Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’میں اداکاری کو اہمیت دیتا ہوں، کہانی اور کردار کو نہیں‘‘

Updated: July 20, 2025, 3:55 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اور فلم اداکار اکشے نلاؤڑے کا کہنا ہےکہ میں نے ٹی وی انڈسٹری میں بہت کام کرلیا اور اب فلموں میں نظرآنا چاہتا ہوں، اس کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔

Akshay Nalawade. Photo: INN.
اکشے نلاؤڑے۔ تصویر: آئی این این۔

سانگلی میں پیدا ہونےوالے اور پونے میں پرورش پانے والے اداکاراکشے نلاؤڑے ٹی وی انڈسٹری کا معروف نام ہیں۔ انہوں نے فرحان اختر کی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ ‘ میں چھوٹے سے رول کے ساتھ اپنے کریئر کی شروعات کی تھی، اس کے بعد انہوں نے کبھی پلٹ کر نہیں دیکھا۔ انہوں نے اپنے کریئر میں تاریخی پس منظر پر بننے والے شوز میں زیادہ کام کیاہے کیونکہ ان کا جسم اور ڈیل ڈول ایتھلیٹ جیسی ہے۔ اکشے نے ہندی کے ساتھ ساتھ مراٹھی کے شوز میں بھی کام کیاہے اور مہیش کوٹھارے پروڈکشن کے اہم شوز کا وہ حصہ رہے ہیں۔ اکشے ایک غیر فلمی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں لیکن انہوں نے اپنے ہنر اور اداکاری کے دم پر انڈسٹری میں اپنی الگ پہچان بنا لی ہے۔ انقلاب نےفلم اور ٹی وی اداکار اکشے نلاوڑے سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے:
اداکاری کی شروعات کس طرح ہوئی ؟
ج:زی ٹی وی پر اگلے سنے اسٹار کی تلاش نامی ایک ریئلیٹی شوآتا تھا۔ میں نے یہ جاننے کیلئے کہ مجھے اداکاری آتی ہے یا نہیں، اس کیلئے آڈیشن دیا، آڈیشن میں کامیاب ہونے کے بعد میں اس شو کا پہلا رنراپ رہا تھا۔ اس شو کی جج سونالی بیندرے اور انوراگ باسو تھے۔ اس شومیں کام کرنےکے بعد مجھے یہ بات سمجھ آگئی کہ میں اداکاری کر سکتاہوں۔ یہاں سے میں نے کریئر کی شروعات کی۔ پھر میں نے فرحان اخترکی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ میں ان کے کلیگ کا رول نبھایا۔ اس کے ساتھ ہی میں نے انوراگ باسو کی فلم ’جگا جاسوس ‘ میں بھی ایک چھوٹا سا کردار ادا کیاتھا۔ یہ کرنے کے بعد مجھے ٹی وی شوز میں موقع ملنا شروع ہو گیا۔ میں نے مہارانا پرتاپ، پرشورام اور دیگر شوز میں کام کیاہے۔ اس وقت میں رامائن اور شیو شکتی تانڈو نامی شوز میں مصروف ہوں ۔ 
کریئر میں پہلا بڑا بریک آپ کو کس طرح ملا ؟
ج:فلم بھاگ ملکھا بھاگ میرے کریئر کا پہلا بڑا بریک تھا۔ میں نے فرحان اختراور ان کے کام کو بہت فالو کیاہے۔ میں ایک ڈانسر بھی ہوں اور میں اسی سوچ کے ساتھ اس فلم میں آڈیشن دینے کیلئے گیا تھالیکن میرا ڈیل ڈول ایتھلیٹ جیسا ہے اسلئے انہوں نے مجھے اس رول کیلئے فٹ قرار دیا۔ دراصل میں نے اس فلم میں ایتھلیٹ کا رول نبھایا تھا۔ میں خوش قسمت تھا کہ مجھے فرحان اختر کے ساتھ اسکرین شیئر کرنےکا موقع ملا۔ میں اسلئے بھی خوش تھا کہ مجھے بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار راکیش اوم پرکاش مہرا کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا اور ان سے کچھ تجربہ ملا۔ 
کیا آپ اپنی شہرت سے مطمئن ہیں، کیا کسی لیڈ کی تلاش ہے؟ 
ج:میرے مداح مجھے پہچانتے ہیں کیونکہ میں نے شارٹ فلم اور ٹی وی شوز میں بہت کام کیاہے۔ اسلئے میری اچھی خاصی شناخت قائم ہوگئی ہے۔ میں نے ایم ٹی وی کی ویب سیریز نشیدھ میں کام کیا تھا اور اس میں بھی مرکزی کردار میں تھا۔ اس کے بعد ریئلیٹی شو میں کام کیا۔ اس کی وجہ انڈسٹری اور عوام میں میری اچھی شناخت قائم ہوگئی تھی لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہر شو کے بعد اداکار کو اپنی پوزیشن کو بہتر کرنے اور شناخت کو مزید مضبوط کرنے کیلئے اچھے رول اور مرکزی کردار کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
آپ نے جتنے بھی شوز میں کام کیا وہ تاریخی پس منظر پر بنے ہیں، ان میں کام کرنے کی کوئی خاص وجہ ہے؟
ج:میں اداکاری کو اہمیت دیتا ہوں، میرے نزدیک کہانی اورکردار کی زیادہ اہمیت نہیں ہے۔ میں کسی بھی پروجیکٹ کو نہ نہیں کہتا بلکہ سبھی میں کام کرنے کی خواہش ظاہر کرتا ہوں۔ دراصل شوز میں کاسٹنگ اداکارکے قد اور باڈی کے مطابق کی جاتی ہے اور میں ان سبھی رول کیلئے فٹ رہتاہوں، اس لئے میرا انتخاب ہوتاہے۔ میں کاسٹ کو اہمیت کو دیتاہوں کاسٹ کی ٹائپ کو نہیں ۔ 
کوئی خاص رول جو کریئر میں نبھانے کے متمنی ہیں ؟
ج:میں کام کرنے میں یقین رکھتا ہوں اسلئے رول کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔ میری دلی خواہش ہے کہ میں ایک بار شاہ رخ خان کے ساتھ کسی فلم میں کام کروں۔ میں ان کا بہت بڑا مداح ہوں، میں نے ان کے ساتھ بہت سے شوز کئے ہیں۔ میں نے بحیثیت ڈانسر ان کے ساتھ بہت کام کیاہے اور ان سے ملاقات بھی رہی ہے لیکن میں ان کے ساتھ بڑے پردے پر نظرآنا چاہتاہوں۔ اگر زندگی میں یہ موقع ملے گا تو میرا ایک خواب پورا ہوگا۔ 
غیرفلمی پس منظر سے تعلق رکھنے کے باوجود آپ نے انڈسٹری میں اپنی شناخت قائم کی، یہ کیسے ممکن ہوا؟
ج:فلم انڈسٹری میں شناخت قائم کرنے یا کام حاصل کرنے کیلئے بہت مسائل آئے تھےمثلاً کاسٹنگ کاؤچ، حالات سے سمجھوتہ اور ہمارا یہ کام کرو گے تو انڈسٹری میں کام مل جائے گا۔ لیکن میں نے ان سبھی چیزوں کے سامنے سرخم تسلیم نہ کرتے ہوئے اپنی محنت سے انڈسٹری میں شناخت قائم کی ہے۔ ہم اپنے ہنر، فن اور صلاحیت کے ذریعہ انڈسٹری میں شناخت قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن جو افراد عہدے پر فائز ہوتے ہیں اور وہ اس طرح کا مطالبہ کرتے ہیں تو اس سے بہت مایوسی ہوتی ہے۔ 
کیاآپ نے ہندی کے ساتھ مراٹھی شوز بھی کئے ہیں ؟
ج:میں پونیری مراٹھی ہوں، اسلئے مراٹھی میں کام کرنا مجھے اچھا لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے کئی مراٹھی شوز میں ا پنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ میں نے کوٹھارے پروڈکشن کے تحت بننے والے شوز میں کام کیا ہے۔ حال ہی میں میں نے اسی پروڈکشن ہاؤس کے ایک شو کو ختم کیاہے۔ میں مراٹھی انڈسٹری کے لیجنڈری اداکاروں لکشمی کانت بیرڈے، اشوک سراف، سچن پلگاؤنکر اورمہیش کوٹھارے کو دیکھتے ہوئے اپنی اداکاری کو بہتر کیا ہے۔ 
آپ جس ڈیل ڈول کے مالک ہیں، اگر آپ چاہتے تو کھیلوں میں بھی اچھا کریئر بناسکتے تھے؟
ج:میں نے کریئر کیلئے کبھی بھی پلان بی نہیں بنایا کیونکہ پھر میں کسی میں بھی کامیاب نہیں ہوپاتا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا کہ میں ایتھلیٹ بنوں گا۔ میں نے ہمیشہ شو بزانڈسٹری ہی میں کام کرنے کے بارے میں سوچا اور اس کے مطابق ہی آگے بڑھتا گیا۔ میں نے اس انڈسٹری سے وابستہ ہر چیز میں خود کو بہتر کیا۔ مثلاً میں نے ڈانس میں گریجویشن کیا۔ میں نے مارشل آرٹ سیکھا، میں کورین تائیکونڈومیں بلیک بیلٹ ہوں۔ میں نے این ایس ڈی سے ۹؍ماہ کا ورکشاپ کیا۔ اس کے بعد میں نے کتھک بھی سیکھا۔ میں نے اسٹنٹ کی ٹریننگ حاصل کی۔ دُبئی میں میں ایک میوزیکل شو کرتا تھا جس میں مجھے اسٹنٹ کرنے کا موقع بھی ملتا تھا۔ چونکہ مجھے یہیں رہنا ہے، اسلئے میں نے انڈسٹری سے وابستہ سبھی چیزوں میں خود کو ماہر بنا یا ہے۔ 
آپ کی مستقبل کی منصوبہ بندی کیاہے؟
ج:میں نے کریئر میں ٹی وی شوز بہت کرلئے ہیں، اسلئے اب میں فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں۔ اس کیلئے میں نے پہلا قدم بڑھا دیا ہے اور جلد ہی میری ایک فلم منظر عام پرآئے گی، لیکن میں اس کے بارے میں ابھی کچھ زیادہ بتا نہیں سکتا کیونکہ یہ ایک کمرشیل فلم ہے۔ جیسا کہ میں نے پہلے ہی کہا ہے کہ میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلموں میں کام کرناچاہتاہوں اور امید ہے کہ میں جلد ہی اس جانب بھی آگے بڑھوں گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK