Updated: November 26, 2026, 8:06 PM IST
| Kolkata
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ نتن گڈکری نے مغربی بنگال میں سڑکوں اور شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ریاست کا قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک امریکہ کے معیار کے مطابق ہوگا۔
نتن گڈکری۔ تصویر:آئی این این
مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ نتن گڈکری نے مغربی بنگال میں سڑکوں اور شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک لاکھ کروڑ روپے کے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں ریاست کا قومی شاہراہوں کا نیٹ ورک امریکہ کے معیار کے مطابق ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت کولکاتا کے اطراف تقریباً ۲۵۰ ؍کلومیٹر طویل رنگ روڈ، آٹھ لین والی شاہراہ، کئی گرین فیلڈ ایکسپریس ویز اور تیز رفتار سفری راہداریوں کی تعمیر و ترقی شامل ہے۔ گڈکری کے مطابق ان منصوبوں سے نہ صرف ریاست میں آمدورفت آسان ہوگی بلکہ صنعتی ترقی، تجارت، روزگار اور علاقائی رابطوں کو بھی فروغ ملے گا۔ خاص طور پر کولکاتا میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔نتن گڈکری نے مشرقی مدنی پور ضلع کے کولگھاٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران ۸۷۰۰؍کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے یا شروع کیے جانے والے قومی شاہراہوں کے ۲۲؍منصوبوں کا افتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری بھی موجود تھے۔گڈکری نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے مالی وسائل کی کمی نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رابطوں کو بہتر بنانے، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے مرکز کی جانب سے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے اور ریاستی حکومت جتنے وسائل کی درخواست کرے گی، مرکز فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں پہلے ہی تقریباً ۲۴۰۰ ؍کلومیٹر طویل شاہراہوں کے منصوبے ۴۰ ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیے جاچکے ہیں، جبکہ تقریباً ۴۵۰ ؍کلومیٹر کے مزید منصوبوں پر ۳۵ ؍ہزار کروڑ روپے خرچ کرکے کام جاری ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً دو لاکھ کروڑ روپے کے منصوبے بھی وسیع تر ترقیاتی منصوبہ بندی میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان کے وکلاء نے انفلوئنسر کو قانونی نوٹس بھیجنے کی تردید کردی
اس پیکیج کا ایک اہم حصہ کولکاتا کے لیے تقریباً ۲۵۰ ؍ کلومیٹر طویل رنگ روڈ کی تعمیر ہے، جس پر اندازاً ۱۴ ؍ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ یہ رنگ روڈ کولکاتا کو ہاوڑہ، شمالی ۲۴ ؍پرگنہ اور جنوبی ۲۴ ؍پرگنہ کے علاقوں سے جوڑے گی۔اس منصوبے میں کونا ایکسپریس وے، بیلگھریا ایکسپریس وے اور کلیانی ایکسپریس وے کو مربوط کرنے کی تجویز ہے۔ اس سے شہر کے اندر داخل ہونے اور باہر نکلنے والی گاڑیوں کو متبادل راستے مل سکیں گے اور مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔گڈکری نے کولکاتا میں ٹریفک کی بھیڑ اور شہری آمدورفت کے مسائل حل کرنے کے لیے رنگ روڈ کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے ناگپور اور پونے کی طرز پر جدید ملٹی ٹائر فلائی اوور اور میٹرو راہداریوں کے منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ تیار کرنے کی بھی اپیل کی۔ ان منصوبوں کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کے سفر کو زیادہ آسان بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم
مغربی بنگال میں ایک اور اہم منصوبہ ڈنکونی سے کولگھاٹ تک آٹھ لین والی شاہراہ کی تعمیر ہے۔ تقریباً ۵۸؍کلومیٹر طویل اس شاہراہ پر ۲۰ ؍ہزار کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔اس شاہراہ سے کھڑگ پور، بالاسور، بھونیشور اور ہلدیہ بندرگاہ کی جانب جانے والی گاڑیوں کو تیز اور بہتر راستہ ملے گا۔ اس سے مال برداری میں آسانی پیدا ہونے کے ساتھ صنعتی علاقوں اور بندرگاہوں کے درمیان رابطہ بھی مضبوط ہوگا۔خصوصی طور پر ہلدیہ بندرگاہ سے سامان کی نقل و حمل کرنے والی گاڑیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، جس سے تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے کو تقویت مل سکتی ہے۔
اس پیکیج میں وارانسی سے کولکاتا کے درمیان ۸۲۰؍ کلومیٹر طویل گرین فیلڈ ایکسپریس وے بھی شامل ہے۔ تقریباً ۷۵ ؍ہزار کروڑ روپے کے اس منصوبے کو چھ لین کا، محدود رسائی والا ایکسپریس وے بنانے کی تجویز ہے۔اس کا تفصیلی منصوبہ جاتی خاکہ مرکزی کابینہ کو بھیجا جاچکا ہے۔ اس ایکسپریس وے کا تقریباً ۲۳۵ ؍ کلومیٹر حصہ مغربی بنگال سے گزرے گا، جس پر اندازاً ۳۰ ؍ہزار کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ یہ راستہ پرولیا، بانکوڑا، مغربی مدنی پور، ہوگلی اور ہاوڑہ جیسے علاقوں کو جوڑے گا۔اس منصوبے کی تکمیل کے بعد وارانسی سے کولکاتا تک سڑک کے ذریعے سفر کا وقت موجودہ تقریباً ۱۲؍گھنٹوں سے کم ہوکر پانچ گھنٹے رہ جانے کی توقع ہے۔ اس سے مسافروں کے ساتھ ساتھ کاروباری اور مال برداری کی سرگرمیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی وی ایس میں وراثت کی جنگ: لکشمی وینو نے اپنے ہی والد کو عدالت میں کیوں گھسیٹا؟
گورکھپور سے سلی گوڑی کے درمیان تقریباً ۵۷۰ ؍کلومیٹر طویل چھ لین گرین فیلڈ ایکسپریس وے بھی منصوبے کا حصہ ہے۔ اس پر تقریباً ۳۸ ؍ہزار کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔ یہ راہداری بہار اور جھارکھنڈ سے گزرتے ہوئے سلی گوڑی اور باگڈوگرا ہوائی اڈے کے درمیان رابطہ بہتر بنائے گی۔منصوبے کی تکمیل کے بعد گورکھپور سے سلی گوڑی تک سفر کا وقت تقریباً ۱۴ گھنٹے سے کم ہوکر چھ گھنٹے رہ جانے کی توقع ہے۔ اس سے شمالی بنگال اور دیگر مشرقی و شمالی علاقوں کے درمیان رابطے مضبوط ہوں گے۔شمال مشرقی ہندوستان سے رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے سلی گوڑی سے گوہاٹی کے درمیان تقریباً ۴۰۰ ؍کلومیٹر طویل چار لین ہائی اسپیڈ کوریڈور کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً ۲۶؍ ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔اس راہداری کے ذریعے سفر کا وقت موجودہ تقریباً ۱۰ گھنٹوں سے کم ہوکر چار گھنٹے رہ جانے کا اندازہ ہے۔ اس سے مغربی بنگال اور شمال مشرقی ریاستوں کے درمیان سڑک رابطہ تیز ہوگا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکتا ہے۔