لگائی، جبکہ پورے ۲۰۲۵ء میں یہ تعداد تقریباً ۷۰،۰۰۰ تھی۔ میٹا کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اس نظام کی جانچ اور اس میں بہتری لا رہا ہے۔
کانگریس نے میٹا کو نشانہ بناتے ہوئے ایسے ہورڈنگز لگائے ہیں جن میں مارک زکربرگ کو آر ایس ایس کی وردی میں دکھایا گیا ہے۔ اس کے یوتھ ونگ نے میٹا کے دفاتر کے قریب احتجاج کیا اور پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ بی جے پی نے مظاہرین پر توڑ پھوڑ کا الزام لگایا۔ ایک بند کمرہ اجلاس میں، کانگریس نے میٹا سے کہا کہ وہ ابتدائی سطح پر مواد ہٹانے کے احکامات کی مزاحمت کرے، جیسا ایکس نے کیا ہے۔ میٹا نے کہا کہ وہ غیر جانبدار ہے اور مقامی قوانین کا پابند ہے۔